پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 9:54AM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کےمرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے 26 اکتوبر 2026 کو نیدرلینڈز کے اپنے دورے کے دوران ڈچ حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں، ارکانِ پارلیمان اور ممتاز ڈچ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ متعدد اہم میٹنگیں کیں۔ ان میٹنگز کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بھارتی و ڈچ کاروباری اداروں کے درمیان اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
جناب پیوش گوئل نے غیر ملکی تجارت و ترقیاتی تعاون کےوزیر جناب سورڈ سورڈسما ، اقتصادی امور و آب و ہوا کےوزیر محترمہ ہیلین ہربرٹ اور صوبہ شمالی ہالینڈ کے کنگز کمشنر جناب آرتھر فان ڈائک سے ملاقاتیں کیں۔
مرکزی وزیر نے ڈچ ایوانِ نمائندگان کی کمیٹی برائے غیر ملکی تجارت و ترقیاتی تعاون اور سینیٹ کی کمیٹی برائے یورپی امور کے ارکان سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور بھارت و یورپی یونین کے درمیان وسیع تر اقتصادی شراکت داری سے متعلق امور پر خیالات کے تبادلے کا موقع ملا۔
اس دن کی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ بھارت-نیدرلینڈز بزنس فورم تھا، جس کی مشترکہ صدارت جناب پیوش گوئل اور نیدرلینڈز کے غیر ملکی تجارت و ترقیاتی تعاون کے وزیر ب جناب سورڈ سورڈسما نے کی۔ اس فورم میں بھارتی اور ڈچ کاروباری شعبوں کی ممتاز شخصیات سمیت تقریباً 200 افراد نے شرکت کی۔
فورم میں بھارت-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے پیدا ہونے والے اہم مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی، بالخصوص دوطرفہ تجارت میں توسیع، سرمایہ کاری کی شراکت داری کو مضبوط بنانے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکا نے بھارتی اور ڈچ معیشتوں کی ایک دوسرے کے لیے تکمیلی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ آزاد تجارتی معاہدے سے حاصل ہونے والے مواقع کو ٹھوس کاروباری شراکت داریوں اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی صنعتوں کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔ اس سے بھارت اور یورپ کے درمیان سپلائی چین کے باہمی ربط کو بھی مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔
اپنے دورے کے دوران صنعت و تجارت پر مرکوز سرگرمیوں کے تحت، جناب پیوش گوئل نے نیدرلینڈز کی متعدد ممتاز کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں صنعتی شعبے کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ کاروباری ترجیحات اور باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان کمپنیوں کا تعلق سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، لاجسٹکس، توانائی، صنعتی حل، ٹیکنالوجی اور ریٹیل سمیت مختلف شعبوں سے تھا۔
جناب پیوش گوئل نے نیدرلینڈز میں بھارتی سفارت خانے اور ایچ ایس بی سی نیدرلینڈز کے اشتراک سے دی ہیگ میں منعقدہ گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں نیدرلینڈز کی 15 کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران (سی ایکس اوز) نے حصہ لیا۔
اس گول میز اجلاس کے ذریعے کاروباری شعبے کے سرکردہ نمائندوں کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس میں بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان سرمایہ کاری، تجارتی شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں کاروباری ماحول کے حوالے سے مختلف آرا کا تبادلہ کیا گیا اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے نئے امکانات بھی تلاش کیے گئے۔
جناب پیوش گوئل نے اپنے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے بھارت اور نیدرلینڈز کے اقتصادی تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کو اجاگر کیا، بالخصوص دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیے جانے اور بھارت-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے اختتام کے بعد پیدا ہونے والی نئی رفتار کا ذکر کیا۔انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے کے وسیع امکانات پر زور دیا اور کہا کہ یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے نیدرلینڈز ایک اہم گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اس بات چیت کے دوران بھارت کی اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور نیدرلینڈز سمیت وسیع تر یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو بھی اجاگر کیا گیا۔
********
ش ح۔ ع ح۔م ش
U-6743