مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

خصوصی مہم 6: محکمہ ڈاک کی جانب سے ملک گیر سطح پر ایک روزہ خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد


محکمہ ڈاک نے 1,861 ڈاک چوپالوں کا انعقاد کیا

55,952 مقامات پر صفائی مہم، عوامی شکایات کے 9,007 معاملات حل کیے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 6:40PM by PIB Delhi

 وزارت مواصلات کے محکمہ ڈاک نے خصوصی مہم 6 کے تحت 23 اکتوبر 2026 کو ملک بھر میں 1,861 ڈاک چوپالوں کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد شہریوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانا اور ڈاک و سرکاری خدمات کو عوام تک زیادہ آسانی سے پہنچانا تھا۔ اس ایک روزہ خصوصی پروگرام کے دوران ملک بھر میں تقریباً 55,952 مقامات پر صفائی کی سرگرمیاں انجام دی گئیں اور عوامی شکایات کے 9,007 معاملات حل کیے گئے۔

محکمہ انتظامی اصلاحات و عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی) کی پہل کے جواب میں منعقد کیے گئے اس پروگرام میں شہریوں تک رسائی، شکایات کے ازالے، صفائی ستھرائی، ماحولیاتی پائیداری اور ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔

ڈاک چوپالیں: سرکاری خدمات کو شہریوں تک پہنچانے کا ذریعہ

ڈاک چوپالوں نے ڈاک حکام اور شہریوں کے درمیان براہِ راست رابطے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ان کے ذریعے ڈاک اور شہریوں پر مرکوز خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، عوامی شکایات کو دور کرنے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے لوگوں سے رائے حاصل کرنے میں مدد ملی۔

ان سرگرمیوں میں پوسٹل لائف انشورنس (پی ایل آئی) اور رورل پوسٹل لائف انشورنس (آر پی ایل آئی) اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانے میں سہولت فراہم کرنا، آسانی سے دستیاب ڈاک خدمات کو فروغ دینا اور مقامی برادریوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنا شامل تھا۔ پروگرام کے دوران عوامی شکایات کے 9,007 معاملات کا حل محکمہ کے جواب دہ پر مبنی  طرزِ حکمرانی اور شہریوں کے مسائل کے بروقت ازالے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ملک گیر سطح پر صفائی اور ماحولیاتی پائیداری کی مہمات

ڈاک خانوں، بشمول برانچ پوسٹ آفسز، میل دفاتر اور انتظامی اداروں میں خصوصی صفائی مہم چلائی گئی۔ ان سرگرمیوں کے تحت 55,952 مقامات پر صفائی کی گئی، جس سے ماحول کو صاف ستھرا بنانے اور عوامی مقامات کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔

ڈاک کے مختلف سرکلز نے ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے۔ ان میں کچرے کو الگ الگ جمع کرنے، کمپوسٹنگ اور کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کے بارے میں بیداری مہمات شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں نے عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کی اور صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے اصولوں کو مزید مستحکم کیا۔

بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور  کمیونٹی کے ساتھ رابطہ

ڈاک کے اداروں نے دفتری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، عوام کے لیے مختص مقامات کو زیادہ سہل بنانے اور دستیاب جگہ کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ سجاوٹ، دیکھ بھال اور دیگر اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے ڈاک کے اداروں کو زیادہ صاف ستھرا اور خوش گوار بنایا گیا۔

یہ خصوصی ایک روزہ پروگرام خصوصی مہم 6 کے مقاصد کے تئیں محکمہ ڈاک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان مقاصد میں صفائی کو ادارہ جاتی معمول بنانا، شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط کرنا، شہریوں کی شمولیت بڑھانا اور پائیدار طریقوں کو فروغ دینا شامل ہیں۔

محکمہ ڈاک ان اقدامات کو مزید آگے بڑھاتا رہے گا تاکہ ڈاک کے اداروں کو زیادہ صاف ستھرا، قابلِ رسائی اور شہریوں کی ضروریات کے تئیں زیادہ جواب دہ بنایا جا سکے۔

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 6787


(ریلیز آئی ڈی: 2329179) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati