پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 OCT 2026 1:24PM by PIB Delhi
وزیرِ مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ 30 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے منیک شا سینٹر میں ’وشو-2026‘ (وی آئی ایس وی-2026: وژن، اختراع، ہم آہنگی اور اقدار) کا افتتاح کریں گے۔ اس پروگرام کا انعقاد دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او)، سینٹر فار جوائنٹ وار فیئر (سی ای این جے او ڈبلیو ایس) کے اشتراک سے کر رہی ہے۔
’’دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور عالمی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس پروگرام کا مقصد بھارت کی مقامی دفاعی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو نمایاں کرنا اور دوست شراکت دار ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اس پروگرام میں دفاعی اداروں، صنعت، تعلیمی شعبے اور سفارتی برادری کے نمائندے شرکت کریں گے، تاکہ بین الاقوامی شراکت داروں کو دفاعی تحقیق، ترقی اور پیداوار کے شعبوں میں بھارت کی پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون اور تزویراتی شراکت داری کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔
اس پروگرام میں ہونے والے تبادلۂ خیال کے دوران تکنیکی اختراعات، دفاعی پیداوار اور دفاعی سفارت کاری کے ذریعے مقامی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی شراکت داریوں کو وسعت دینے کے سلسلے میں بھارت کے سفر کو اجاگر کیا جائے گا۔ تکنیکی اجلاسوں میں دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی فضائی نظاموں، بری اور بحری نظاموں، سینسنگ اور مواصلات، میزائل نظاموں، خرد الیکٹرانکس، حساب و کتاب کے حل اور فوجیوں کی معاونت کے نظاموں سے متعلق صلاحیتوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ایک پینل مباحثے میں بھارت اور دوست شراکت دار ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، صلاحیتوں کی ترقی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
’وشو-2026‘ کے ذریعے ڈی آر ڈی او کا مقصد اختراع، مکالمے اور تعاون کے ذریعے تکنیکی خود انحصاری کو فروغ دینا اور بین الاقوامی دفاعی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
***
(ش ح ۔رک)
U. No.6896