پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 4:10PM by PIB Delhi
صحت ا ور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جاری خصوصی مہم 6 کی پیش رفت کا جائزہ لیا، جس کا مقصد سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مستحکم کرنا اور زیرِ التوا معاملات کو کم سے کم کرنا ہے۔ جائزہ اجلاس میں صفائی ستھرائی اور حفظان صحت سے متعلق 27 اکتوبر 2026 کو منعقد ہونے والی ایک روزہ خصوصی کایا کلپ سرگرمیوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
جائزہ میٹنگ کی صدارت مرکزی سکریٹری صحت محترمہ پُنیا سلیلا سریواستو نے کی۔ یہ اجلاس آج نئی دہلی کے کرتویہ بھون-1 سے آن لائن منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں مرکزی حکومت کے اسپتالوں، مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس یو)، مرکزی حکومت کی صحت اسکیم (سی جی ایچ ایس) اور محکمۂ صحت و خاندانی بہبود کے تحت کام کرنے والے دیگر دفاتر اور اکائیوں سمیت مختلف اداروں اور تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

صحت کے اداروں اور مراکز کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مرکزی سکریٹری صحت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مہم محض علامتی سرگرمیوں تک محدود نہ رہے، بلکہ اس کے نتیجے میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت، جگہ کے بہتر انتظام اور سرکاری صحت مراکز کی مجموعی دیکھ بھال میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ صحت مراکز میں بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں، اس لیے خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کو یقینی بنانا خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور مریضوں اور وہاں آنے والے دیگر افراد کے مجموعی تجربے کو خوش گوار بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والی کایا کلپ سرگرمیوں میں پورے جوش و خروش سے حصہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سرگرمیوں کے تحت کی جانے والی بہتری واضح طور پر نظر آئے اور اس کی تصدیق بھی کی جا سکے، تاکہ اداروں کے احاطے کی ظاہری حالت اور وہاں آنے والوں کے تجربے میں نمایاں تبدیلی آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی ستھرائی کے لیے نشان زد کیے گئے تمام مقامات کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے، عوامی شکایات سے متعلق تقریباً 100 فیصد اپیلوں کا ازالہ کیا جا چکا ہے اور نیلامی و صفائی مہمات کے ذریعے تقریباً 50 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی گئی ہے۔
بات چیت میں ایک اہم توجہ صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ کم استعمال، دوبارہ استعمال اور بازیافت کے اصولوں پر مؤثر عمل درآمد، حشرات پر قابو پانے، بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ، برقی فضلے(ای ویسٹ) کو ٹھکانے لگانے اور عوامی مقامات کی بہتر دیکھ بھال پر مرکوز رہی۔اداروں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ غیر ضروری اور فرسودہ ریکارڈ اور سامان کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات کریں، جس میں آن لائن نیلامی بھی شامل ہے، تاکہ استعمال کے قابل جگہ خالی ہو سکے اور جہاں ممکن ہو، آمدنی بھی حاصل کی جا سکے۔

مزید برآں، شرکت کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ مہم کے تحت اختیار کیے گئے اختراعی طریقوں کی مثالیں بھی پیش کریں۔ ان میں ضائع شدہ مواد کو دوبارہ کارآمد بنا کر پودے رکھنے کے اسٹینڈ اور سامان محفوظ کرنے کے لیے ریک جیسی مفید اشیا تیار کرنا، ناقابل استعمال قرار دیے گئے فرنیچر کی مرمت و بحالی، قیمتی جگہ خالی کرنے کے لیے طبی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا، شجرکاری مہمات کے ذریعے سرسبز مقامات تیار کرنا اور صحت مراکز کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بہتر صفائی ستھرائی اور باغبانی سے متعلق اقدامات کرنا شامل تھے۔

اجلاس کے دوران کئی اداروں کی جانب سے بتائے گئے دیگر اقدامات میں نیلامی کے مجاز پلیٹ فارموں کے ذریعے طویل عرصے سے زیرالتوا اسکریپ کو ٹھکانے لگانا بھی شامل تھا، جس سے اداروں کو آمدنی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے احاطوں میں مزیداستعمال کے قابل جگہ خالی کرنے میں بھی مدد ملی۔ بعض اداروں نے شکایات کے ازالے میں تیزی لانے اور زیرالتوا شکایات کی تعداد کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل شکایات کے ازالے کے پلیٹ فارم اور کیو آر کوڈ کے ذریعے آرا و تجاویز حاصل کرنے کے نظام بھی متعارف کرائے۔
مرکزی سکریٹری صحت نے اس بات پر زور دیا کہ مہم کے اثرات کا جائزہ وہاں آنے والے افراد اور مستفیدین سے براہ راست رائے حاصل کرکے بھی لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تمام صحت اداروں سے اپیل کرتے ہوئے اجلاس کا اختتام کیا کہ وہ اپنے اقدامات کا ریکارڈ مرتب کریں، مقررہ ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے اپنی کامیابیوں کا اشتراک کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خصوصی مہم 6 کے نتیجے میں مریضوں، پنشن یافتگان، عملے اور دیگر آنے والوں کے لیے زیادہ صاف ستھرا، قابل رسائی اور خوش گوار ماحول فراہم ہو۔

جائزہ میٹنگ میں ملک بھر کے 336 مرکزی صحت اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں ایمس گوہاٹی، ایمس رشی کیش، ایمس بھونیشور، این آئی ایم ایچ اے این ایس بنگلورو، سی ڈی ایس سی او احمد آباد، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج، صفدرجنگ اسپتال اور ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، امپھال سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔
خصوصی مہم 6 اور کایا کلپ سرگرمیوں کے بارے میں:
خصوصی مہم 6 کا انعقاد 02 سے 31 اکتوبر 2026 تک کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کے معمولات کو مستحکم کرنا اور زیرالتوا معاملات کو کم کرنا ہے۔ اس مہم کے ایک حصے کے طور پر، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت27 اکتوبر 2026 کو صفائی ستھرائی اور حفظان صحت پر مرکوز کایا کلپ سرگرمیاں انجام دے گی۔ یہ ایک روزہ خصوصی اقدام ہے، جس کا مقصد سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مستحکم کرنا ہے۔
******
ش ح۔ ش آ ۔ ش۔م ا
U. No-6709