پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 6:47PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت صنعت و اندرونی تجارت کے فروغ کا محکمہ (ڈی پی آئی آئی ٹی) نے اسٹارٹ اَپ انڈیا پہل کے تحت قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز کے چھٹے ایڈیشن (این ایس اے 6.0) کا آغاز کیا ہے۔ اس کا مقصد جدت طرازی اور کاروباری سرگرمیوں کو تسلیم کرنا اور ہندوستان کے اسٹارٹ اَپ نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سال 2026 میں اسٹارٹ اَپ انڈیا پہل کے دس سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس پہل کا آغاز جنوری 2016 میں ملک میں ایک مضبوط، جامع اور جدت طرازی پر مبنی کاروباری نظام کی تشکیل کے لیے کیا گیا تھا۔ سال 2019 میں اپنے آغاز کے بعد سے قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز، اسٹارٹ اَپ انڈیا کے تحت ایک اہم پہل کے طور پر ابھرے ہیں۔ یہ ایوارڈز کاروباری میدان میں نمایاں کارکردگی کو تسلیم کرنے اور مختلف شعبوں کے اہم مسائل حل کرنے والے اختراعی حل کو منظرِ عام پر لانے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز کے ذریعے ایسے اسٹارٹ اَپس کو تسلیم کیا جاتا ہے جو جدت طرازی، وسعت پذیری، پائیداری اور سماجی و اقتصادی اثرات کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ گزشتہ پانچ ایڈیشنز کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، این ایس اے 6.0 کا مقصد جدت طرازی پر مبنی کاروبار کی حوصلہ افزائی، سب کی شمولیت کو فروغ اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے اسٹارٹ اَپس کو آگے بڑھا کر ہندوستان کے اسٹارٹ اَپ نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
این ایس اے 6.0 کے تحت 20 شعبہ جاتی زمروں اور 3 خصوصی ایوارڈ زمروں میں جدت طرازی، کاروباری سرگرمیوں اور نمایاں کارکردگی کو تسلیم کیا جائے گا۔ یہ زمرے ہندوستان کے بدلتے ہوئے اسٹارٹ اَپ نظام، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور قومی ترقی کی ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس ایڈیشن میں 12 نئے شعبہ جاتی زمرے شامل کیے گئے ہیں: بایو مینوفیکچرنگ؛ صارفین کی صنعتیں؛ دفاع اور سلامتی؛ دیہی معیشت، روایتی صنعتیں اور ذرائع معاش؛ تعلیم اور ہنرمندی؛ الیکٹرانکس، سیمی کنڈکٹرز اور جدید مینوفیکچرنگ؛ کھیل، جسمانی فٹنس اور کھیلوں سے متعلق ٹیکنالوجی؛ مستقبل کی نقل و حرکت اور آٹوموٹیو؛ سمندری اور نیلگوں معیشت؛ خلائی ٹیکنالوجی، ڈرونز اور ایرو اسپیس؛ ٹیلی کام، رابطہ کاری اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ؛ اور سفر، سیاحت اور مہمان نوازی۔
تین خصوصی ایوارڈ زمروں میں سال کا بہترین خواتین کی قیادت والا اسٹارٹ اَپ، شمال مشرقی خطے میں اسٹارٹ اَپ کی نمایاں کارکردگی، اور نیا متعارف کرایا گیا طلبہ اختراع کار / خواہش مند کاروباری شخصیت کا ایوارڈ شامل ہیں۔ پہلی مرتبہ متعارف کرائے گئے طلبہ کے اس ایوارڈ کا مقصد تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ میں جدت طرازی اور کاروبار کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ یہ اقدام اختراع کاروں اور کاروباری شخصیات کی اگلی نسل کی تربیت اور قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز کے دائرۂ کار کو وسیع کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
