وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بھارتی بحریہ، ہند بحرالکاہل علاقائی ڈائیلاگ  2026 کی میزبانی کرے گی


نئی دہلی میں 03 سے 05 نومبر 2026 تک تین روزہ کانفرنس کا انعقاد ہوگا، جس میں 18 ممالک کے ماہرین شرکت کریں گے؛ تبادلۂ خیال میں تعلیمی روابط، بحری سائنس، سمندری حکمرانی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 12:38PM by PIB Delhi

بھارتی بحریہ 2026 کے ہندبحرالکاہل علاقائی ڈائیلاگ (آئی پی آر ڈی-2026) کا انعقاد نئی دہلی میں 03 سے 05 نومبر 2026 تک کرے گی۔ یہ بحریہ کا اعلیٰ ترین سطح کا سالانہ بین الاقوامی اسٹریٹجک  ڈائیلاگ ہے۔ اس کانفرنس کا اہتمام نیشنل میری ٹائم فاؤنڈیشن (این ایم ایف) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جو بھارتی بحریہ کا علمی شراکت دار اور اس تقریب کا اہم منتظم ادارہ ہے۔ اس سال کی کانفرنس کا موضوع ’’انڈو پیسیفک خطے میں سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیمی تعاون‘‘ ہوگا۔

 

آئی پی آر ڈی، اسٹریٹجک سطح پر بھارتی بحریہ کے سالانہ بین الاقوامی روابط کا اہم ترین مظہر ہے۔ اس ڈائیلاگ کے گزشتہ اجلاسوں میں انڈو پیسیفک اوشینز انیشی ایٹو (آئی پی او آئی) کے سات باہم مربوط بحری شعبوں میں سے منتخب پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا رہا ہے۔ اس اقدام کا اعلان وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نومبر 2019 میں بنکاک میں منعقدہ 14ویں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس کے موقع پر کیا تھا۔ بھارت کے بحری وژن ’مہاساگر‘ (مختلف خطوں میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور ہمہ جہت پیش رفت) کے تناظر میں، آئی پی آر ڈی کا مقصد آئی پی او آئی کے وسیع تر تعاون کے خاکے کو ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز کی شکل دینا ہے۔

اس سال کے موضوع کا انتخاب عصرِ حاضر کے بحری شعبے کی ایک بنیادی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔ سمندر ایک دوسرے سے باہم مربوط ہیں، لیکن ان کو سمجھنے اور ان کا بہتر انتظام کرنے کے لیے درکار سائنسی علم، تکنیکی صلاحیتیں اور ادارہ جاتی وسائل مختلف خطوں میں یکساں طور پر دستیاب نہیں ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی، بحری تجارت اور سپلائی چین  کو لاحق خطرات، سمندری وسائل پر بڑھتا ہوا دباؤ اور بحری شعبے کے اہم بنیادی ڈھانچے کو درپیش خطرات اب تیزی سے قومی سرحدوں سے تجاوز کر رہے ہیں۔ اس لیے ان چیلنجوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے نہ صرف زیادہ جدید ٹیکنالوجیز بلکہ باہمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور افرادی قوت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مضبوط انتظامات بھی ضروری ہیں۔ چنانچہ آئی پی آر ڈی-2026 میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کے روایتی دائرے سے آگے بڑھ کر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس امر کو تسلیم کیا جائے گا کہ سماجی علوم، علومِ حیات اور علومِ انسانی بھی اس ضمن میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس سال کی کانفرنس میں تین دن کے دوران پانچ موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے۔ ان میں ’تعلیمی روابط، تحقیق اور افرادی قوت کی ترقی‘، ’بحری صورتِ حال سے آگاہی اور بحری شعبے کے اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ‘، ’سمندری علوم اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت‘، ’سمندری حکمرانی اور بحری شعبے کی لچک کو مضبوط بنانے کے لیے اشتراکی طریقۂ کار‘ اور ’بحری ٹیکنالوجیز میں انقلابی تبدیلیاں اور ان کے دوہرے استعمال کے مضمرات‘ شامل ہیں۔ ان اجلاسوں میں مشترکہ تحقیق، باہمی تعاون سے ٹیکنالوجی کی تیاری، ذمہ دارانہ حکمرانی، سائنسی معلومات تک مناسب رسائی اور اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کے لیے عملی طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

افتتاحی روز ’پرسپیکٹیو فرام دی فلیگ برج ‘ کے عنوان سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں بھارت اور سری لنکا کے سابق بحری سربراہان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سفیروں کے ساتھ ’سہیوگ کا سمواد‘ کے عنوان سے ایک خصوصی تبادلۂ خیال بھی ہوگا۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ پہلے دن یادگاری خطاب کریں گے۔ تین روزہ پروگرام میں وزارتی اور دیگر خصوصی خطابات کے علاوہ انڈو پیسیفک خطے کے 18 ممالک سے تعلق رکھنے والے بحری امور کے ماہرین، سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم، پالیسی سازوں اور دیگر ماہرین کے خیالات اور تجربات بھی پیش کیے جائیں گے۔

 

آئی پی آر ڈی میں مسائل کے حل پر مبنی ڈائیلاگ کو دی جانے والی اہمیت کے پیش نظر، اس بین الاقوامی کانفرنس میں ہونے والے تبادلۂ خیال کا مرکز قومی، ذیلی علاقائی اور پورے خطے کی سطح پر ایسے ٹھوس اور قابلِ عمل اقدامات کی نشاندہی ہوگا، جن پر بعد ازاں دو طرفہ، سہ فریقی اور کثیر فریقی تعاون کے موجودہ طریقۂ کار کے ذریعے عمل کیا جا سکے۔ ان اقدامات کا مقصد پورے انڈو پیسیفک خطے میں خوشگوار تعلقات، باہمی تعاون اور اشتراک کو فروغ دینا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/IPRDBanner_20261023123951_98d155.png

*****

(ش ح۔ ع ح۔رب  )

UN.6565


(ریلیز آئی ڈی: 2327346) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: हिन्दी , Assamese