پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 4:38PM by PIB Delhi
بدعنوانی کے خلاف بیداری کا ہفتہ 2026 منانے کے سلسلے میں، حکومتِ ہند کے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے محکمے نے آج یہاں قومی دارالحکومت میں واقع وزارت کے صدر دفتر میں ’’احتیاطی ویجیلنس اور سرکاری بدعنوانی کے انسداد میں ویجیلنس انتظامیہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی خطبے کا اہتمام کیا۔

یہ خصوصی خطبہ مرکزی ویجیلنس کمیشن (سی وی سی) کی ڈائریکٹر محترمہ تمنّا سنہا نے دیا۔ انہوں نے سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت، جواب دہی اور دیانت داری کو فروغ دینے کے لیے احتیاطی ویجیلنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

محترمہ سنہا نے بدعنوانی کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے اور ان سے نمٹنے، ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے اور سرکاری خدمات میں اخلاقی طور طریقوں کو فروغ دینے میں ویجیلنس انتظامیہ کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات پر زیادہ زور دینے کی ضرورت ہے کہ سرکاری امور منصفانہ اور شفاف طریقے سے اور مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے انجام دیے جائیں۔

محترمہ سنہا نے ویجیلنس سے متعلق بیداری اور احتیاطی ویجیلنس کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے ایک مفصل پاور پوائنٹ پرزینٹیشن پیش کی۔ اس پیش کش کے ذریعے افسران اور اہلکاروں کو انتظامی طریقۂ کار میں ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کرنے، بہترین طور طریقے اپنانے اور اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرتے وقت دیانت داری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کے سلسلے میں حساس بنایا گیا۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس اجلاس میں وزارت اور محکمے کے بڑی تعداد میں افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی، مالیاتی، خریداری، تقرری و عملہ، قانونی اور ویجیلنس سے متعلق امور انجام دینے والے اہلکاروں کی شرکت پر خصوصی زور دیا گیا، کیونکہ سرکاری امور میں قواعد و ضوابط کی پابندی، شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے میں ان کا اہم کردار ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ اس باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی اجلاس سے شرکاء کو احتیاطی ویجیلنس اور روزمرہ کے سرکاری کام کاج میں اس کے عملی اطلاق کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔
اس پروگرام کا اختتام شریک افسران اور اہلکاروں کے اس عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا کہ وہ سرکاری خدمات میں دیانت داری، جواب دہی اور اخلاقی طرزِ عمل کے اعلیٰ معیار برقرار رکھیں گے۔

بدعنوانی کے خلاف بیداری کا ہفتہ منانے سے بدعنوانی کی روک تھام اور تمام سرکاری اداروں میں دیانت داری، شفافیت اور اچھی حکمرانی کے فروغ کے لیے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔
****
ش ح۔ ا ک۔ خ م
U.NO.6843