مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

خصوصی مہم 6.0: محکمہ ڈاک کی شکایات کے ازالے، صاف صفائی، ای-فضلہ کے تصفیے اور جگہ کے مؤثر انتظام میں اہم پیش رفت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 OCT 2026 6:57PM by PIB Delhi

وزارت مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے خصوصی مہم 6 کے نفاذ کے مرحلے کے دوران اہم پیش رفت کی ہے۔ یہ مہم 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک ملک بھر کے ڈاک اداروں میں چلائی جا رہی ہے۔ مہم کا مقصد صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینا، زیر التوا معاملات کو کم کرنا، ریکارڈ کے مؤثر انتظام کو فروغ دینا اور ای-فضلہ کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانا ہے، ساتھ ہی ڈاک اداروں میں کام کے ماحول اور شہریوں کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

خصوصی مہم 6 کے تحت محکمہ نے ملک بھر میں ایک لاکھ 50 ہزار عوامی شکایات کے ازالے، 1,500 اپیلوں کے نمٹارے اور ایک لاکھ 35 ہزار مقامات پر صفائی مہم چلانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ مہم مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی، جوابدہ حکمرانی اور پائیدار دفتری انتظام کے لیے محکمہ کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

16 اکتوبر 2026 تک اہم پیش رفت

مہم کے نفاذ کے مرحلے کے دوران محکمہ نے درج ذیل کامیابیاں حاصل کی ہیں:

صفائی مہم: پوسٹ آفس سمیت 73,814 مقامات پر صفائی کی سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں، جو ایک لاکھ 35 ہزار مقامات کے مجموعی ہدف کا تقریباً 55 فیصد ہے۔

عوامی شکایات کا ازالہ: ایک لاکھ 50 ہزار کے ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 214 عوامی شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے، جو ہدف کا تقریباً 67 فیصد ہے۔

اپیلوں کا نمٹارا: 1,500 کے ہدف کے مقابلے میں 764 اپیلوں کا نمٹارا کیا گیا ہے، جو ہدف کا تقریباً 51 فیصد ہے۔

کباڑے کا تصفیہ اور آمدنی: 2 اکتوبر 2026 سے اب تک مجموعی طور پر 3,06,026 کلوگرام کباڑ کو ٹھکانے لگایا گیا ہے، جس سے 67.56 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔

ای-فضلہ کا انتظام: سائنسی طریقے سے ای-فضلہ کے انتظام پر مہم کی توجہ کے مطابق 17,980 کلوگرام ای-فضلہ کو ٹھکانے لگایا گیا ہے، جس سے 27.64 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ یہ کوششیں ناکارہ ہوچکے الیکٹرانک آلات کو ذمہ داری کے ساتھ سنبھالنے اور ٹھکانے لگانے کے لیے محکمہ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

اختراعی اقدامات: فضلے کو اثاثے میں تبدیل کرنا

ڈاک کے مختلف سرکلز نے ری سائیکلنگ، دوبارہ استعمال اور دستیاب وسائل کے مفید استعمال کو فروغ دینے کے لیے اختراعی اقدامات بھی کیے ہیں۔

مغربی بنگال سرکل میں محکمہ کے بڑھئیوں اور کئی طرح کے کام کرنے والے عملے (ایم ٹی ایس) نے میل موٹر سروس (ایم ایم ایس)، کولکاتا میں سینئر مینیجر کے چیمبر کی تزئین و آرائش ری سائیکل کیے گئے لکڑی کے کباڑ سے کی۔ یہ اقدام ’فضلے سے اثاثہ‘ کے تصور کی مثال پیش کرتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح ضائع شدہ مواد کو تخلیقی انداز میں دوبارہ استعمال کرکے دفتری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

شہری مرکز حکمرانی اور خدمات کی فراہمی

شہریوں پر مرکوز اقدامات کے تحت محکمہ نے ڈیجی پوسٹ بھی متعارف کرایا ہے۔ یہ ایک فجیٹل ڈاک سروس ہے، جس کے ذریعے گجرات پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ٹریفک ای-چالان ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کرکے شہریوں تک فزیکل شکل میں پہنچائے جاتے ہیں۔ یہ اقدام وسیع ڈاک نیٹ ورک کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر تیار کی جانے والی شہری خدمات کو لوگوں تک پہنچانے میں ڈاک کے نظام کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔

محکمہ ڈاک خصوصی مہم 6 کے باقی ماندہ عرصے کے دوران اپنے اہداف حاصل کرنے، صفائی کے طریقوں کو برقرار رکھنے، ای-فضلہ کے سائنسی انتظام کو یقینی بنانے اور جوابدہ، مؤثر اور شہریوں پر مرکوز حکمرانی کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گا۔

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :6283  )


(ریلیز آئی ڈی: 2324956) وزیٹر کاؤنٹر : 17
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil