پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 4:50PM by PIB Delhi
وزارت خزانہ کے تحت محکمہ مالیاتی خدمات (ڈی ایف ایس) نے ملک بھر میں اپنے ماتحت اداروں، علاقائی دفاتر اور خود مختار اداروں کے ساتھ مل کر صفائی ستھرائی اور زیر التوا معاملات کے تصفیے سے متعلق جاری خصوصی مہم 6 کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
محکمہ مالیاتی خدمات کے سکریٹری نے مہم کے دوران انجام دی جانے والی سرگرمیوں، صفائی ستھرائی کی مہمات اور جگہ کے بہتر استعمال سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
محکمے نے سرکاری شعبے کے بینکوں (پی ایس بیز)، سرکاری شعبے کی بیمہ کمپنیوں (پی ایس آئی سیز)، سرکاری شعبے کے مالیاتی اداروں (پی ایس ایف آئیز)، ضابطہ کار اداروں، علاقائی دیہی بینکوں (آر آر بیز) اور قرض وصولی ٹریبونلز و قرض وصولی اپیلیٹ ٹریبونلز (ڈی آر ٹیز/ڈی آر اے ٹیز) کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے ملک گیر سطح پر بھرپور انداز میں اس مہم کو نافذ کیا۔ اس مہم کے اہم ترجیحی شعبوں میں صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینا، قیمتی دفتری جگہ کو خالی کرانا، دفاتر کی تزئین و آرائش اور ناکارہ اشیا و برقی کچرے کو مؤثر طریقے سے ٹھکانے لگانا شامل تھا۔
مدور(سرکلر) معیشت اور ناکارہ اشیا کو تخلیقی انداز میں دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے تصور کو فروغ دیتے ہوئے، سرکاری شعبے کے متعدد بینکوں نے ’ویسٹ ٹو آرٹ ‘ کے عنوان سے منفرد منصوبے شروع کیے۔ پھینکے گئے پلاسٹک کے سامان، پرانے اور ناقابلِ استعمال آلات اور ناکارہ برقی کچرے کو کارآمد اور خوب صورت اشیا میں تبدیل کیا گیا، جن میں بیرونی اور اندرونی مقامات پر استعمال کے لیے بیٹھنے کی بنچیں، پائیدار کرسیاں، سامان رکھنے کی ٹرے، کوڑے دان، دفاتر کی آرائش کے لیے مجسمے وغیرہ شامل ہیں۔
سائبر سیکورٹی کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے سرکاری شعبے کے بینکوں اور علاقائی دیہی بینکوں نے سماجی رابطوں کے مختلف ذرائع پر متعدد ویڈیوز اور تحریری و تصویری مواد شائع کیا۔ ان معلوماتی پوسٹوں کے ذریعے سائبر دھوکہ دہی کی روک تھام کے لیے حفاظتی تدابیر اور محفوظ رہنے کے طریقے بتائے گئے۔ خصوصی مہم 6 کے دوران اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے سائبر سیکورٹی سے متعلق ایک برقی کتاب ( ای-بک) بھی جاری کی۔
محکمہ اور اس کے ماتحت اداروں کی اہم کامیابیاں اور نمایاں نتائج:
- صفائی ستھرائی کی مہمات کے تحت صاف کیے گئے مقامات/دفاتر: 1,20,750
- خالی کرائی گئی جگہ: 6,99,201 مربع فٹ
- ناکارہ اشیا کو ٹھکانے لگانے سے حاصل ہونے والی آمدنی: 4,12,58,987 روپے
- عوامی شکایات کا ازالہ: 31,327
- عوامی شکایات کے خلاف اپیلوں کا ازالہ: 3,564
محکمہ مالیاتی خدمات اور اس کے ماتحت ادارے دفاتر میں بہتر سہولیات اور سازگار ماحول برقرار رکھنے، ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے اور عوام کو فوری خدمات فراہم کرنے کے طریقوں کو ادارہ جاتی معمولات کا مستقل حصہ بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اس مہم کے تحت متعلقہ اداروں کے صارفین، عملے کے ارکان، اعلیٰ انتظامیہ اور اداروں کے سربراہان نے مختلف سماجی رابطوں کے ذرائع پر مہم کے دوران انجام دیے گئے اچھے کاموں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تصویر میں: محکمہ مالیاتی خدمات کے سکریٹری جناب سنجے لوہیا، خصوصی مہم 6 کے معائنے کے دوران محکمے کے ایک شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے۔








***
ش ح۔م م ۔ ن ع
U. No- 6959