پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 4:53PM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ کے جہاز ترشول نے 21 اکتوبر 2026 کو پرتگال کے شہر لزبن میں اپنا دورۂ بندرگاہ مکمل کیا۔ اس دورے سے پرتگالی بحریہ کے ساتھ پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال، معلومات کے اشتراک اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کا موقع ملا، جس سے مشترکہ بحری مفادات کو بہتر طور پر سمجھنے اور دونوں بحریاؤں کے درمیان عملی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں مدد ملی۔
دورۂ بندرگاہ کے دوران جہاز کے کمانڈنگ افسر نے پرتگالی بحریہ کے کمانڈر سے ملاقات کی اور عملی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مزید اشتراک کے امکانات تلاش کرنے پر مفید بات چیت کی۔ ان ملاقاتوں سے دونوں بحریاؤں کے درمیان مسلسل روابط اور بحری تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی مشترکہ دلچسپی کی عکاسی ہوئی۔
جہاز کو بھارتی برادری کے افراد اور پرتگالی بحریہ کے اہلکاروں سمیت دیگر زائرین کے لیے کھولا گیا، جنہیں جہاز کا دورہ کرنے اور عملے سے بات چیت کرنے کا موقع ملا۔ پرتگال میں بھارت کے سفیر، عزت مآب پنیت آر کندل نے بھی جہاز کا دورہ کیا اور اس کے افسران اور عملے سے تبادلۂ خیال کیا۔
جہاز پر ایک ثقافتی تبادلے کی تقریب منعقد کی گئی، جس کا مقصد باہمی رفاقت کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس تقریب میں پرتگال میں بھارت کے سفیر، دیگر ممالک کے سفارتی نمائندوں، پرتگالی بحریہ کے نائب بیڑے کے کمانڈر اور فلوٹیلا کمانڈر ریئر ایڈمرل پاؤلو سلوا پریرا، پرتگالی اور برازیلی بحریاؤں کے افسران اور بھارتی برادری کے افراد نے شرکت کی۔ اس اجتماع نے عوامی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان قریبی روابط اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو بھارت اور پرتگال کے درمیان بحری تعاون کی بنیاد ہیں۔
یہ دورۂ بندرگاہ آئی این ایس ترشول کی بیرونِ ملک تعیناتی کا حصہ تھا اور اس نے پرتگالی بحریہ اور بھارتی برادری کے ساتھ روابط استوار کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا۔ اس دورے سے دوستانہ بحری قوتوں کے ساتھ بحری تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور باہمی رفاقت کے فروغ کے لیے بھارت کے عزم کو تقویت ملی، جبکہ بھارت اور پرتگال کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں بھی مدد ملی۔
_20261023165518_027919.jpeg)
_20261023165528_e5ca7b.jpeg)
*****
ش ح- رک
UR No-6581