نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 ایم وائی بھارت نے 12 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 23 ’وکست بھارت یوا سمواد: اپنا ووٹ جانیں‘ پروگرام منعقد کیے


اب تک 19 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 50 یوا سمواد پروگرام، 11,700 سے زائد نوجوانوں کی شرکت

26 اکتوبر سے 5 نومبر تک ملک بھر کی 500 یونیورسٹیوں، کالجوں اور اداروں کو مہم میں شامل کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 OCT 2026 8:33PM by PIB Delhi

میرا یوا بھارت (ایم وائی بھارت) نے، وزارت امور نوجوانان و کھیل کے محکمہ امور نوجوانان کے تحت، آج 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کالجوں اور اداروں میں ’وکست بھارت یوا سمواد: اپنا ووٹ جانیں‘ کے 23 پروگرام منعقد کیے، جن میں 5,481 نوجوانوں نے شرکت کی۔

اس پہل کا مقصد نوجوانوں، بالخصوص پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں میں انتخابی بیداری کو فروغ دینا اور انہیں ووٹ دینے کے حقوق، انتخابی طریقہ کار اور شہری ذمہ داریوں سے واقف کراکے جمہوری عمل میں باخبر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

 

ملک گیر مہم کے تحت 26 اکتوبر سے 5 نومبر 2026 تک 500 یونیورسٹیوں، کالجوں اور اداروں میں پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 29 اکتوبر تک 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر 50 یوا سمواد پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں، جن میں 11,787 نوجوانوں اور 51 یوتھ آئیکنز نے شرکت کی۔ ان اجلاسوں میں نوجوانوں، عوامی نمائندوں اور یوتھ آئیکنز کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر جمہوری شرکت، شہری ذمہ داریوں اور ملک کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ڈیسا کالج میں منعقدہ پروگرام میں 250 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی، جس میں رکن پارلیمنٹ جناب برج موہن اگروال مہمان خصوصی تھے۔ شرکا نے ووٹ دینے کے حقوق، انتخابی طریقہ کار اور شہریوں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا۔

شرکا نے آئینی اقدار کو برقرار رکھنے، جمہوریت کے تحفظ اور ذمہ دار شہری ہونے کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

 

مدھیہ پردیش میں عوامی نمائندوں اور یوتھ آئیکنز کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں جمہوری شرکت اور ملک کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ بیتول میں مرکزی وزیر جناب درگاداس اوئیکے نے نوجوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، جبکہ یوتھ آئیکن یوگی دیشمکھ نے فعال طور پر ووٹ ڈالنے  اور جمہوری عمل میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی۔ مندسور میں رکن پارلیمنٹ جناب سدھیر گپتا نے شرکا کے ساتھ بات چیت کی۔ نرمداپورم میں رکن پارلیمنٹ جناب درشن سنگھ چودھری اور ایشین گیمز کی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ہرشیتا تومر نے نوجوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ووٹ دینے کے حقوق اور باخبر انتخابی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

شمال مشرقی خطے میں اروناچل پردیش کے ویسٹ کامینگ میں منعقدہ پروگرام میں یوتھ آئیکن جناب شیام موگر نے انتخابی فہرستوں اور انتخابی بیداری کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سوال و جواب کے ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکا کے سوالات کے جوابات دیے گئے، جس کے بعد جمہوری عہد لیا گیا۔

تریپورہ کے اگرتلہ میں منعقدہ پروگرام میں رکن پارلیمنٹ جناب راجیو بھٹاچاریہ اور یوتھ آئیکن جناب شُبھراجیت بھٹاچاریہ نے شرکت کی۔ طلبا نے عوامی امور، سول سروسز، شہری ذمہ داری اور پہلی بار ووٹ دینے والوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور جمہوری اقدار کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

جموں و کشمیر اور گجرات میں منعقدہ اجلاسوں میں بھی انتخابی بیداری اور ووٹر رجسٹریشن پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کپواڑہ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ ڈاکٹر مدثر احمد نے طلبا سے تبادلہ خیال کیا اور انتخابی طریقہ کار سے متعلق ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ کَچھ (بھوج) میں پہلی بار ووٹ دینے والے نوجوانوں نے ووٹنگ سے متعلق امور پر انتخابی رجسٹریشن کے نمائندے اور یوتھ آئیکن کے ساتھ بات چیت کی۔ سابَرکانٹھا (ہمت نگر) میں طلبا نے رکن پارلیمنٹ محترمہ شوبھنا بین مہندر سنگھ باریا کے ساتھ ووٹ دینے کے حقوق اور انتخابی شرکت پر تبادلہ خیال کیا۔

اتر پردیش میں شاہجہاں پور کے طلبا نے ووٹ دینے کے حقوق، ذمہ داریوں اور انتخابی طریقہ کار پر بات چیت کی۔ غازی آباد میں منعقدہ پروگرام میں ووٹر رجسٹریشن، وکست بھارت یوتھ لیڈرشپ ڈائیلاگ (وی بی وائی ایل ڈی) کوئز اور یوتھ پارلیمنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ سلطان پور میں شرکا نے میرا یوا بھارت کے بینر تلے ثقافتی پروگرام کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور انتخابی شرکت سے متعلق سوال و جواب کے سیشن میں حصہ لیا۔ بہار کے شیخ پورہ میں نوجوانوں نے جمہوری عہد لیا اور ذمہ دار شہری ہونے اور جمہوری عمل میں شرکت سے متعلق انٹرایکٹو مباحثوں میں حصہ لیا۔

 

یہ 23 پروگرام چھتیس گڑھ کے رائے پور، مدھیہ پردیش کے بیتول، مندسور اور نرمداپورم، گجرات کے سابَرکانٹھا (ہمت نگر) اور کَچھ (بھوج)، جموں و کشمیر کے کپواڑہ، اتر پردیش کے غازی آباد، شاہجہاں پور اور سلطان پور، اور بہار کے شیخ پورہ میں منعقد ہوئے۔ دیگر مقامات میں اتر پردیش کے بلرام پور، بدایوں، دیوریا، سدھارتھ نگر اور سون بھدر؛ اروناچل پردیش کے ویسٹ کامینگ (بومڈیلا)؛ تریپورہ کے اگرتلہ (ویسٹ تریپورہ)؛ کرناٹک کے بنگلورو اربن؛ کیرالہ کے کوٹائم؛ تمل ناڈو کے تروچیراپلی؛ اور تلنگانہ کے محبوب نگر اور رنگا ریڈی شامل ہیں۔

مہم کے تحت انتخابی عمل اور جمہوری اقدار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے جمہوری عہد اور ’اپنا ووٹ جانیں‘ آن لائن کوئز بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے مقامات پر ایم وائی بھارت رجسٹریشن اور کیو آر کوڈ کے ذریعے تجاویز جمع کرنے کی سہولت نوجوانوں کی شرکت کے لیے مزید مواقع فراہم کرتی ہے۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  6932)


(ریلیز آئی ڈی: 2330267) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi