دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اراضی کےوسائل کے محکمے نے صفائی ستھرائی، ریکارڈ کے انتظام اور زیرالتوا معاملات کے تصفیے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خصوصی مہم 6 کو آگے بڑھایا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 OCT 2026 12:39PM by PIB Delhi

اراضی کے وسائل کا محکمے خصوصی مہم 6 کا نفاذ کر رہا ہے، جس میں صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینے، ریکارڈ کے انتظام کو مضبوط بنانے اور زیرِ التوا معاملات کے تصفیے میں تیزی لانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اراضی کے وسائل کے محکمے کےسکریٹری  کی رہنمائی میں اس مہم پر عمل درآمد کے تحت قریبی نگرانی کی جا رہی ہے، جس میں جواب دہی، باقاعدہ جائزوں اور مقررہ مدت میں نتائج کے حصول پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔

اراضی کے وسائل کے محکمے کےسکریٹری  سینئر افسران کے ساتھ اجلاسوں میں ہر ہفتے مہم کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں۔ سکریٹری موصوف  نے محکمے کے دفاتر اور ریکارڈ روم کا بھی دورہ کیا اور تمام ڈویژنل سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ صفائی مہم کی مؤثر نگرانی، ریکارڈ کا منظم جائزہ لینے اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق فائلوں کو تلف کرنے کو یقینی بنائیں۔ نوڈل افسر ڈویژنوں کے ساتھ باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے اور مہم پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے دفتری احاطے کا معائنہ بھی کر رہے ہیں۔ افسران اور اہلکاروں کو مہم کے مقاصد سے آگاہ کیا گیا ہے اور وہ اس کی مختلف سرگرمیوں میں بھی سرگرمی سے شامل ہو رہے ہیں۔

مذکورہ محکمے نے زیر التوا معاملات کے تصفیے اور ریکارڈ کے جائزے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ صفائی ستھرائی سے متعلق نشان زد کی گئی 12 سرگرمیوں میں سے 5 مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، مہم کے لیے مقررہ ہدف کے تحت عوامی شکایات میں سے 90 فیصد کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ ریکارڈ کے انتظام کے شعبے میں، 1,280 کاغذی فائلوں میں سے 945 اور 501 ای فائلوں میں سے 242 کا جائزہ لیا جا چکا ہے، تاکہ حسبِ ضرورت انہیں ریکارڈ درج کرنے، تلف کرنے یا بند کرنے کی کارروائی کی جا سکے۔ مہم کے تحت پیش رفت کو انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کے ایس سی ڈی پی ایم پورٹل پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

بیداری پیدا کرنے اور ملازمین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے مذکورہ محکمے نے 29 ستمبر 2026 کو ’’صفائی ستھرائی اور آبی ذخیرے کا تحفظ‘‘ کے موضوع پر مباحثے کا انعقاد کیا۔ ذہنی اور جسمانی صحت و تندرستی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، 30 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے شیواجی اسٹیڈیم اینیکسی دفتر میں واقع ریجویو ویلنیس سینٹر میں ملازمین کے لیے یوگا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اسی دن محکمے نے صفائی ستھرائی کے تئیں اپنی لگن اور دفتری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں ان کی قابلِ قدر خدمات اور تعاون کے اعتراف میں صفائی اور دیکھ بھال سے متعلق عملے کو بھی اعزاز سے  نوازا۔

’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ پہل کے جذبے اور اس کے موضوع ’’ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ‘‘ کے تحت محکمے نے یکم اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے اسکوپ کمپلیکس کے قریب واقع عوامی پارک میں اجتماعی رضاکارانہ محنت (شرم دان) کی سرگرمی کا انعقاد کیا۔ اس کے علاوہ، محکمے نے یکم سے 15 اکتوبر 2026 تک صفائی پکھواڑہ منایا اور کام کی جگہ پر صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت اور طرزِ عمل میں پائیدار تبدیلی کو فروغ دینے کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ماحولیاتی بیداری اور کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ 2 اکتوبر 2026 کو ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ پہل کے تحت اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں شجرکاری کریں۔ اس مہم کے تحت آئندہ منعقد کی جانے والی دیگر سرگرمیوں میں ایک اور یوگا سیشن، ذہنی صحت پر لیکچر اور ملازمین کے لیے مصوری کا مقابلہ شامل ہیں۔

متعلقہ محکمہ اس مہم کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور حاصل کردہ پیش رفت سے متعلق معلومات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بشمول ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام، کے ذریعے بھی عام کر رہا ہے، تاکہ بیداری پیدا کی جا سکے اور اس کے تعلق سے اپنے اقدامات کو اجاگر کیا جا سکے۔

مسلسل نگرانی، ریکارڈ کے منظم انتظام، زیرالتوا معاملات کے فوری تصفیے اور افسران و عملے کی سرگرم  شرکت کے ذریعے اراضی وسائل کا محکمہ خصوصی مہم 6 کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے بھی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ یہ اقدامات صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینے اور کام کا صاف ستھرا، مؤثر، منظم اور جواب دہ ماحول قائم کرنے کے تئیں محکمے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –ش  م-ع ن)

U. No. 6302


(ریلیز آئی ڈی: 2325054) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी