نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے چھتیس گڑھ ہاکی لیگ کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی، اسے نچلی سطح پر ہاکی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا

کھیلو انڈیاٹرائبل گیمز کے بعد چھتیس گڑھ ہاکی لیگ ریاست کے لیے کھیلوں کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل؛ افتتاحی ایڈیشن میں چھ فرنچائزز اور 132 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 OCT 2026 9:21PM by PIB Delhi

مرکزی وزیرِ مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل، محترمہ رکشا کھڑسے نے بدھ، 21 اکتوبر 2026 کو رائے پور کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ پہلی چھتیس گڑھ ہاکی لیگ(سی ایچ ایل)کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed_20261021212247_93a523.jpg

چھتیس گڑھ میں کھیلوں کے فروغ کی رفتار کو مضبوط بنانا

کھیلو انڈیاٹرائبل گیمزکے بعد چھتیس گڑھ ہاکی لیگ ریاست میں کھیلوں کے ایک مضبوط مرکز کے طور پر ابھرنے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ جہاں کھیلو انڈیاٹرائبل گیمز نے قبائلی برادریوں کے کھیلوں کے ہنر کو اجاگر کیا، وہیں یہ لیگ ہاکی کھلاڑیوں کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرکے، نچلی سطح پر مقابلوں کو مضبوط بناکر اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع میں اضافہ کرکے اس پیش رفت کو آگے بڑھا رہی ہے۔ یہ دونوں اقدامات مجموعی طور پر کھیلوں کی ترقی کے تئیں چھتیس گڑھ کے بڑھتے ہوئے عزم اور ہندوستان کے کھیلوں کے مستقبل میں مزید اہم کردار ادا کرنے کی اس کی صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

چھتیس گڑھ حکومت کے محکمۂ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام اور ہاکی انڈیا کی منظوری سے منعقد ہونے والی اس لیگ میں ریاست کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والی چھ فرنچائز پر مبنی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس لیگ کا افتتاحی سیزن21 اکتوبر سے یکم نومبر 2026 تک رائے پور کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed(1)_20261021212327_38e162.jpg

نچلی سطح پر ہاکی کو مضبوط بنانا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کے منظم مواقع پیدا کرنے اور نچلی سطح پر کھیلوں کی ترقی کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ چھتیس گڑھ ہاکی لیگ جیسی لیگز نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرکے نچلی سطح پر کھیلوں میں شرکت اور اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے ہنر کو پروان چڑھانے کے لیے پورے نظام میں مسلسل کوششیں ضروری ہیں، جن میں معیاری کوچنگ، مسابقتی مواقع، کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ اور ادارہ جاتی تعاون شامل ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا کھیلوں کی مضبوط ثقافت کو فروغ دینے اور ہندوستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے دائرے کو وسیع کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed(2)_20261021212351_65c1f0.jpg

مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے قبائلی اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں میں کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا،چھتیس گڑھ میں ہندوستان کے کھیلوں کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور ایسے اقدامات، جو مقامی صلاحیتوں کو نامور کھلاڑیوں سے جوڑتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل کرنے، خود اعتمادی بڑھانے اور اعلیٰ معیار کے مقابلوں سے روشناس ہونے میں مدد دے سکتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed(3)_20261021212420_a15c74.jpg

ثقافتی شناخت اور تقریبات کا فروغ

اس لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں:راجدھانی رائلز، نیائے دھانی نائٹس، سنسکار دھنی اسٹرائیکرز، چکردھار چیمپئنز، بیلادیلا بُلز اور مین پت ٹائٹنز۔ ہر ٹیم میں22 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں چھتیس گڑھ کے 18 اور ریاست سے باہر کے چار کھلاڑی ہیں۔ ٹیموں میں سابق اولمپین کھلاڑی بھی نمایاں کھلاڑیوں کی حیثیت سے شامل ہیں، جو اس ٹورنامنٹ میں اپنا تجربہ اور اعلیٰ مسابقتی معیار لے کر آئیں گے۔

افتتاحی سیزن میں مجموعی طور پر 132 کھلاڑی حصہ لیں گے، جن میں چھتیس گڑھ کے 108 کھلاڑی اور 24 مہمان کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مردوں کے 18 میچ کھیلے جائیں گے، جس کے بعد یکم نومبر کو سیمی فائنل اور فائنل منعقد ہوں گے۔ خواتین کا ایک نمائشی میچ بھی منعقد کیا جائے گا، جس سے خواتین کی ہاکی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اس کھیل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کا موقع ملے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed(4)_20261021212448_c47e2e.jpg

اولمپین اور بھارتی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سردار سنگھ اس لیگ کے سفیر ہیں۔ امید ہے کہ لیگ سے ان کی وابستگی نوجوان کھلاڑیوں کو ترغیب دے گی اور انہیں بھارت کی ہاکی کی شاندار وراثت سے مزید قریب لائے گی۔

اس لیگ کی شناخت چھتیس گڑھ کی ثقافت اور جذبے سے جڑی ہوئی ہے۔ اس کا مسکوٹ‘باگھوا’ شیر سے متاثر ہے، جبکہ اس کا نعرہ‘‘چلو رے سنگی، ہاکی کھیلبو’’ ریاست کے مقامی رنگ و آہنگ کی عکاسی کرتا ہے اور ریاست بھر کے لوگوں کو ہاکی اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں تفریحی پروگراموں اور کھیلوں سے متعلق خراجِ تحسین کے ساتھ چھتیس گڑھ کے ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریاست کی روایات کو پیش کرنے والے ثقافتی پروگرام منعقد ہوں گے۔ تقریب میں پرفارم کرنے والے فنکاروں میں پنجابی گلوکار جسّی گل اور ببل رائے بھی شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/unnamed(5)_20261021212539_0fc2f5.jpg

اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 21 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، جس میں فاتح ٹیم کو 11 لاکھ روپے اور رنر اَپ ٹیم کو 6 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، مقابلے کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انفرادی ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔

تمام میچ رائے پور کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ شائقین کے لیے داخلہ مفت ہوگا، جبکہ میچوں کی براہِ راست نشریات جیو ہاٹ اسٹار پر کی جائیں گی، جس سے ملک بھر کے ہاکی شائقین مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

چھتیس گڑھ ہاکی لیگ حکومت کی معاونت، کھیلوں کے اداروں، تجربہ کار کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو ایک ساتھ لاکر کھیلوں کے ایک مضبوط نظام کی تشکیل کی وسیع تر کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مقامی کھلاڑیوں کو مقابلوں میں حصہ لینے اور سیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرکے یہ لیگ بھارتی ہاکی میں چھتیس گڑھ کے کردار کو مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو ترغیب دینے کی کوشش کرتی ہے۔

*******

 

) ش ح – رک )

U.NO- 6461

 


(ریلیز آئی ڈی: 2326402) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese