وزارت آیوش
کَوماربھرتیہ میں آر اے وی کے لیے اے آئی آئی اے کو مرکزِ امتیاز کا درجہ دیا گیا
سورن پراشن کے طریقۂ کار کو معیاری بنانے اور تحقیق و تربیت کو مضبوط بنانے کے لیے کوماراکون 2026 میں مفاہمت نامے پر دستخط
مہارشی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساتھ بین الاقوامی مفاہمت نامے کے تحت امریکہ میں آیوروید کی تعلیمی چیئر قائم کی جائے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 OCT 2026 9:07PM by PIB Delhi
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید(اے آئی آئی اے)نے نئی دہلی میں واقع اپنے ادارے میں منعقدہ کوماراکون 2026 کے دوران وزارتِ آیوش کے تحت راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ(آر اے وی)کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت اے آئی آئی اے، دہلی اور گوا کے شعبۂ کوماربھرتیہ کو آر اے وی کے لیے مرکزِ امتیاز تسلیم کیا گیا ہے۔
اس منظوری کے تحت کوماربھرتیہ(آیوروید میں امراضِ اطفال)کے شعبے میں معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز)وضع کرنے اور تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تخلیقی و اختراعی حقوق اور پالیسی تحقیق کے شعبے میں صلاحیت سازی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس شراکت داری میں سورن پراشن اور بچوں کی بیماریوں(بال روگ)سے متعلق دیگر شعبوں میں تحقیق اور تربیت کا بھی منصوبہ شامل ہے۔

اس مفاہمت نامے کا ایک اہم مقصد اے آئی آئی اے، گوا اور نئی دہلی میں ماہرین کے مشترکہ مشاورتی اجلاسوں کے ذریعے سورن پراشن سمسکار کے لیے معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی)وضع کرنا ہے۔ اس سلسلے میں دوا کے اجزا اور فارمولیشن کو معیاری بنانے، اس کی تیاری، استعمال کے طریقۂ کار اور بچے کی عمر و جسمانی قوت کے مطابق خوراک کا تعین کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ معیار کی جانچ، حفاظت، دستاویز بندی، نگرانی اور والدین و بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں میں بیداری پیدا کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اس اشتراک کے تحت سورن پراشن کی حفاظت اور افادیت سے متعلق تجربہ گاہوں اور طبی سطح پر تحقیق کی جائے گی، جو اس کی عملی ممکنات اور ضروری منظوریوں سے مشروط ہوگی۔ اس کے علاوہ مشترکہ تحقیقی اشاعتوں اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ(آر اے وی)تکنیکی امور پر تبادلۂ خیال میں تعاون کرے گا اور متعلقہ قومی و بین الاقوامی فریقوں تک معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی)کی تشہیر اور ترسیل میں مدد فراہم کرے گا۔
اے آئی آئی اے، گوا میں ‘پریاس’کے نام سے بچوں کی اعصابی بحالی کا ایک مربوط مرکز قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات پر مبنی منفرد طریقۂ علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ اس سینٹر میں بچوں کے لیے مخصوص پنچ کرما یونٹ کے ساتھ آیوروید کے ماہرینِ امراضِ اطفال، جدید طب کے ماہرِ اطفال، پیشہ ورانہ تھراپسٹ، گفتار کے معالج، فزیوتھراپسٹ، یوگا کے ماہرین اور سوستھ ورت (صحت مند طرزِ زندگی)کے شعبے سے وابستہ آیورویدک ماہرِ غذائیت کی خدمات شامل ہیں۔ یہ ماہرین مزید تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ(آر اے وی)کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
یہ ماہرین باہمی تعاون سے آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی)، دماغی فالج (سی پی)، توجہ کی کمی اور حد سے زیادہ سرگرمی کے عارضے (اے ڈی ایچ ڈی) اور اعصابی نشوونما سے متعلق دیگر مسائل کا سامنا کرنے والے بچوں کی مدد کرتے ہیں۔ اس طریقۂ علاج کا مقصد ہر بچے کی ضروریات کے مطابق مربوط نگہداشت فراہم کرکے اس کی روزمرہ سرگرمیوں، عملی شرکت اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
اے آئی آئی اے، گوا اور امریکہ کی ریاست آئیووا کے شہر فیئر فیلڈ میں واقع مہارشی انٹرنیشنل یونیورسٹی(ایم آئی یو)کے درمیان ایک بین الاقوامی مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت ایم آئی یو کے شعبۂ فعلیات اور صحت میں آیوروید کی تعلیمی چیئر قائم کی جائے گی۔ اس معاہدے میں تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں، نصاب کی تیاری، مختصر اور درمیانی مدت کے کورسز، نیز آیوروید سے متعلق ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسوں کے انعقاد کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
اس چیئر کے تحت مشترکہ تحقیق اور تحقیقی نتائج کو عام کرنے کے امکانات بھی تلاش کیے جائیں گے، جبکہ امریکہ میں آیوروید کے محفوظ استعمال کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ مفاہمت نامے میں اس اشتراک کے نتیجے میں تخلیق ہونے والے تخلیقی و اختراعی حقوق کے تحفظ سے متعلق دفعات بھی شامل ہیں۔
*******
) ش ح – رک )
U.NO- 8291
(ریلیز آئی ڈی: 2325005)
وزیٹر کاؤنٹر : 3