محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صنعتی تنازعات کے تصفیے سے بہار گرامین بینک کے 10,900 سے زائد ملازمین کو فائدہ، تقریباً 78 کروڑ روپے کے مالی فوائد یقینی بنائے گئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 12:24PM by PIB Delhi

بہار گرامین بینک کی انتظامیہ اور ملازمین کی تنظیموں کے درمیان دو صنعتی تنازعات 22 اور 23 اکتوبر 2026 کو چیف لیبر کمشنر (مرکزی)، وزارتِ محنت و روزگار، حکومتِ ہند کے دفتر کے تحت پٹنہ کے اسسٹنٹ لیبر کمشنر (مرکزی) کی مصالحتی کوششوں کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے۔

ان تصفیوں سے بہار گرامین بینک کے 10,900 سے زائد ملازمین کو تقریباً 77.69 کروڑ روپے کے مالی فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ان میں بہار گرامین بینک ورکرز آرگنائزیشن کے ساتھ طے پانے والے تصفیے کے تحت تقریباً 9.02 کروڑ روپے کے سالانہ مالی فوائد بھی شامل ہیں۔

پہلا تصفیہ 22 اکتوبر 2026 کو بہار گرامین بینک ادھیکاری سنگھ، پٹنہ اور بینک کی انتظامیہ کے درمیان طے پایا۔ اس سے تقریباً 8,400 ملازمین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے اور اس کے تحت تقریباً 67.17 کروڑ روپے کے مالی فوائد حاصل ہوں گے۔ اس تصفیے میں ملازمین کے اہم مطالبات شامل ہیں، جن میں کارکردگی سے منسلک ترغیبی رقم(پی ایل آئی)کی ادائیگی، عارضی طور پر اعلیٰ عہدے کی ذمہ داریاں نبھانے کے الاؤنس، اجرت میں اضافہ، سفری الاؤنس میں اضافہ، ترقیاں اور ہمدردی کی بنیاد پر تقرریاں شامل ہیں۔

دوسرا تصفیہ 23 اکتوبر 2026 کو بہار گرامین بینک ورکرز آرگنائزیشن(بی جی بی ڈبلیو او)اور بینک کی انتظامیہ کے درمیان طے پایا۔ اس سے تقریباً 2,500 ملازمین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے اور اس کے تحت تقریباً 10.52 کروڑ روپے کے مالی فوائد حاصل ہوں گے، جن میں تقریباً 9.02 کروڑ روپے کے سالانہ مالی فوائد بھی شامل ہیں۔ اس تصفیے میں بارہویں دو طرفہ معاہدے پر مؤثر عمل درآمد، مکان کے کرایے کے الاؤنس میں اضافہ، معذور ملازمین کے سفری الاؤنس میں اضافہ، اضافی کام کے معاوضے کی ادائیگی، ترقی کے عمل میں شفافیت اور مذاکراتی کونسل کی تشکیل سے متعلق اہم مطالبات شامل ہیں۔

دونوں تصفیے ملازمین کی تنظیموں اور بینک کی انتظامیہ کے فعال تعاون، شرکت اور تعمیری بات چیت کے ذریعے ممکن ہوئے۔ اس سے تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے اور صنعتی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے میں مدد ملی۔

مصالحت کی ان کامیاب کوششوں سے چیف لیبر کمشنر (مرکزی) کی تنظیم کے اس مسلسل عزم کی عکاسی ہوتی ہے کہ ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے، محنت کشوں کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کو فروغ دیا جائے اور مؤثر مصالحت و تعمیری بات چیت کے ذریعے صنعتی تعلقات میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔

*****

 (ش ح ۔رک)

U. No.6749


(ریلیز آئی ڈی: 2328879) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil