مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 4:32PM by PIB Delhi
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹی آر اے آئی یعنی ٹرائی) نے آج متعلقہ فریقوں کی آرا طلب کرنے کے لیے ’ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورکس اور ٹیلی کمیونی کیشن خدمات کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت(اے آئی)کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق رہنما خطوط‘ کا مسودہ جاری کیا ہے۔
فروری 2026 میں حکومت ہند نے ’ہندوستان میں مصنوعی ذہانت کے نظم و نسق سے متعلق رہنما خطوط‘ جاری کیے، جن کا مقصد مصنوعی ذہانت کی انقلابی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی اور عالمی مسابقت کو فروغ دینا ہے،اس کے ساتھ افراد اور معاشرے کولاحق ممکنہ خطرات سے بھی نپٹناہے۔ یہ رہنما خطوط سات بنیادی اصولوں پر مبنی ہیں، جن میں اعتماد کو بنیاد بنانا، عوام کو اولین ترجیح دینا، پابندیوں کے بجائے اختراع کو فروغ دینا، انصاف اور مساوات، جواب دہی، بنیادی طور پر قابل ہم ہونا، او تحفظ، مضبوطی اور پائیداری شامل ہیں۔ ان رہنما خطوط کا حصہ 4 صنعت سے وابستہ فریقوں اور ضابطہ کار اداروں کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے، تاکہ اس نظام میں وضاحت، پیش بینی اور جواب دہی کو فروغ دیا جا سکے۔
ٹیلی کمیونی کیشن کا شعبہ ہندوستان کے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے۔ آج یہ شعبہ عوام کو رابطے کی سہولت فراہم کرنے، عوامی اور ضروری برقی خدمات کی فراہمی، تجارت و کاروبار کے فروغ اور ملک کے اہم اطلاعاتی بنیادی ڈھانچے کے محفوظ اور مستحکم طور پر کام کرنے میں معاون ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف سماجی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بلکہ ملک کی قومی سلامتی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
موجودہ وقت میں مصنوعی ذہانت کو ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورکس اور ٹیلی کمیونی کیشن خدمات کی فراہمی میں تیزی سے شامل کیا جا رہا ہے۔ ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں ’ہندوستان میں مصنوعی ذہانت کے نظم و نسق سے متعلق رہنما خطوط‘ کے مستقل اور ذمہ دارانہ نفاذ کو یقینی بنانے اور اس نظام میں وضاحت، پیش بینی اور جواب دہی کو فروغ دینے کے مقصد سے ٹرائی نے متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورکس اور ٹیلی کمیونی کیشن خدمات کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق رہنما خطوط وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ٹرائی نے ‘ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورکس اور خدمات کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق رہنما خطوط‘ کا مسودہ اپنی ویب سائٹ (www\.trai.gov.in) پر دستیاب کرایا ہے، تاکہ متعلقہ فریق اس کا جائزہ لے کر اپنی تجاویز اور آرا پیش کر سکیں۔ متعلقہ فریقوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس مسودے پر اپنی تحریری آرا 27.11.2026 تک ارسال کریں۔
آرا ترجیحاً برقی(الیکٹرونکس) ذرائع سے جناب اکھلیش کمار ترویدی، مشیر (نیٹ ورکس، اسپیکٹرم اور لائسنسنگ)، ٹی آر اے آئی (ٹرائی) کو advmn@trai.gov.in پر بھیجی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی وضاحت یا معلومات کے لیے جناب اکھلیش کمار ترویدی، مشیر(نیٹ ورکس، اسپیکٹرم اور لائسنسنگ)، ٹی آر اے آئی سے ٹیلی فون نمبر +91-11-20907758 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
*****
ش ح ۔م ع ن۔ ت ع
U. No.6957