سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نمستے اسکیم کے تحت مرکزی وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے اتر پردیش کے مرادآباد میں صفائی متروں کو پی پی ای کٹس اور آیوشمان کارڈ تقسیم کیے


وکست بھارت 2047 کے وژن کے تحت صفائی متروں کی حفاظت، وقار اور سماجی تحفظ پر زور

ملک بھر میں 88,000 سے زائد سیور اور سیپٹک ٹینک کارکنوں کو پی پی ای کٹس فراہم کی گئیں؛ مرادآباد میں مقامی سطح پر تقسیم سے سیکڑوں کارکن مستفید ہوئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 7:41PM by PIB Delhi

وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی نمستے اسکیم (میکانائزڈ صفائی کے نظام کے لیے قومی اقدام) کے تحت آج اتر پردیش کے مرادآباد میں پیلی کوٹھی، سول لائنز کے علاقے میں ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹ اور آیوشمان کارڈ تقسیم کرنے کے لیے ایک بڑے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب صفائی متروں کی حفاظت، صحت اور سماجی تحفظ کو مستحکم بنانے کے مقصد سے جاری اہم فلیگ شپ اقدام کا حصہ تھی۔

وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے معزز وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے اہل مستفیدین میں کٹ اور کارڈ تقسیم کیے۔

اس تقریب میں مرادآباد کے ضلع مجسٹریٹ جناب انونیا جھا، اتر پردیش قانون ساز کونسل کے معزز رکن جناب رام گوپال انجن، ضلع پنچایت کی چیئرپرسن ڈاکٹر شیفالی سنگھ چوہان، میونسپل کمشنر مرادآباد، نیشنل صفائی کرمچاری فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

 

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب ورما نے نمستے اسکیم پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد صفائی کارکنوں کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنانا اور انہیں سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانا ہے۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 90,194 سیور اور سیپٹک ٹینک کارکنوں (ایس ایس ڈبلیو) کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ 88,222 سیور اور سیپٹک ٹینک کارکنوں کو ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کٹس فراہم کی گئی ہیں اور 80,180 کارکنوں کو آیوشمان کارڈ کے ذریعے صحت بیمہ کی سہولت کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 3,36,492 کچرا چننے والوں کی پروفائلنگ بھی کی جا چکی ہے۔

 

 

مقامی سطح پر اسکیم کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے بتایا کہ مرادآباد میں مجموعی طور پر 307 سیور اور سیپٹک ٹینک کارکنوں کی پروفائلنگ کرکے انہیں پی پی ای کٹس فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پروفائلنگ کے عمل کے ذریعے 1,190 کچرا چننے والوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

 

 

پروگرام کے دوران اسٹیج پر 20 صفائی متروں کو پی پی ای کٹس اور 20 صفائی متروں کو آیوشمان کارڈ علامتی طور پر فراہم کیے گئے۔ اس کے بعد مزید 813 صفائی متروں میں پی پی ای کٹس تقسیم کی گئیں۔

 

 

جناب ورما نے مستفیدین سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے وقت مقررہ حفاظتی سازوسامان کا باقاعدگی سے استعمال کریں، کام کے دوران محفوظ طریقۂ کار اپنائیں اور اپنے آیوشمان کارڈ کے ذریعے صحت کے تحفظ کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر مرادآباد کے ضلع مجسٹریٹ اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے صفائی کارکنوں کی گراں قدر خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی حفاظت، صحت، وقار اور مجموعی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

 

 

اس پروگرام نے ’’محروم طبقات کو ترجیح‘‘ دینے کے اصول کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ تاریخی طور پر پسماندہ یا نظرانداز کیے گئے افراد کو وہ مدد اور تعاون فراہم کیا جا سکے جس کے وہ مستحق ہیں۔

 

 

حاشیے پر موجود اور محروم طبقات کو ترجیح دینے کا یہ عزم حکومت کے وسیع تر وژن ’’وکست بھارت 2047‘‘ کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت ہر فرد کو ہندوستان کی ترقی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالنے اور اس کے ثمرات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

**********

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6796 


(ریلیز آئی ڈی: 2329270) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil