سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بدعنوانی کے خلاف بیداری ہفتہ 2026


وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے سکریٹری جناب سُدھانش پنت نے وزارت میں دیانت داری کے حلف کی تقریب کی قیادت کی

فلاحی اسکیموں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے شفافیت، جواب دہی اور بدعنوانی سے پاک انتظامیہ پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 OCT 2026 3:15PM by PIB Delhi

 

آج یعنی 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک منائے جانے والے  ویجیلنس بیداری ہفتہ 2026 کے آغاز کے موقع پر، وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے یونین سکریٹری جناب سُدھانش پنت نے آج قومی دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب میں وزارت کے اعلیٰ افسران اور عملے کو دیانت داری کا حلف دلایا۔

اس تقریب کے ذریعے وزارت نے عوامی خدمات میں شفافیت، دیانت داری، جواب دہی اور اخلاقی طرزِ عمل کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، ساتھ ہی انتظامی نظام سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے جناب سُدھانش پنت نے وزارت کے تحت تمام بیوروز، ڈویژنوں، خود مختار اداروں، کارپوریشنوں اور متعلقہ محکموں میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی سے پاک انتظامی نظام کے قیام کے لیے کام کریں اور مختلف اسکیموں اور پروگراموں سے متعلق عوامی مفاد کے معاملات کو بروقت نمٹانے کو اولین ترجیح دیں۔

سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اقدامات کے فوائد اہل مستفیدین تک بلا تاخیر پہنچانے کے لیے مؤثر اور شفاف انتظامیہ ضروری ہے۔ انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ انہوں نے پہلے سے رائج بہترین طریقۂ کار کو برقرار رکھیں، نتائج پر مبنی نئے طریقے وضع کریں اور نظام کی ان خامیوں کی مسلسل نشاندہی کرکے انہیں دور کریں جو بدعنوانی کے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔

تقریب کے دوران افسران اور عملے نے دیانت داری کو برقرار رکھنے، قانون کی حکمرانی کی پاسداری کرنے اور وسیع تر عوامی مفاد میں اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والی ان سرگرمیوں کے تحت وزارت ملازمین کو ویجیلنس، جواب دہی اور اخلاقی حکمرانی کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف بیداری سرگرمیوں کا اہتمام کر رہی ہے، جن میں سوال و جواب کے مقابلے اور ماہرین کے خطابات شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے بارے میں شعور کو فروغ دینا اور ادارے میں دیانت داری کی ثقافت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ دیانت داری کے حلف نامے میں ہر شہری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایمانداری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے، نہ رشوت دے اور نہ قبول کرے، تمام فرائض ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ انجام دے، عوامی مفاد کو مقدم رکھے، اپنی ذاتی دیانت داری کے ذریعے دوسروں کے لیے مثال قائم کرے اور بدعنوانی کے واقعات کی متعلقہ حکام کو اطلاع دے۔

ویجیلنس بیداری ہفتہ 2026 کے انعقاد کے ذریعے وزارت نے شفاف، جوابدہ اور شہریوں پر مرکوز انتظامی نظام کو فروغ دینے اور اپنی فلاحی اسکیموں اور پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کے سلسلے میں عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

*****

 (ش ح ۔رک)

U. No.6701

 


(ریلیز آئی ڈی: 2328588) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी