راجیہ سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

 ایوان بالا کے چیئرمین جناب سی پی رادھا کرشنن کی جانب سے برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے پریزائیڈنگ افسران اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام


 برکس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ یہ فورم عالمی تعاون کے ایک اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے

 جناب سی پی رادھا کرشنن نے برکس کو ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جہاں مختلف ثقافتیں، شاندار تاریخیں اور متحرک معیشتیں ایک متوازن، جامع اور خوشحال عالمی نظام کی تشکیل کے مشترکہ عزم کے ساتھ یکجا ہوتی ہیں

 جناب رادھا کرشنن نے پختہ اعتماد کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ 12واں برکس پارلیمانی فورم ان کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گا اور رکن و شراکت دار ممالک میں فروغ پانے والی اختراعات کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 5:36PM by PIB Delhi

 ایوان بالا-راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی میں واقع  ہندوستان کی پارلیمنٹ میں 12ویں برکس پارلیمانی فورم میں شرکت کرنے والے برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے پارلیمانوں کے صدور، پریزائیڈنگ افسران اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔

اس تقریب میں ایوان زیریں- لوک سبھا کے معزز اسپیکر جناب اوم برلا، برکس اور شراکت دار ممالک کی پارلیمانوں کے معزز اسپیکرز اور پریزائیڈنگ افسران؛ معزز مرکزی وزراء،  ایوان بالا-راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، ایوان  بالا- راجیہ سبھا اورایوان زیریں- لوک سبھا کے سکریٹری جنرلز برکس اور شراکت دار ممالک کے عہدیداران اور دیگر ممتاز مہمانوں نے شرکت کی۔

معزز شخصیات اور مہمانوں کا ہندوستان کی پارلیمنٹ میں خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ وہ ایک ایسے تاریخی مقام پر جمع ہوئے ہیں جو  ہندوستان کی پارلیمانی جمہوریت کا مرکز ہے۔ یہ جمہوریت زمانۂ قدیم سے لے کر آج تک نچلی سطح سے اعلیٰ ترین سطح تک ارتقا پذیر ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت  ہندوستان کے لیے کوئی نیا تصور نہیں ہے۔ تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ شمال میں ویشالی جیسے مقامات پر جمہوری نظام موجود تھا، جبکہ جنوب میں چولا حکمرانوں نے کڈاوولائی نظام اپنایا تھا۔ اسی گہری تاریخی وراثت کی بنا پر ہندوستان کو بجا طور پر جمہوریت کی ماں(مدر آف ڈیموکریسی) کہا جاتا ہے۔

برکس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ یہ فورم عالمی تعاون کے ایک اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے برکس کو ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جہاں مختلف ثقافتیں، شاندار تاریخیں اور متحرک معیشتیں ایک متوازن، جامع اور خوشحال عالمی نظام کی تشکیل کے مشترکہ عزم کے ساتھ یکجا ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12ویں برکس پارلیمانی فورم کے دوران ہونے والے تبادلۂ خیال اور مباحثہ اس اجتماعی عزم کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت رکن اور شراکت دار ممالک یکجہتی، مکالمے اور باہمی اعتماد کے ذریعے عالمی چیلنجوں سے نمٹنا چاہتے ہیں۔

ستمبر- 2026 میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کے دوران پیش کیے گئے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ  ہندوستان کے معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے اس بات کو اجاگر کیا تھا کہ برکس ممالک عالمی سطح پر اختراعات اور مسائل کے حل کے اہم مراکز کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ جناب رادھا کرشنن نے پختہ اعتماد کا اظہار کیا کہ 12واں برکس پارلیمانی فورم ان کوششوں کو مزید تقویت دے گا اور رکن و شراکت دار ممالک میں پروان چڑھنے والی اختراعات کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گا۔

اس اجتماع کی ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ  ہندوستانی روایت کے مطابق مہمانوں کی میزبانی اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام محض رسمی خیرسگالی نہیں، بلکہ گرم جوشی اور باہمی احترام کا حقیقی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ کھانا تناول کرنے سے رہنماؤں کو پالیسی اور حکمرانی کے معاملات سے آگے بڑھ کر انسانی تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ملتا ہے، جو بین الاقوامی تبادلوں کی بنیادی روح ہیں۔

اس موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جناب رادھا کرشنن نے کہا کہ یہ ظہرانہ تمام مندوبین کو غیر رسمی ماحول میں خیالات کے تبادلہ اور اپنے ذاتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خوش گوار موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ  ہندوستانی کھانوں کی خوشبو،  ہندوستانی مہمان نوازی کی گرم جوشی اور خوش گوار دوپہر تمام معزز مہمانوں کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لیے یادگار بن جائے۔

آخر میں چیئرمین نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ  ہندوستان میں قیام کے دوران گزارے گئے لمحات، فورم کے دوران قائم ہونے والی نئی دوستیاں اور پہلے سے موجود تعلقات کی تجدید ان کے لیے خوش گوار یادیں ثابت ہوں۔ انہوں نے تمام مہمانوں کے لیے پُرلطف کھانے  پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دیرپا دوستی کے نام نیک تمناؤں کے ساتھ اپنی تقریر کا اختتام کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/WhatsAppImage2026-10-27at4.41.41PM(2)_20261027173707_469988.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/WhatsAppImage2026-10-27at4.41.41PM(1)(1)_20261027173726_c19ed5.jpeg

*****

ش ح-ظ الف-ج

UR No. 6779


(ریلیز آئی ڈی: 2329098) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , हिन्दी