پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 6:35PM by PIB Delhi

آن لائن ’نشہ مکت یوا، وکست بھارت کوئز‘ میں اب تک 7,597 سے زائد شہری شرکت کرچکے ہیں اور شرکا کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، جو اس پہل میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور شرکت کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ کوئز حکومت ہند کی سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت نے 26 اکتوبر 2026 کو شروع کیا تھا۔

وزارت نشہ مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے) کے تحت ’نشہ مکت یوا، وکست بھارت کوئز‘ کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا مقصد نشہ آور اشیا کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور بالخصوص نوجوانوں کو نشہ سے پاک ہندوستان کی تعمیر کی اجتماعی کوششوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔

یہ کوئز 26 اکتوبر سے 25 نومبر 2026 تک منعقد کیا جا رہا ہے اور اس میں تمام شہری حصہ لے سکتے ہیں۔ شرکا ایم وائی بھارت پورٹل کے ذریعے کوئز میں شرکت کرسکتے ہیں۔

ایم وائی بھارت کوئز: شرکت کا لنک
Participation Link:
https://mybharat.gov.in/quizzes/yuva/detail/Url9dlIwCinQVSf8lwPB9w/
15 اگست 2020 کو شروع کیے گئے نشہ مکت بھارت ابھیان کا مقصد احتیاطی تعلیم، بیداری پیدا کرنے، علاج، بازآبادکاری اور کمیونٹی کی شرکت کے ذریعے منشیات کی طلب میں کمی کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ مہم 272 حساس اضلاع میں شروع کی گئی تھی، تاہم بعد میں اس کا دائرہ کار بڑھا کر ملک کے تمام اضلاع تک کردیا گیا۔

نشہ مکتی متر رجسٹریشن کیو آر کوڈ
نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت اب تک 35.09 کروڑ سے زائد لوگوں تک رسائی حاصل کی جاچکی ہے، جن میں 13.99 کروڑ نوجوان اور 10.91 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار ملک بھر میں مہم کے وسیع پیمانے پر جاری بیداری اور عوامی رابطہ اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں۔
مہم کے تحت تعلیمی اداروں میں 32.43 لاکھ سے زائد سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جبکہ 39.91 لاکھ افراد کا علاج اور بازآبادکاری کی جاچکی ہے۔ ملک بھر میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے تعاون سے 755 سے زائد نشہ چھڑانے کے مراکز کام کر رہے ہیں۔
اب تک 45.07 لاکھ سے زائد ’نشہ مکت‘ عہد لیے جاچکے ہیں، جبکہ 2 لاکھ سے زیادہ ’نشہ مکتی متروں‘ نے رجسٹریشن کرایا ہے۔

ابھیان کے ساتویں سال میں داخل ہونے کے موقع پر یہ کوئز لوگوں کو نشہ آور اشیا کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں بہتر سمجھ پیدا کرنے، باخبر فیصلے کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے اور نوجوانوں کو بیداری و روک تھام کے لیے فعال سفیر بننے کی ترغیب دینے کی کوشش ہے۔
یہ پہل ’نشہ مکت بھارت‘ اور ’وکست بھارت‘ کے وژن کو مزید مضبوط کرتی ہے اور اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ صحت مند افراد، خاندان اور معاشرے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

اس کوئز میں 20 کثیرالانتخابی سوالات (ایم سی کیوز) شامل ہیں، جن کے جوابات شرکا کو 10 منٹ کے اندر دینا ہوں گے۔ جو شرکا کامیابی کے ساتھ کوئز جمع کرائیں گے، انہیں شرکت کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
کوئز مکمل کرنے کے بعد شرکا درست جوابات بھی دیکھ سکتے ہیں، جس سے انہیں نشہ آور اشیا کے استعمال کی روک تھام سے متعلق اپنی سمجھ کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس ڈیجیٹل پہل کے ذریعے وزارت کا مقصد لوگوں کی شرکت کو مضبوط بنانا، ذمہ دارانہ فیصلوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو نشہ آور اشیا کے استعمال کے خلاف مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔
وزارت تمام شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو ’نشہ مکت یوا، وکست بھارت کوئز‘ میں حصہ لینے اور نشہ سے پاک ہندوستان کے اجتماعی وژن کو عملی شکل دینے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 6974 )