سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بحالی سے خود انحصاری تک: نئی امید کا ایک سفر


نیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن‘کی معاونت: شراب کی لت پر قابو پانے اور روزگار کے قیام میں ایک شخص کی مدد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 OCT 2026 6:47PM by PIB Delhi

34 سالہ مہیش کمار (فرضی نام) کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح ہمدردانہ دیکھ بھال اور مسلسل بحالی افراد کو اپنی زندگیاں دوبارہ تعمیر کرنے، خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے، اور وقار اور نئے مقصد سے بھرپور مستقبل کی جانب بڑھنے میں مدد دیتی ہے۔ ان کا سفر یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ بروقت علاج اور روزگار کے لیے معاونت کس طرح افراد کو بحالی کی راہ پر گامزن ہونے اور اپنے خاندان کی خوشحالی کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

کرناٹک کے ضلع یاداگیری کے رہائشی مسٹر کمار نے ایک صحت مند اور خود انحصار زندگی کی جانب اہم قدم اٹھائے ہیں۔

معاونت حاصل کرنے سے پہلے، مسٹر کمار کھیتوں میں مزدور کے طور پر کام کرتے تھے۔ شراب کی لت نے ان کی صحت اور روزگار کو متاثر کیا، جس کی وجہ سے ان کے خاندان میں بھی مشکلات پیدا ہوئیں۔ علاج کے دستیاب طریقوں سے لاعلمی اور مالی مشکلات کے باعث، مناسب طبی دیکھ بھال تک رسائی حاصل کرنا ان کے لیے ایک چیلنج تھا۔ ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو بھی مالی غیر یقینی صورتحال اور جذباتی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان تمام مشکلات کے باوجود، وہ شراب کی لت سے چھٹکارا پانے، اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرنے اور اپنے خاندان کو ایک مستحکم مستقبل فراہم کرنے کے خواہشمند تھے۔

’نیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن‘کے تحت، مسٹر کمار کو یاداگیری میں واقع ’شری ویشنوی ڈسٹرکٹ ڈی ایڈکشن سینٹر‘ میں مدد فراہم کی گئی۔ انہوں نے 30 روزہ رہائشی بحالی پروگرام مکمل کیا، جس میں طبی نگرانی میں جسم سے نشہ آور مادوں کا اخراج، صحت کی نگرانی، نفسیاتی جانچ اور جذباتی معاونت شامل تھی۔ انفرادی مشاورت، گروپ تھراپی اور ’الکوہولکس انانیمس‘کے اجلاسوں نے انہیں بحالی کے اپنے عزم کو مضبوط کرنے اور مشکلات سے نمٹنے کے لیے صحت مند طریقے اپنانے میں مدد دی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261029184840_11d9dd.jpg

اس مرکز نے ان کی مجموعی بہتری کے لیے یوگا، مراقبہ، تفریحی سرگرمیوں اور زندگی گزارنے کی مہارتوں کی تربیت کا بھی اہتمام کیا۔ خاندانی مشاورت نے گھر میں باہمی رابطے کو بہتر بنانے اور تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے میں مدد کی۔ پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار سے متعلق رہنمائی نے انہیں اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرنے کے ہدف تک پہنچنے میں معاونت کی۔ علاج، ادویات، خوراک، رہائش اور تربیت مکمل طور پر مفت فراہم کی گئیں؛ اس کے ساتھ ساتھ انہیں علاج کے بعد کی دیکھ بھال اور دوبارہ نشے کی طرف لوٹنے سے بچاؤکے لیے بھی مدد دی گئی۔

مرکز کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، مسٹر کمار گزشتہ چار ماہ سے شراب نوشی سے دور ہیں اور انہوں نے یاداگیری بس اسٹینڈ کے قریب چائے کی ایک چھوٹی سی دکان کھول لی ہے۔ اس کاروبار سے انہیں ماہانہ تقریباً 12,000 روپے کی آمدنی ہوتی ہے، جس سے انہیں گھریلو اخراجات پورے کرنے اور اپنے خاندان کو بہتر مالی استحکام فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ان کے بچے دوبارہ اسکول جانے لگے ہیں، اور پورا خاندان نئے اعتماد اور امید کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

یاداگیری میں واق شری ویشنوی ڈسٹرکٹ ڈی ایڈکشن سینٹر کے ذریعے فراہم کردہنیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن‘ پروگرام، علاج، مشاورت، خاندانی تعاون اور روزگار سے متعلق رہنمائی کو یکجا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

مسٹر کمار بدستورڈی ڈی اے سی میں ماہانہ فالو اپ سیشنز میں شرکت کرتے ہیں، جہاں انہیں اپنی بحالی اور روزگار کے سلسلے میں رہنمائی ملتی ہے۔ علاج کے بعد کی دیکھ بھال، ہم عصر ساتھیوں کے ساتھ میل جول، اور دوبارہ نشے کی طرف مائل ہونے سے بچاؤ کے سیشنز نے انہیں اپنی طویل مدتی فلاح و بہبود اور خود انحصاری پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دی ہے۔

***

(ش ح۔اص)

UR No 6925


(ریلیز آئی ڈی: 2330250) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Tamil