الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بینکنگ ایپلی کیشنز کیلئے مقامی کوانٹم ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے مقصد سے سی ڈیک اور بینک آف انڈیا باہمی تعاون کریں گے


مفاہمت نامہ  (ایم او یو) کا مقصد مستقبل کی ضروریات کے مطابق بینکنگ نظام کیلئے مشترکہ تحقیق، تصورات کے ثبوت ،ٹیکنالوجی کے مظاہرے اور صلاحیت سازی کو فروغ دیاجائےگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 1:31PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے تحت ایک خودمختار سائنسی ادارے، سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ایڈوانسڈ کمپیوٹنگ (سی ڈیک) اور بینک آف انڈیا (بی او آئی) نے 22 اکتوبر 2026 کو کوانٹم مالیاتی اختراع اور بینکنگ کے شعبے میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے باہمی تعاون کی غرض سے ایک مفاہمت نامہ(ایم او یو)پر دستخط کئے۔

اس مفاہمت نامہ کے تحت سی ڈیک اور بینک آف انڈیا (بی او آئی) کے لیے ایک ایسا لائحۂ عمل قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے بینکاری اور مالیاتی خدمات کے شعبے کے لیے تزویراتی اہمیت کی حامل ٹیکنالوجیز کے میدان میں مشترکہ تحقیق، ترقی، تجرباتی نفاذ، ٹیکنالوجی کے مظاہرے اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔

یہ تعاون سی ڈیک کی اعلیٰ کارکردگی والی کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز، بلاک چین، سائبر سکیورٹی اور مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی کے شعبوں میں مہارت کو بینک آف انڈیا کی بینکاری کے شعبے میں مہارت، ملک گیر موجودگی اور بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی کے استعمال کے ماحول کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔

اس شراکت داری کا ایک اہم مقصد مالیاتی اختراع کے لئے کوانٹم نظام کو فروغ دینا ہوگا تاکہ بینکاری نظام کو کوانٹم ٹیکنالوجیز سے وابستہ مواقع اور سکیورٹی کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے لئے تیار کیا جا سکے۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر کوانٹم سے متاثر اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے خلاف محفوظ رہنے والی ٹیکنالوجیز کے امکانات کا جائزہ لیں گے، جو بینکاری نظام میں تحفظ، اعتماد، استحکام اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔

اس تعاون کا مقصد بینکاری کے استعمال کے لئے ترجیحی بنیادوں پر مختلف شعبوں کی نشاندہی کرنا، محفوظ سینڈ باکس ماحول میں تصورات کے ثبوت پیش کرنا، تکنیکی امکانات اور بینکاری کے شعبے میں ممکنہ افادیت کا جائزہ لینا، موجودہ نظام کے مقابلے میں جدید طریقۂ کار کو جانچنا اور مستقبل میں مزید ترقی، تجرباتی منصوبوں یا ان ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لئے لائحۂ عمل تیار کرنا ہے۔

وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سکریٹری، آئی اے ایس، جناب ایس کرشنن نے تکنیکی ترقی میں بینک آف انڈیا کے تعاون کو سراہا اور مقامی اختراع کو فروغ دینے کے لیے سی ڈیک کے ساتھ اس کے اشتراک کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات اور ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے خطرات کے اس دور میں کوانٹم مزاحم مالیاتی نظام کی تشکیل ضروری ہے تاکہ بینکاری کا شعبہ کوانٹم دور کے چیلنجوں اور مواقع سے نمٹنے کے لیے تیار ہو سکے۔

سی ڈیک کے ڈائریکٹر جنرل جناب ای مگیش نے اس معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’بینک آف انڈیا کے ساتھ یہ تعاون بھارت کی مقامی کوانٹم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں کو عملی بینکاری حل میں تبدیل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ مشترکہ تحقیق و ترقی اور صلاحیت سازی کے ذریعے سی ڈیک کا مقصد ایک محفوظ، مضبوط اور مستقبل کی ضروریات کے لئے تیار مالیاتی نظام کی معاونت کرنا ہے۔‘‘

اس تعاون پر تبصرہ کرتے ہوئے بینک آف انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب راجیو مشرا نے کہا، ’’کوانٹم ٹیکنالوجیز میں سائبر سکیورٹی سے لے کر پیچیدہ مالیاتی فیصلے کرنے تک، بینکاری کے متعدد پہلوؤں کو نئی شکل دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ سی ڈیک کے ساتھ اپنے تعاون کے ذریعے ہمارا مقصد ان ابھرتے ہوئے امکانات کا منظم انداز میں جائزہ لینا اور ان کا تجزیہ کرنا ہے، نیز بینک آف انڈیا کو اگلی نسل کی ٹیکنالوجیز کے لئے تیار کرنے کی غرض سے ضروری علم اور صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔‘‘

کوانٹم ٹیکنالوجیز کے علاوہ، یہ مفاہمت کی یادداشت بلاک چین، مصنوعی ذہانت اور مالیاتی خدمات سے متعلق دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے لئے ایک لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے۔ ممکنہ شعبوں میں دستاویزات کی باریکی سے پروسیسنگ، صارفین اور ملازمین کی معاونت، دھوکہ دہی کا تجزیہ، قرض اور مالیاتی تجزیہ، محفوظ اے آئی پلیٹ فارم، ذمہ دار مصنوعی ذہانت، اسمارٹ معاہدے، ڈیجیٹل شناخت، محفوظ ڈیٹا کا تبادلہ اور بینکاری سے متعلق دیگر ایپلی کیشنز شامل ہیں۔

یہ شراکت داری کوانٹم کمپیوٹنگ، کوانٹم سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور دیگر ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں تربیت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کے ذریعے مستقبل کی ضروریات کے لیے تیار افرادی قوت کا نظام تیار کرنے پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔

جناب آدتیہ کمار سنہا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سی ڈیک ممبئی اور جناب ستیندر سنگھ، سی جی ایم (آئی ٹی)و سی آئی او، بینک آف انڈیا نے جناب ایس کرشنن، آئی اے ایس، سکریٹری، وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی) جناب راجیو مشرا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، بینک آف انڈیا،  جناب سودیپ سریواستو، جوائنٹ سکریٹری، ایم ای آئی ٹی وائی، جناب ای مگیش، ڈائریکٹر جنرل، سی ڈیک؛ اور بینک آف انڈیا و سی ڈیک کے دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشت کا باضابطہ تبادلہ کیا۔

اس تعاون کے ذریعے بینک آف انڈیا اور سی ڈیک ممبئی کا مقصد ایک منظم لائحۂ عمل تیار کرنا ہے، جس کے تحت مقامی تحقیق اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو عملی بینکاری ایپلی کیشنز میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی، اس شراکت داری کا مقصد ایک محفوظ، لچکدار اور تکنیکی اعتبار سے مستقبل کی ضروریات کے لیے تیار مالیاتی نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ش ب ن

U.NO.6568


(ریلیز آئی ڈی: 2327419) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil