پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 OCT 2026 8:48PM by PIB Delhi
نئی دہلی؛ 31 اکتوبر، 2026: لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر سمویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں ان تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کیے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مرکزی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ؛ مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و فرٹیلائزرز جناب جے پی نڈا؛ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور اور اقلیتی امور جناب کرن ریجیجو؛ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد جناب ملکارجن کھڑگے؛ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش؛ اراکینِ پارلیمنٹ بشمول جناب نتن نبین اور محترمہ سونیا گاندھی؛ سابق اراکین اور دیگر معززین نے بھی اس موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی تصویر پر پھول چڑھائے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لوک سبھا کے سکریٹری جنرل جناب اتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل جناب پی سی مودی نے، لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ، معززین کے ساتھ مل کر سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مختلف کالجوں اور اسکولوں کے نوجوان طلبہ اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، شری برلا نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی اور اصولوں سے تحریک حاصل کریں، اور اپنی صلاحیتوں، جدت طرازی اور اجتماعی کوششوں کو بھارت کے قومی اتحاد اور سالمیت کو مضبوط بنانے اور ایک ترقی یافتہ ملک کی تعمیر کے لیے وقف کریں۔
جناب برلا نے کہا کہ جدید بھارت کے قومی اتحاد کے معمار سردار پٹیل کی زندگی پختہ عزم، غیر معمولی تنظیمی مہارت، دور اندیشی اور فیصلہ کن قیادت کی ایک عمدہ مثال ہے۔ قومی یکجہتی میں سردار پٹیل کے شاندار تعاون کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد متعدد چیلنجوں اور ناموافق حالات کے باوجود، ملک کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی نے انہیں تقریباً 560 شاہی ریاستوں کو انڈین یونین میں ضم کرنے کے قابل بنایا۔ بھارت کا جو اتحاد اور سالمیت آج ہم دیکھ رہے ہیں، وہ ان کی قیادت اور بصیرت کی بے پناہ مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے بات چیت میں شامل ہونے، ضرورت پڑنے پر پختہ فیصلے لینے اور ایک مشترکہ قومی مقصد کے حصول کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی سردار پٹیل کی صلاحیت پر بھی روشنی ڈالی۔
سینٹرل ہال میں جمع طلبہ کا ذکر کرتے ہوئے، جناب برلا نے ان کی سنجیدہ فکر، خود اعتمادی، فیصلہ سازی کی صلاحیتوں اور جدت طرازی کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کی جانب سے مختلف آراء اور نقطہ ہائے نظر کا اظہار بھارت کی جمہوریت کی اندرونی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ اگرچہ ثقافتیں، زبانیں، سیاسی نظام اور نقطہ ہائے نظر مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن قومی اتحاد اور ملک کے وسیع تر مفادات کے لیے وابستگی کا مشترکہ اور سب سے مقدم ہونا ضروری ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے واضح کیا کہ سمودھان سدن بھارت کے قومی سفر میں ایک خاص مقام رکھتا ہے، جو آزادی کی جدوجہد اور آئین کی تیاری کا گواہ رہا ہے۔ یہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی اور ایک نئے بھارت کی تعمیر سے متعلق غور و خوض اور فیصلوں کا مرکز بھی رہا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نوجوان، اس تاریخی ادارے سے حاصل کردہ نظریات، نقطہ ہائے نظر اور تحریک کو آگے بڑھاتے ہوئے، ایک ترقی یافتہ بھارت کے وژن میں معنی خیز تعاون کریں گے۔
قوم کی تعمیر میں نوجوان نسل کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے، جناب برلا نے کہا کہ جہاں عظیم شخصیات نے اپنی قربانیوں اور تعاون سے آزادی حاصل کی اور ایک نئے بھارت کی بنیاد رکھی، وہیں اب ملک کو آگے لے جانے کی ذمہ داری نوجوانوں پر ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی طاقت، وافر علم، وسائل، خود اعتمادی اور جدت طرازی کی صلاحیتوں کے ساتھ، بھارت کی نوجوان نسل کے پاس مختلف شعبوں میں معنی خیز تعاون کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں، روحانیت، سائنسی مزاج اور تکنیکی صلاحیتوں کو ملک کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ ہر شعبے میں کام کرنے والے نوجوانوں کے لیے قومی مفاد اولین ترجیح ہونا چاہیے، اور ملک کی قیادت اور نوجوانوں کی اجتماعی کوششیں دنیا کی قیادت کرنے والے بھارت کے وژن کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہ نوجوان شرکاء کی جانب سے ساجھا کیے گئے خیالات ملک بھر کے نوجوانوں میں ایک نئی توانائی، سمت، اعتماد اور عزم پیدا کریں گے، شری برلا نے کہا کہ بھارت کی نوجوان نسل کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کے وژن، محنت، پختہ عزم اور خود اعتمادی کو اپنے اندر جذب کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ خوبیاں بھارت کو ایک انقلابی عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے اور دنیا کو درپیش چیلنجوں کے حل فراہم کرنے کے قابل بنائیں گی۔
اس سے قبل آج، جناب برلا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں کہا تھا، "بھارت کے مرد آہن اور بھارت رتن سے سرفراز، سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کے یومِ پیدائش پر، میں اس عظیم بصیرت افروز شخصیت کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جن کے غیر متزلزل عزم اور غیر معمولی قیادت نے ہمارے ملک کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کو ایک نئی سمت دی۔"
آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے سے لے کر آزاد بھارت کی تقدیر کو سنوارنے تک، ملک کے لیے سردار پٹیل جی کا تعاون بے مثال اور ناقابلِ فراموش ہے۔ آزاد بھارت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے، انہوں نے 562 سے زیادہ شاہی ریاستوں کے انضمام میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے، اس نو آزاد ملک کو درپیش سب سے بڑے اور مشکل چنوتیوں میں سے ایک کو کامیابی کے ساتھ حل کیا۔ ان کی غیر معمولی قیادت اور سیاسی دور اندیشی نے ایک متحدہ اور طاقتور بھارت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
سردار پٹیل جی کا وژن صرف آزادی کے حصول تک محدود نہیں تھا؛ وہ ایک ایسے مضبوط، خود انحصار اور متحد ملک کی تعمیر کے خواہاں تھے جہاں تنوع ہماری طاقت ہو اور قومی اتحاد ہماری منفرد شناخت بن کر ابھرے۔ ان کے یومِ پیدائش کو نیشنل یونٹی ڈے کے طور پر منانا ہمیں اپنے ملک کے اتحاد، سالمیت اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔ آئیے ہم ان کے اصولوں سے تحریک حاصل کریں اور ایک مضبوط، ہم آہنگ اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں پورے دل سے اپنا تعاون پیش کرنے کا عزم کریں۔
******
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7028