20 شعبہ جاتی زمروں اور اسٹارٹ اَپس سے متعلق 2 خصوصی زمروں میں کامیاب قرار پانے والے اسٹارٹ اَپس، متعلقہ ایوارڈ کے رہنما اصولوں کے مطابق، ہر زمرے میں 25 لاکھ روپے کے نقد انعام کے اہل ہوں گے۔ طلبہ اختراع کار / خواہش مند کاروباری شخصیت کے ایوارڈ کے تحت 4 ذیلی زمروں میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔
مالی انعامات کے علاوہ، قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز کے ذریعے رہنمائی، سرمایہ کاروں سے رابطے، منڈی تک رسائی، صنعتی شراکت داری اور ہندوستان کے اسٹارٹ اَپ نظام میں بہتر شناخت اور تشہیر کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
این ایس اے 6.0 کا مقصد تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اسٹارٹ اَپس کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جس میں درجہ دوم اور درجہ سوم کے شہروں میں ابھرتے ہوئے کاروباری نظام بھی شامل ہیں۔ ڈی پی آئی آئی ٹی ایوارڈز کے تحت تشہیر، شرکت اور جائزے کے عمل میں تعاون کے لیے مرکزی وزارتوں اور محکموں، ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ، انکیوبیٹرز، تعلیمی اداروں، بینکوں اور مالیاتی اداروں، متبادل سرمایہ کاری فنڈز (اے آئی ایف)، صنعتی انجمنوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
این ایس اے 6.0 کے لیے درخواستیں 27 اکتوبر 2026 سے شروع ہوچکی ہیں اور 20 نومبر 2026 تک قبول کی جائیں گی۔ اہل اسٹارٹ اَپس اور طلبہ اختراع کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ درخواست دیں اور اسٹارٹ اَپ انڈیا کے سرکاری پورٹل www.startupindia.gov.in کے ذریعے قومی سطح پر اپنی اختراعات پیش کریں۔
قومی اسٹارٹ اَپ ایوارڈز کے چھٹے ایڈیشن کے ذریعے ڈی پی آئی آئی ٹی نے ایک جامع، جدت طرازی پر مبنی اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے اسٹارٹ اَپ نظام کو فروغ دینے کے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کاروباری میدان میں نمایاں کارکردگی کو تسلیم کرنے اور اختراع کاروں کی اگلی نسل کو پروان چڑھانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
این ایس اے 6.0 کے تحت شعبہ جاتی ایوارڈز کے 20 زمرے درج ذیل ہیں:
- زراعت، زرعی ٹیکنالوجی اور غذائی نظام
- بایو مینوفیکچرنگ
- ڈیپ ٹیک اور فرنٹیئرٹیکنالوجیز
- ماحولیاتی ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پائیداری
- صارفین کی صنعتیں
- تخلیقی صنعتیں، ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل مواد (اورنج معیشت)
- دفاع اور سلامتی
- دیہی معیشت، روایتی صنعتیں اور ذرائع معاش
- تعلیم اور ہنرمندی
- الیکٹرانکس، سیمی کنڈکٹرز اور جدید مینوفیکچرنگ
- مالیاتی ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات اور مالیاتی شمولیت
- غذائی ٹیکنالوجی، حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور غذائیت
- صحت کی دیکھ بھال، طبی ٹیکنالوجی اور حیاتیاتی علوم
- ترسیلی سلسلہ اور رسد و ترسیل
- کھیل، جسمانی فٹنس اور کھیلوں سے متعلق ٹیکنالوجی
- مستقبل کی نقل و حرکت اور آٹوموٹیو
- سمندری اور نیلگوں معیشت
- خلائی ٹیکنالوجی، ڈرونز اور ایرو اسپیس
- ٹیلی کام، رابطہ کاری اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ
- سفر، سیاحت اور مہمان نوازی
تین خصوصی ایوارڈ زمرے درج ذیل ہیں:
- خواتین کی قیادت والے اسٹارٹ اَپس
- شمال مشرقی خطے کے اسٹارٹ اَپس
- طلبہ اختراع کار / آرزو مند کاروباری شخصیت
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 6789