پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 5:14PM by PIB Delhi
دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے 30 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے مانیک شا سینٹر میں विश्व-2026(وی آئی ایس وی -2026:وژن، اختراع، ہم آہنگی اور اقدار) کا افتتاح کیا۔ اس تقریب کا انعقاد دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) نے مشترکہ جنگی مطالعات کے مرکز (سی ای این جے او ڈبلیو ایس) کے اشتراک سے کیا تھا۔ ’’دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ، عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانا‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اس تقریب میں ’’شراکت دار ممالک کے لیے ڈی آر ڈی او کے دفاعی حل: ٹیکنالوجی سے اسٹریٹجک شراکت داری تک‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے ’وشو‘ کے چار ستونوں، یعنی وژن، اختراع، ہم آہنگی اور اقدار کو ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے کے لیے رہنما اصول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وژن مستقبل کی دفاعی ضروریات کا پیشگی اندازہ لگانے کے لیے سمت فراہم کرتا ہے، اختراع تحقیق کو مؤثر ٹیکنالوجی اور حل میں تبدیل کرتی ہے، ہم آہنگی مسلح افواج، تحقیقی اداروں، صنعت اور بین الاقوامی شراکت داروں کو ایک ساتھ لاتی ہے، جبکہ اقدار باہمی اعتماد، احترام اور ذمہ داری کی بنیاد پر تعاون کو استوار کرتی ہیں۔ انہوں نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر کے ایک حصے کے طور پر تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ اور خود کفیل دفاعی نظام کی تعمیر کے تئیں ہندوستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ’آتم نربھر بھارت‘ کے تحت مقامی تحقیق، ڈیزائن، ترقی اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ تکنیکی خود انحصاری ہندوستان کو بین الاقوامی شراکت داری میں زیادہ بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔

اختراع کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے ابھرتے ہوئے دفاعی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحقیقی کام اور تکنیکی پیش رفت کو مؤثر حل میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان کی مقامی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ڈی آر ڈی او کے تعاون کو سراہا اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں ہندوستانی سائنس دانوں، انجینئروں اور صنعت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔
وزیر مملکت برائے دفاع نے ڈی آر ڈی او کی مصنوعات سے متعلق عربی، ہسپانوی اور فرانسیسی زبانوں میں ایک مجموعہ بھی جاری کیا۔ اس کا مقصد بین الاقوامی شراکت داروں میں ہندوستان کے دفاعی حل کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور شراکت دار ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینا ہے۔

دفاع کے سکریٹری اور دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمہ کے سکریٹری نیز ڈی آر ڈی او کے چیئرمین جناب راجیش کمار سنگھ نے ہندوستان کی دفاعی تیاریوں اور عالمی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تکنیکی صلاحیت، صنعتی استعداد اور ادارہ جاتی شراکت داری کو یکجا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دفاعی سازوسامان کی تیاری کے سکریٹری جناب سنجیو کمار نے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اور روایتی خریدار و فروخت کنندہ کے تعلقات سے آگے بڑھ کر مشترکہ ترقی، مشترکہ پیداوار اور مینوفیکچرنگ میں شراکت داری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بنگلورو میں منعقد ہونے والے ایرو انڈیا 2027 کے لیے بین الاقوامی ہم منصبوں کو اعلیٰ سطح پر باضابطہ دعوت نامے بھیجے جا رہے ہیں۔ یہ تقریب ہندوستان کی بڑھتی ہوئی ہوابازی اور دفاعی صلاحیتوں کو پیش کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گی۔
وزارت خارجہ کے سکریٹری جناب وکرم مصری نے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی اور تکنیکی ماحول میں دفاعی سفارت کاری کی تبدیل ہوتی نوعیت کو اجاگر کیا اور تزویراتی خود مختاری، کثیر جہتی روابط، اعتماد اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اس پروگرام میں ’’مشترکہ تعاون اور شراکت داری کے امکانات‘‘ کے موضوع پر ایک باہمی تبادلۂ خیال کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں محکمہ دفاعی پیداوار، ڈی آر ڈی او، سی ای این جے او ڈبلیو ایس، ایس آئی ڈی ایم، ہندوستانی صنعت اور دفاعی اتاشیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس اجلاس نے مختلف نقطۂ نظر کے تبادلے، شراکت دار ممالک کی ضروریات کو سمجھنے اور دفاعی برآمدات، تکنیکی تبادلوں، مصنوعات کو ضروریات کے مطابق ڈھالنے، مشترکہ طور پر مصنوعات کی تیاری و ترقی، مشترکہ پیداوار اور صنعتی تعاون کے ممکنہ مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔
’وشو-2026‘ نے بین الاقوامی شراکت داروں کو ہندوستان کی مقامی دفاعی تحقیق، ترقی اور پیداوار کی صلاحیتوں سے واقف ہونے اور تعاون کے ممکنہ شعبوں کی تلاش کے لیے متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا۔ اس تقریب نے خود کفیل دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کے ساتھ اعتماد پر مبنی، طویل مدتی اور باہمی طور پر مفید شراکت داریوں کو فروغ دینے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

’وشو-2026‘ میں دوست ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور غیر ملکی سفارتی مشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ وزارتِ دفاع، وزارتِ خارجہ، مربوط دفاعی عملے کے صدر دفتر (ایچ کیو آئی ڈی ایس)، مسلح افواج، ڈی آر ڈی او، سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز (ایس آئی ڈی ایم)، تعلیمی شعبے اور ہندوستانی دفاعی صنعت کے سینئر افسران اور نمائندے بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ن ع
U.NO.6966