صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

 صدر جمہوریہ نے ناسک میں سنگھستھ مہاکمبھ کے دھوج استمبھ پوجن، دھوج پوجن اور پرچم کشائی تقریب میں شرکت کی


کمبھ میلوں میں بے شمار عقیدت مندوں کا اجتماع ہندوستان کے ثقافتی اور روحانی اتحاد اور روایات کے تسلسل کا جیتا جاگتا ثبوت رہا ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 OCT 2026 8:41PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (31 اکتوبر 2026) مہاراشٹر کے ناسک میں سنگھستھ مہاکمبھ کے دھوج استمبھ پوجن، دھوجا پوجن اور پرچم کشائی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر منعقدہ عوامی پروگرام سے بھی خطاب کیا۔


 

صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناسک-تریمبکیشور سنگھستھ مہاکمبھ کی روایت جتنی قدیم ہے، اتنی ہی مالامال بھی ہے۔ ہریدوار میں گنگا کے کنارے، پریاگ راج میں تریوینی سنگم، اجین میں شپرا ندی کے کنارے اور ناسک میں گوداوری ندی کے کنارے منعقد ہونے والے کمبھ کے اجتماعات پوری دنیا میں معروف ہیں۔ صدیوں سے ان اجتماعات کا مسلسل انعقاد ہماری قومی، تاریخی، ثقافتی، سماجی اور روحانی روایات کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔

 

 

صدر جمہوریہ نے کہا کہ صدیوں سے ان کمبھ میلوں میں بے شمار عقیدت مندوں کا اجتماع ہندوستان کے ثقافتی اور روحانی اتحاد اور روایات کے تسلسل کا جیتا جاگتا ثبوت رہا ہے۔ یہ اجتماعات عقیدے اور سماجی ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ناسک-تریمبکیشور سنگھستھ مہاکمبھ 2027 ہمارے قدیم ورثے کو جدید دور سے جوڑنے والے پل کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ تقریب ہماری نوجوان نسل کو ہندوستان کے شاندار ورثے اور اس کی بنیادی اقدارِ حیات سے جوڑنے کا بہترین موقع ثابت ہو۔

 

صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں لوگ شدید موسمی حالات کے باعث متعدد بحرانوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمارے اپنے ملک میں بھی، بشمول مہاراشٹر جیسے علاقوں کے، بہت سے لوگ، بالخصوص ہمارے کسان، خشک سالی سے متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ان چیلنجوں سے نمٹنے کے دوران شہریوں، خاص طور پر کسانوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

صفائی ستھرائی اور ماحولیات کے بارے میں بیداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ناسک میں ’مہاکمبھ‘ کے دوران تقریب کے انتظامات اور عوام کی فعال شرکت کے امتزاج سے صفائی ستھرائی اور کچرے کے انتظام کے حوالے سے ایک مثالی معیار قائم ہوگا۔

 

Please click here to see the President's Speech-

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :7027  )


(ریلیز آئی ڈی: 2331031) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi