وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی بحریہ میں پہلے دیسی کثیرالمقاصد جہاز ’آئی این ایس سمرتھک‘ کی شمولیت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 OCT 2026 9:09PM by PIB Delhi

بھارتی بحری جہاز سمرتھک، جو اپنی نوعیت کا پہلا کثیرالمقاصد جہاز (ایم پی وی) ہے، کو 16 اکتوبر 2026 کو بھارتی بحریہ میں شامل کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت بھارت کے معزز نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے کی۔ اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن بھی موجود تھے۔ کرناٹک حکومت کے محنت و روزگار کے معزز وزیر کے علاوہ بحریہ اور دفاع کے سینئر افسران اور وزارتِ دفاع کی اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ لارسن اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ (ایل اینڈ ٹی) اور دیسی سازوسامان سے وابستہ اصل سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں (او ای ایمز) کے اہم نمائندے بھی جہاز کو بحریہ میں شامل کرنے کی تقریب میں موجود تھے۔

ایل اینڈ ٹی شپ یارڈ میں تیار اور تعمیر کیا گیا آئی این ایس سمرتھک، بھارت میں دیسی جہاز سازی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ یہ کسی بھارتی نجی شپ یارڈ میں تعمیر کیا جانے والا پہلا بڑا جنگی جہاز ہے۔ اس جہاز کی بحریہ میں شمولیت، ملک کی نجی جہاز سازی کی صنعت کی بڑھتی ہوئی پختگی اور صلاحیت کا مضبوط ثبوت ہے۔ یہ خود کفیل بھارت کے قومی تصور کو آگے بڑھانے کے لیے بھارتی بحریہ اور بھارتی جہاز سازی کی صنعت کے درمیان گہرے ہوتے ہوئے اشتراک کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

آزمائشوں اور جانچ کے لیے ایک ہمہ گیر پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا آئی این ایس سمرتھک، اکیسویں صدی میں بھارتی بحریہ کی بڑھتی ہوئی تکنیکی اور عملی صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ 75 فیصد سے زیادہ دیسی سازوسامان پر مشتمل اس جہاز کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر ماڈیولر طریقۂ تعمیر اور پیشگی تنصیب کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے تعمیراتی عمل اور تکمیل کے دورانیے کو نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بھارتی معیشت میں سرمایہ دوبارہ لگانے میں بھی تعاون کیا ہے۔

موزوں طور پر سمرتھک نام دیا گیا ہے، جس کے معنی ’’حمایت کرنے والا‘‘ ہیں۔ یہ جہاز ایک قابلِ اعتماد معاون کی حیثیت سے متعدد مشنوں میں مدد فراہم کرنے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔ اسے بنیادی طور پر ہمہ گیری اور حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس کی بدولت یہ مختلف النوع عملی اور ترقیاتی کام انجام دے سکتا ہے۔ اپنے نام کے عین مطابق، آئی این ایس سمرتھک ضرورت کے مطابق سمندری نگرانی اور جاسوسی، ساحلی سمندری حدود میں گشت اور انسانی امداد و آفات سے نمٹنے کی کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے ملک کی سمندری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور مختلف النوع عملی مشنوں اور آزمائشی سرگرمیوں کو انجام دینے کی بھارتی بحریہ کی صلاحیت میں اضافے کے لیے دیسی طور پر تیار کردہ بحری پلیٹ فارموں کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آئی این ایس سمرتھک کی بحریہ میں شمولیت، سمندری سلامتی، علاقائی استحکام اور بحرِ ہند کے خطے میں باہمی تعاون پر مبنی روابط کے تئیں ملک کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ یہ جہاز خود کفیل اور مضبوط گھریلو دفاعی صنعتی نظام کی تشکیل کے لیے بھارت کی مسلسل کوششوں کا مظہر ہے۔

آئی این ایس سمرتھک کی شمولیت سے ملکی صنعت کے ذریعے دیسی طور پر تیار کیے گئے نئے سینسرز اور ہتھیاروں کی آزمائش اور ان کی تربیت کے لیے بھارت کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ غیر روایتی سمندری خطرات میں اضافے کے پیش نظر، غیر یقینی سمندری ماحول میں اس جہاز کی ہمہ گیری ایک اہم فائدہ ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/Pic(1)_20261016211031_5ee387.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/Pic(2)_20261016211044_849642.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/Pic(3)_20261016211056_cadf1e.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/Pic(4)_20261016211107_9ee32e.jpeg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6245

 


(ریلیز آئی ڈی: 2324626) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil