پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 11:14PM by PIB Delhi
بھارتی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی اطلاعات کے مطابق، سمندری طوفان ‘‘ارنب’’ کے انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے اور 28 اکتوبر کو آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور ہواؤں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر، شہری ہوابازی کی وزرات نے حالات کا جائزہ لینے اور ہوا بازی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں اور جنوبی اڈیشہ، بشمول بھونیشور، آنے اور جانے والی پروازوں کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ طوفان کے راستے کے لحاظ سے حیدرآباد، وارانسی، پریاگ راج اور گورکھپور میں بھی پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ شہری ہوابازی ی وزرات نے مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ فریقوں، بشمول بھارتی ہوائی اڈہ اتھارٹی (اے اے آئی)، شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے)، بی سی اے ایس، محکمۂ موسمیات، فضائی کمپنیوں اور ہوائی اڈوں کے منتظمین، قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) اور آندھرا پردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال کی آفات سے نمٹنے والی انتظامیہ کے درمیان باہمی تال میل پر زور دیا۔
ہوائی اڈوں کی صورتحال
وشاکھاپٹنم ہوائی اڈے پر 27 اکتوبر کی دوپہر سے پروازوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ وجے واڑہ اور راجمندری ہوائی اڈوں پر بھی 27 اکتوبر کو شام 7 بجے کے بعد تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔ دہلی–بھوگا پورم–دہلی پرواز 28 اکتوبر کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔
فضائی کمپنیوں کی تازہ اطلاعات
- ایئر انڈیا: دہلی–وشاکھاپٹنم–دہلی (27 اکتوبر) اور دہلی–وجے واڑہ–دہلی (28 اکتوبر) کے درمیان چلنے والی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
- ایئر انڈیا ایکسپریس: 13 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں زیادہ تر وشاکھاپٹنم سے حیدرآباد، بنگلورو اور وجے واڑہ آنے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وارانسی–بینکاک اور بینکاک–وشاکھاپٹنم کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
- انڈیگو: وشاکھاپٹنم ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل ہیں، جبکہ وجے واڑہ اور راجمندری میں 27 اکتوبر کو شام 7 بجے کے بعد تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد عارضی ہے۔
- آکاسا ایئر: دہلی–بھوگاپورم اور واپسی کی پروازیں (28 اکتوبر) منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر تمام پروازوں کے معمول کے مطابق چلنے کی توقع ہے۔
- الائنس ایئر: اب تک کسی پرواز کی منسوخی کے بغیر معمول کے مطابق خدمات انجام دے رہی ہے۔
فضائی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خراب موسم سے متعلق آپریشنل رہنما خطوط پر عمل کریں، پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کے بارے میں مسافروں کو مطلع کریں اور دوبارہ بکنگ اور رقم کی واپسی سے متعلق قابل اطلاق ضوابط کی پابندی کریں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ فضائی کمپنی کی ویب سائٹ، موبائل ایپ، ہیلپ لائن یا ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی پرواز کی صورتحال کی تصدیق کر لیں۔ ان سے درخواست کی گئی ہے کہ جب تک پرواز کی تصدیق نہ ہو جائے، ہوائی اڈے کے لیے روانہ نہ ہوں۔ مسافروں کو سفر کے لیے اضافی وقت بھی مختص کرنا چاہیے، کیونکہ ساحلی آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور راستے بند ہونے کا امکان ہے۔ سکریٹری نے فضائی کمپنیوں اور ہوائی اڈوں کے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسافروں، بالخصوص بزرگ شہریوں، نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد، شیر خوار بچوں کے والدین اور طبی ضرورت کے حامل مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ اگر کسی شکایت کا ازالہ نہ ہو، تو مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پہلے متعلقہ فضائی کمپنی سے رجوع کریں اور اس کے بعد ایئر سیوا پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے شکایت درج کرائیں۔
شہری ہوابازی کی وزرات نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور حالات میں تبدیلی کے ساتھ تازہ اطلاعات جاری کی جاتی رہیں گی۔
***
ش ح۔ ش آ۔ ج ا
U.No-6804