وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

اروناچل پردیش کے توانگ میں 14ویں بین الاقوامی سیاحتی میلے کا افتتاح


سیاحت کے مرکزی وزیرجناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے شمال مشرقی خطے کی سیاحتی صلاحیت کو کاروباری مواقع اور پائیدار ذرائع معاش میں تبدیل کرنے پر زور دیا

وزارتِ سیاحت نے پائیدار سیاحت، بہتر رابطہ کاری اور مقامی آبادی کے لیے روزگار و ذرائع معاش کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا

شمال مشرقی ریاستوں میں ملکی سیاحوں کی آمد 2019 میں95.65 لاکھ سے بڑھ کر 2025 میں1.51 کروڑ ہو گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 OCT 2026 9:22PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارت سیاحت نے اروناچل پردیش حکومت اور شمال مشرقی خطے کی دیگر ریاستوں کے اشتراک سے بین الاقوامی سیاحتی میلے کے 14ویں ایڈیشن کا آج اروناچل پردیش کے توانگ میں آغاز کیا۔ 29 سے 31 اکتوبر 2026 تک منعقد ہونے والے اس سہ روزہ میلے کا مقصد شمال مشرقی خطے کی آٹھوں ریاستوں کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور ملکی و بین الاقوامی سیاحتی منڈیوں کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261029212806_091d38.jpg

افتتاحی اجلاس میں سیاحت و ثقافت  کےمرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، مرکزی وزیر مملکت برائے سیاحت اور پیٹرولیم و قدرتی گیس جناب سریش گوپی، مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے محکمے کے وزیر مملکت ڈاکٹر سوکانت مجمدار، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو اور سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمانگ موجود تھے۔ اس موقع پر شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے سیاحت، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اعلیٰ افسران، ملکی و بین الاقوامی سیاحت سے وابستہ اہم شخصیات اور سیاحتی صنعت کے نمائندے بھی موجود تھے۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی سیاحتی میلہ اب محض تشہیر کا ایک ذریعہ نہیں رہا، بلکہ سیاحت کے شعبے میں شراکت داری اور کاروباری مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم وسیلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘بین الاقوامی سیاحتی میلہ محض سیاحت کی خرید و فروخت کا مرکز نہیں ہے، بلکہ یہ شراکت داریاں قائم کرنے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور شمال مشرقی خطے میں سیاحت کی ترقی کے لیے مشترکہ تصور کو عملی شکل دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔’’

خطے کی وسیع تر صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہاں کی بھرپور حیاتیاتی گوناگونی، ثقافتی ورثہ، روحانی روایات اور قدرتی مناظر مہم جوئی، فطرت سے ہم آہنگ سیاحت اور منفرد تجربات پر مبنی سیاحت کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر مہم جوئی پر مبنی سیاحت، موسیقی کے میلوں اور موسیقی کی محفلوں کے ذریعے سیاحوں کو راغب کرنے کے امکانات پر زور دیا، تاکہ سیاحوں کے نئے طبقوں کو متوجہ کیا جا سکے، ان کے قیام کی مدت میں اضافہ ہو اور مقامی آبادی کے لیے ذرائع معاش کے موقع پیدا ہوں۔ انہوں نے سیاحت کے ایسے تجربات کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جن میں مناسب حفاظتی معیارات، مقامی برادریوں کی شمولیت اور ماحولیات کے تحفظ کے تقاضوں کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر موصوف نے شمال مشرقی خطے میں رابطے ، سیاحت کے بنیادی ڈھانچے اور منزل کے تجربات کو بہتر بنانے پر حکومت کی مسلسل توجہ پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہنر مندی کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی سفری میلوں ، تہواروں ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور واقفیت کے دوروں کے ذریعے سیاحت کے فروغ کے لیے وزارت کے تعاون پر بھی زور دیا ۔

اس سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے بتایا کہ بین الاقوامی سیاحتی میلے کے 14ویں ایڈیشن میں22 ممالک کے 43 بین الاقوامی خریداروں نے شرکت کی ہے، جو اس میلے کی تاریخ میں بین الاقوامی خریداروں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس کے علاوہ، 16 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے 42 ملکی خریداروں اور 81 فروخت کنندگان نے بھی اس میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توانگ میں اس میلے کے انعقاد سے شمال مشرقی خطے کے کم معروف سیاحتی مقامات کو زیادہ توجہ حاصل ہوگی اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ خطے میں سیاحت کے فروغ کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شمال مشرقی خطے کی آٹھ ریاستوں میں آنے والے ملکی سیاحوں کی تعداد 2019 میں95.65 لاکھ سے بڑھ کر 2025 میں1.51 کروڑ ہو گئی، جو تقریباً58 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261029212823_63f204.jpg

وزیر موصوف نے خطے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور آمد و رفت کے رابطوں کو مضبوط بنانے پر حکومت کی مسلسل توجہ کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سودیش درشن 1.0 کے تحت 1,309 کروڑ روپے مالیت کے 16 منصوبوں، سودیش درشن 2.0 کے تحت 564 کروڑ روپے مالیت کے 17 منصوبوں، چیلنج پر مبنی سیاحتی مقامات کی ترقی کے پروگرام کے تحت 139 کروڑ روپے مالیت کے 9 منصوبوں، ایس اے ایس سی آئی کے تحت 790 کروڑ روپے مالیت کے 9 منصوبوں اور پرشاد اسکیم کے تحت 258 کروڑ روپے مالیت کے 9 منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، وزارت نے علاقائی رابطہ کاری کی اسکیم ‘اڑان’ کے تحت شمال مشرقی خطے میں سیاحت سے متعلق 10 فضائی راستوں کو بھی تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے پائیدار سیاحت کو فروغ دینے، سیاحوں کے سفر کے تجربات کو بہتر بنانے اور مقامی آبادی کے لیے روزگار اور ذرائع معاش کے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

افتتاحی اجلاس کے دوران مرکزی وزیر مملکت برائے سیاحت جناب سریش گوپی نے ثقافتی سیاحت، مہم جوئی پر مبنی سیاحت، تہواروں اور مقامی برادریوں کی شمولیت پر مبنی سیاحتی تجربات سمیت سیاحت کے نئے اور اختراعی شعبوں کو فروغ دینے کے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کم معروف سیاحتی مقامات کو فروغ دینے اور مقامی سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے رقمی ذرائع سے تشہیر اور منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانے میں وزارت کی ‘‘دیکھو اپنا دیش 2.0’’  اور ‘‘قومی رقمی سیاحتی نظام’’ جیسی پہل قدمیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

افتتاحی اجلاس سے اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمانگ اور تعلیم و شمال مشرقی خطے کی ترقی کے محکمے کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر سوکانت مجمدار نے بھی خطاب کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261029212840_f2cb8c.jpg

اس پروگرام کے تحت شمال مشرقی بازار کا افتتاح بھی کیا گیا، جہاں اس خطے کے روایتی دست کاری کے نمونوں، دست بافی کی مصنوعات اور دیگر ثقافتی اشیا کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر شمال مشرقی ریاستوں کی مالا مال روایات کو اجاگر کرنے والا ایک ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

اس میلے میں شمال مشرقی خطے کی تمام آٹھ ریاستوں کی جانب سے سیاحت سے متعلق پرزنٹیشن دیئے جائیں گے اور کاروباری اداروں کے درمیان طے شدہ ملاقاتوں کا اہتمام بھی ہوگا۔ شمال مشرقی ریاستوں کے سیاحت کے وزرا کا ایک علاقائی اجلاس 30 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوگا، جس میں سیاحت کی ترقی، علاقائی تعاون، سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی اور سیاحت کے ابھرتے ہوئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

بین الاقوامی سیاحتی میلے کا 14واں ایڈیشن 13 سال بعد دوبارہ توانگ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل اس میلے کا دوسرا ایڈیشن 2013 میں یہیں منعقد ہوا تھا۔ اس تقریب کا مقصد سیاحت کے شعبے میں شراکت داری کو مستحکم کرنا، کم معروف سیاحتی مقامات کو فروغ دینا اور شمال مشرقی خطے کو پائیدار اور تجربات پر مبنی سیاحت کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر متعارف کرانا ہے۔

******

ش ح۔ ع و۔ش ت

U-No-6939


(ریلیز آئی ڈی: 2330323) وزیٹر کاؤنٹر : 13
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese