محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شرم سمواد: کانپور میں محنت سے متعلق ضابطوں کے بارے میں علاقائی سطح پر صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام   کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 OCT 2026 11:23AM by PIB Delhi

محنت سے متعلق ضابطوں، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے موضوع پر علاقائی سطح کا صلاحیت سازی اور بیداری سے متعلق  پروگرام ’’شرم سمواد‘‘ 28 اکتوبر 2026 کو کانپور کے دادا نگر انڈسٹریل ایریا میں واقع آئی آئی اے بھون میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مشترکہ اہتمام حکومتِ ہند کی محنت و روزگار  کی وزارت  (ایم او ایل ای) اور حکومتِ اتر پردیش (جی او یو پی) کے محکمہ محنت  نے کیا تھا۔

اس پروگرام کا مقصد آجروں، انسانی وسائل، قانونی امور اور مالیات کے شعبوں سے وابستہ ماہرین میں نئے محنت سے متعلق ضابطوں اور ان کے تحت وضع کردہ قواعد کے بارے میں بیداری بڑھانا تھا۔ اس کے علاوہ، اس پروگرام میں محنت سے متعلق اصلاحات، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے بارے میں بیداری اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مستحکم کرنے، مرکز اور ریاست کے درمیان تال میل کو فروغ دینے اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت کو یقینی بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ اس پروگرام میں محنت و روزگار کی وزارت ، حکومتِ اتر پردیش کے محکمہ محنت، ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ ادارے (ای پی ایف او)، ملازمین کی ریاستی بیمہ کارپوریشن(ای ایس آئی سی) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لیبر ویلفیئر  (ڈی جی ایل ڈبلیو)کے سینئر افسران کے علاوہ آجر، صنعتی شعبے کے نمائندے اور قانونی امور، انسانی وسائل اور مالیات کے ماہرین نے شرکت کی۔

اس پروگرام کے تحت متعدد تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے، جن کا مقصد شرکا کو محنت سے متعلق ضابطوں، آجروں کی ذمہ داریوں اور حکومتِ ہند کے سماجی تحفظ کے اہم اقدامات کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔

کانپور کے  ایڈیشنل لیبر کمشنر جناب شمیم اختر اور انڈین انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے  چیئرمین، جناب راجیش اگروال نے شرکا اور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ افتتاحی اجلاس سے کانپور نگر کے چیف ڈیولپمنٹ آفیسر آئی اے ایس ، جناب ابھینو جے جین  نے خطاب کیا۔ انہوں نے نئے محنتی قوانین کے ڈھانچے کے تحت متعلقہ شراکت داروں میں بیداری پیدا کرنے، ضابطوں کی تعمیل کے لیے تیاری اور ان پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پہلے تکنیکی اجلاس سے محنت و روزگار  کی وزارت  کے مشیر ڈاکٹر آر جی مینا نے خطاب کیا۔ انہوں نے محنت سے متعلق ضابطوں، ان کے مقاصد اور نئے قانونی ڈھانچے کے ذریعے متعارف کرائی گئی اہم اصلاحات کا جامع جائزہ پیش کیا۔ اس اجلاس سے شرکا کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ محنت سے متعلق قوانین میں اصلاحات کا وسیع تر تصور کیا ہے اور آجروں کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے لیے ان کی کیا اہمیت ہے۔

دوسرے اجلاس  کا انعقاد حکومتِ اتر پردیش کے محکمہ محنت اور وزارت محنت و روزگار کے افسران  کے زیر اہتمام کیا گیا۔ اس میں محنت سے متعلق چاروں ضابطوں اور ان کے تحت مطلع کردہ مرکزی و ریاستی قواعد کے مطابق آجروں کے لیے تعمیل کی اہم شرائط پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اجلاس میں قانونی ذمہ داریوں اور ضابطوں کی پابندی سے متعلق فرائض کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کی گئی، جس سے شرکا کو  محنت کے نئے ضوابط کے عملی پہلوؤں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔

تیسرے اور چوتھے اجلاس بالترتیب پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) اور پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم-ایس وائی ایم) اسکیم پر مرکوز تھے۔

محنت سے متعلق ضابطوں اور قواعد پر مؤثر عمل درآمد میں آجروں اور ضابطوں کی تعمیل سے وابستہ ماہرین کی سہولت کے لیے وزارت محنت و روزگار کی جانب سے تیار کردہ ’’آجروں کے لیے ضابطوں کی تعمیل سے متعلق رہنما کتاب‘‘ اور ’’اکثر پوچھے جانے والے سوالات کا مجموعہ‘‘ بھی شرکا میں تقسیم کیا گیا۔

اس موقع پر سوال و جواب کا ایک دلچسپ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا کو اپنے سوالات پیش کرنے اور محنت سے متعلق ضابطوں، ان پر عمل درآمد کے تقاضوں اور سماجی تحفظ کی شقوں کے بارے میں مزید وضاحت حاصل کرنے کا موقع ملا۔

مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے حکام اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرکے اس پروگرام نے بیداری میں اضافے، بہتر سمجم اور متعلقہ شراکت داروں کے درمیان مضبوط رابطے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح محنت کے نئے ضوابط کو اپنانے اور ان پر مؤثر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔‏م ش ۔ن م۔

U- 6944

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2330337) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी