پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 OCT 2026 6:20PM by PIB Delhi
پنچایتی راج وزارت 30 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں عوامی منصوبہ مہم (پی پی سی) 27-2026 پر ایک روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔ پنچایتی راج اور ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری کے مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے ساتھ شرکا سے خطاب کریں گے۔ پنچایتی راج وزارت کے سکریٹری جناب (ڈاکٹر) ونیت جوشی، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری جناب اشوک کے کے مینا اور دیہی ترقی کے محکمے کے سکریٹری جناب روہت کنسل کے علاوہ وزارت کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔
ورکشاپ میں اہم کامیابیوں اور موضوعاتی پنچایت ترقیاتی منصوبوں کے بدلتے ہوئے کردار کا جائزہ لیا جائے گا، جو پنچایتوں کو مالی سال 28-2027 کے لیے اپنے ترقیاتی منصوبے تیار کرنے میں مدد دیں گے۔ تقریب کے دوران عوامی منصوبہ مہم (پی پی سی) 27-2026 کا کتابچہ جاری کیا جائے گا اور الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ اور بیٹری سویپنگ اسٹیشن قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔ تکنیکی اجلاسوں میں گرام پنچایت ترقیاتی منصوبوں کے معیار، 16ویں مالیاتی کمیشن کے تحت مشروط اور غیر مشروط گرانٹس، اپنی آمدنی کے ذرائع (او ایس آر) اور سمرتھ پنچایت پورٹل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ای گرام سوراج پورٹل پر منصوبے اپ لوڈ کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنے تجربات شیئر کرنے اور نفاذ سے متعلق مسائل اور تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اوپن ہاؤس کا انعقاد بھی ورکشاپ کا حصہ ہوگا۔ تقریب میں تقریباً 400 شرکا حصہ لیں گے، جن میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پنچایتی راج محکموں، ریاستی دیہی ترقی و پنچایتی راج اداروں، پی پی سی کے ریاستی نوڈل افسران، ریاستی اور ضلعی پروگرام مینجمنٹ یونٹس (ایس پی ایم یوز/ڈی پی ایم یوز) کے افسران کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
ورکشاپ کے بعد ریاست، ضلع اور بلاک سطح پر اورینٹیشن پروگرام منعقد کیے جائیں گے، تاکہ پنچایتوں کو مالی سال 28-2027 کے لیے معیاری، شراکتی اور مختلف منصوبوں و وسائل کے باہمی امتزاج پر مبنی ترقیاتی منصوبے تیار کرنے میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
عوامی منصوبہ مہم (پی پی سی) کے بارے میں
عوامی منصوبہ مہم گرام پنچایت، بلاک پنچایت اور ضلع پنچایت ترقیاتی منصوبوں (جی پی ڈی پی، بی پی ڈی پی اور ڈی پی ڈی پی) کی تیاری اور انہیں اپ لوڈ کرنے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ تیار کیے گئے منصوبے گرام، بلاک اور ضلع پنچایت کی سطح پر اپ لوڈ کیے جاتے ہیں۔ پی پی سی 2026-27، جس کا موضوع ’’سب کی یوجنا، سب کا وکاس‘‘ ہے، 2 اکتوبر 2026 کو ملک بھر میں خصوصی گرام سبھاؤں کے انعقاد کے ساتھ شروع ہوئی۔
وزارت کی جانب سے 2018 سے چلائی جا رہی عوامی منصوبہ مہم گرام سبھا کی مشاورت، موضوعاتی منصوبہ بندی، پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کو مقامی سطح پر نافذ کرنے اور مختلف اسکیموں و وسائل کے باہمی امتزاج کے ذریعے پنچایتوں کو اپنے ترقیاتی منصوبے تیار کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔


************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :6921 )