ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
فضا ئی معیار کےبندوبست سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے سڑکوں کی دھول اور سڑکوں کی صفائی و جھاڑو دینے کے کاموں کی افادیت کا جائزہ لینے کے لیے گروگرام میں معائنہ مہم چلائی
کمیشن کی طرف سےمتعلقہ ایجنسیوں کو سڑکوں کو دھول سے پاک رکھنے کی ہدایت، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 4:53PM by PIB Delhi
قومی راجدھانی خطے اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے بندوبست سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم)نے 14 اکتوبر 2026 کو گروگرام میں خصوصی معائنہ مہم چلائی، تاکہ سڑکوں پر نظر آنے والی دھول کی موجودگی اور سڑکوں کی صفائی اور جھاڑو دینے کے کاموں کی افادیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ یہ دہلی اور قومی راجدھانی خطے میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے دھول کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد کو مضبوط بنانے اور سڑکوں کی صفائی بہتر کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
معائنے کے دوران سڑکوں پر نمایاں طور پر دھول کی زیادہ مقدار اور تعمیراتی و انہدامی کچرے کے جمع ہونے سے متعلق کل 258 خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ اس کے علاوہ، معائنہ کی گئی سڑکوں کے مختلف حصوں میں تباہ حال فٹ پاتھ اور گڑھے بھی پائے گئے۔ ان میں سے 174 خلاف ورزیاں میونسپل کارپوریشن آف گروگرام (ایم سی جی) کے دائرۂ اختیار میں آنے والی سڑکوں پر، جب کہ 84 خلاف ورزیاں گروگرام میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ایم ڈی اے) کے دائرۂ اختیار میں آنے والی سڑکوں پر پائی گئیں۔
کمیشن نے ایم سی جی اور جی ایم ڈی اے کے دائرۂ اختیار میں آنے والی سڑکوں کے معائنے کے لیے 4 خصوصی معائنہ دستے تعینات کیے تھے۔ اس مہم کے دوران تقریباً 104 کلومیٹر طویل سڑکوں کے 52 حصوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں تقریباً 56 کلومیٹر سڑکیں ایم سی جی اور 48 کلومیٹر سڑکیں جی ایم ڈی اے کے دائرۂ اختیار میں تھیں۔ معائنے میں گروگرام کی اہم سڑکیں شامل تھیں، جن میں پالم وہار، پیس سٹی-1 اور 2، سیکٹر 10، 21، 22، 23، سکندرپور، سیکٹر 53، 56، 27، 43، 26، 42 اور 54، مہرولی-گروگرام روڈ، دوارکا ایکسپریس وے، دولت آباد روڈ اور دھرم پور روڈ کے علاوہ ایم سی جی اور جی ایم ڈی اے کے دائرۂ اختیار میں آنے والی دیگر سڑکیں بھی شامل تھیں۔
معائنہ مہم کے دوران سامنے آنے والے مشاہدات سے ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ سڑکوں کی ذمہ دار ایجنسیوں کے لیے مقررہ صفائی، جھاڑو دینے اور دھول کی روک تھام کے اقدامات پر سختی سے اور مؤثر طریقے سے عمل درآمد ضروری ہے۔ کمیشن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سڑکوں کی باقاعدہ اور مؤثر صفائی اور جھاڑو دینے کے کام سڑکوں کی دھول پر قابو پانے اور گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث دھول کے دوبارہ فضا میں پھیلنے کو روکنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ سڑکوں پر دھول اور تعمیراتی و انہدامی کچرے کا جمع ہونا، نیز تباہ حال فٹ پاتھ اور گڑھے، دھول پیدا ہونے اور گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث اس کے دوبارہ فضا میں پھیلنے میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، جس سے فضائی معیار پر منفی اثر پڑتا ہے۔
مزید برآں، ایم سی جی، جی ایم ڈی اے اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سڑکوں کی دھول پر قابو پانے اور معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو ترجیحی بنیاد پر دور کرنے کے لیے ضروری اصلاحی اقدامات کریں۔ کمیشن نے زور دیا ہے کہ متعلقہ ایجنسیوں کے دائرۂ اختیار میں آنے والی سڑکوں کو باقاعدہ جھاڑو دینے، جمع شدہ دھول اور تعمیراتی و انہدامی کچرے کو ہٹانے اور بروقت اصلاحی کارروائی کے ذریعے صاف اور دھول سے پاک رکھا جائے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق قانونی چارہ جوئی سمیت سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دہلی اور قومی راجدھانی خطے میں معائنہ مہم جاری رہے گی، تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے مختلف اقدامات پر زمینی سطح پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے، ہدایات پر عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی جا سکے اور متعلقہ ایجنسیوں کے ذریعے بروقت اصلاحی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
*****
ش ح۔ک ح ۔ ت ع
U. N-6162
(ریلیز آئی ڈی: 2324025)
وزیٹر کاؤنٹر : 7