راجیہ سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

 راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے نئی دہلی کے پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں 12ویں برکس پارلیمانی فورم کے افتتاحی اجلاس میں خیرمقدمی خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 OCT 2026 6:35PM by PIB Delhi

  راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش نے آج پارلیمنٹ آف انڈیا کے تاریخی سینٹرل ہال میں منعقدہ 12ویں برکس پارلیمانی فورم کے افتتاحی اجلاس میں خیرمقدمی خطاب کیا۔

لوک سبھا اسپیکر اور 12ویں برکس پارلیمانی فورم کے چیئرمین جناب اوم برلا، معزز پریزائیڈنگ افسران، برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے وفود کے سربراہان، معزز شخصیات اور مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے جناب ہری ونش نے کہا کہ تمام معزز شخصیات اور مندوبین کی سینٹرل ہال میں موجودگی باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی ہال ہندوستان کے دنیا کی سب سے بڑی، متحرک اور کامیاب جمہوریتوں میں سے ایک بننے کے سفر کا خاموش لیکن زندہ گواہ رہا ہے۔

انہوں نے ہندوستان کو علم، دانش اور تہذیبی ورثے کا لازوال خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ثقافتوں، زبانوں، مناظر، رسوم و رواج اور روایات کا بھرپور تنوع اسے منفرد بناتا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مندوبین ہندوستان سے گرمجوشی اور دیرپا یادیں لے کر واپس جائیں گے۔

گروپ کے عالمی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ دنیا کی تقریباً 49.5 فیصد آبادی کی نمائندگی کرنے والا برکس عالمی اور علاقائی اہمیت کے حامل امور پر مشاورت اور تعاون کے لیے ایک مؤثر کثیر ملکی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

جناب ہری ونش نے یاد دلایا کہ 2026 میں ہندوستان کی برکس صدارت کے دوران وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ’عوام مرکوز‘ اور ’انسانیت اولین‘ کے نقطہ نظر پر مبنی ایک تبدیلی کا وژن پیش کیا گیا۔ اسی وژن کی رہنمائی میں برکس عمل نے ’لچک، جدت طرازی، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘ کو اپنا موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے برکس کی توسیع کی حمایت کی، جس سے عالمِ جنوب کی آواز اور اعتماد کو تقویت ملی۔ مزید برآں، 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی ہندوستانی صدارت نئی دہلی اعلامیے کو اپنانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس سے عالمی حکمرانی میں اصلاحات کو آگے بڑھانے اور زیادہ متوازن، کثیر قطبی عالمی نظام کو فروغ دینے میں مدد ملی۔

افتتاحی اجلاس کے موضوع ’عوام مرکوز ترقی کے لیے پارلیمانوں کو فروغ دینا‘ کا ذکر کرتے ہوئے جناب ہری ونش نے کہا کہ یہ موضوع بروقت اور انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے شہری توقع کرتے ہیں کہ پارلیمان اقتصادی غیر یقینی صورتحال، تکنیکی تبدیلی، موسمیاتی تبدیلی، صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال یا سماجی عدم مساوات سے پیدا ہونے والے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے جواب دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں پارلیمانوں کو چوکس، جواب دہ، متحرک اور مستقبل کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فورم میں ہونے والی بات چیت ایک دوسرے کے تجربات کا تبادلہ کرنے، ایک دوسرے سے سیکھنے اور ایسے پارلیمانی طریقہ کار کی نشاندہی کرنے کا موقع فراہم کرے گی جو عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔

آخر میں 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی کارروائی شروع ہونے پر ڈپٹی چیئرمین نے تمام مندوبین کو نیک خواہشات پیش کیں اور ان کے لیے نتیجہ خیز تبادلہ خیال، کامیاب نتائج اور ہندوستان میں خوشگوار و یادگار قیام کی خواہش ظاہر کی۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :6723  )


(ریلیز آئی ڈی: 2328692) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी