مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 این سی آر ٹی سی نے نموبھارت ڈے 2026 منایا، نموبھارت خدمات کے کامیاب تین سال مکمل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 OCT 2026 5:28PM by PIB Delhi

 این سی آر ٹی سی نے 17 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں ’نموبھارت ڈے 2026‘ منایا۔ اس موقع پر نموبھارت خدمات کے کامیاب تین سال مکمل ہونے اور علاقائی آمدورفت کے شعبے میں تبدیلی لانے والے سفر کی تکمیل کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر مکانات و شہری امور اور بجلی کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال، مکانات و شہری امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب توکھن ساہو، وزارت مکانات و شہری امور کے محکمہ کیپٹل ڈیولپمنٹ کی سکریٹری اور این سی آر ٹی سی کی چیئرپرسن محترمہ ڈی۔ تھارا اور شہری ترقی کے محکمہ کے سکریٹری جناب ستیندر سنگھ موجود تھے۔این سی آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب شالبھ گوئل نے ڈائریکٹروں اور سینئر افسران کے ہمراہ معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر این سی آر ٹی سی نے نموبھارت کے قابل ذکر سفر کا جائزہ پیش کیا اور اس دوران حاصل کیے گئے اہم سنگ میل، ملٹی موڈل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات، مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے کونے کونے تک کنیکٹیویٹی اور پروجیکٹ کی ماحولیاتی و مالی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے ’سولر آن ٹریک‘ جیسے اقدامات کے ساتھ 110 میگاواٹ کے کیپٹیو سولر پاور پلانٹ کی ترقی کو اجاگر کیا۔ ان کامیابیوں اور پروجیکٹ میں ہونے والی پیش رفت کو ایک فلم کے ذریعے پیش کیا گیا، جس میں ان کوششوں، اختراعات اور اقدامات کو اجاگر کیا گیا جو نموبھارت کے سفر کو مسلسل نئی سمت دے رہے ہیں۔

اس موقع پر مکانات و شہری امور اور بجلی کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے کہا، ’’نموبھارت محض ایک نام نہیں ہے، بلکہ یہ قوم کو اولین ترجیح دینے کے جذبے کے ساتھ ساتھ لگن، ثقافت اور روایات کی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ نموبھارت ریپڈ ریل ہندوستان میں علاقائی رابطے کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہی ہے اور شہری نقل و حمل کے مستقبل کو ایک نئی جہت دے رہی ہے۔ 20 اکتوبر 2023 کو معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے افتتاح کے بعد سے 82 کلومیٹر طویل دہلی-غازی آباد-میرٹھ کوریڈور پر 4.5 کروڑ سے زائد مسافروں نے سفر کیا ہے۔ یہ کامیابی جدید، محفوظ اور بلارکاوٹ آمدورفت پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘

 

انہوں نے مزید کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ بہتر آمدورفت محض شہروں کے درمیان فاصلے کم نہیں کرتی بلکہ لوگوں کو نئے مواقع سے بھی جوڑتی ہے، جس سے علاقائی ترقی اور معاشی پیش رفت میں تیزی آتی ہے۔ میں اس پرعزم پروجیکٹ کو عملی شکل دینے میں این سی آر ٹی سی کے تمام افسران، انجینئروں، تکنیکی ماہرین، ملازمین اور کارکنوں کی لگن اور عزم کے ساتھ دی گئی خدمات کو سراہتا ہوں۔‘‘

نموبھارت خدمات کا آغاز اکتوبر 2023 میں صاحب آباد اور دُہائی ڈپو کے درمیان 17 کلومیٹر طویل ترجیحی سیکشن کے افتتاح کے ساتھ ہوا تھا۔ اس کے بعد پورے کوریڈور کو مرحلہ وار آپریشنل کیا گیا۔ 22 فروری 2026 کو معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے میرٹھ میٹرو کے ساتھ مکمل 82 کلومیٹر طویل نموبھارت کوریڈور کو قوم کے نام وقف کیا۔ نموبھارت اس وقت روزانہ 1.1 لاکھ سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کر رہی ہے اور حال ہی میں ایک دن میں تقریباً 1.68 لاکھ مسافروں کے سفر کا اپنا اب تک کا سب سے زیادہ ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

تیز رفتار، کثرت سے دستیاب اور قابل اعتماد خدمات کے ذریعے نموبھارت لوگوں کو زیادہ مؤثر انداز میں سفر کرنے میں مدد دے رہی ہے، جس سے کام کی جگہوں، تعلیمی اداروں اور معاشی مراکز تک رسائی آسان ہوئی ہے اور مسافروں کو روزمرہ زندگی میں زیادہ سہولت اور وقت میسر آ رہا ہے۔

نموبھارت کے مزید دو ترجیحی کوریڈورز، یعنی دہلی-پانی پت-کرنال اور دہلی-گڑگاؤں-بہروڑ کو جلد منظوری ملنے کا امکان ہے۔ دو دیگر کوریڈورز، غازی آباد-جیور اور نوئیڈا-فریدآباد-گڑگاؤں بھی ڈی پی آر (تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ) کے مرحلے میں ہیں۔

 

اس موقع پر اس تبدیلی کے پیچھے اہم کردار ادا کرنے والے لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے این سی آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب شلبھ گوئل نے کہا، ’’این سی آر ٹی سی کا قیام ملک میں ایک جدید، محفوظ، قابل اعتماد اور ماحول دوست علاقائی ٹرانسپورٹ نظام تیار کرنے کے وژن کے ساتھ کیا گیا تھا۔ آج جب ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم نے اس وژن کو محض کاغذ تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کی سمت ٹھوس اور قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔‘‘ انہوں نے ان خاندانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو ہر چیلنج کے دوران ٹیم کے ارکان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے۔ انہوں نے تنظیم کے سفر میں ان کے غیر متزلزل تعاون کو این سی آر ٹی سی کی کامیابی کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔

 

اس موقع پر این سی آر ٹی سی کے سالانہ ایوارڈز بھی پیش کیے گئے، جن میں سال بھر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی لگن اور بہترین کارکردگی کے عزم کو سراہتے ہوئے نموبھارت کی کامیاب عمل آوری اور آپریشن میں ان کی قابل قدر خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ایوارڈز کے ذریعے نہ صرف انفرادی کامیابیوں بلکہ اجتماعی جذبے اور ٹیم ورک کو بھی سراہا گیا، جو این سی آر ٹی سی کے سفر کو مسلسل آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب میں موسیقی اور رقص کی پیشکشوں نے جشن میں ثقافتی رنگ بھرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو مزید پُرجوش بنا دیا۔

 

نموبھارت کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید عوامی ٹرانسپورٹ لوگوں کو مواقع کے قریب لانے اور ایک زیادہ مربوط، قابل رسائی اور پائیدار خطے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ مسافروں کو اپنے وژن کا مرکز بناتے ہوئے این سی آر ٹی سی محفوظ، آرام دہ، قابل اعتماد اور مؤثر آمدورفت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور خطے کے عوام کے لیے نموبھارت کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  6279)


(ریلیز آئی ڈی: 2324944) وزیٹر کاؤنٹر : 8