نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

نیتی آیوگ کے فرنٹیئر ٹیک ہب نے پائیدار ترقی کی منصوبہ بندی میں ریاستوں کی مدد کے لیے ڈیٹا سینٹر جائزہ فریم ورک پیش کیا


اس فریم ورک کا مقصد ریاستوں کو ڈیٹا سینٹر میں سرمایہ کاری راغب کرنے سے آگے بڑھ کر سرمایہ کاری کے لیے تیار بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے، اہم وسائل کے تحفظ اور طویل مدتی معاشی فوائد کو زیادہ سے زیادہ بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 OCT 2026 3:55PM by PIB Delhi

نیتی آیوگ کے فرنٹیئر ٹیک ہب نے ڈیٹا سینٹروں کی پائیدار ترقی کے لیے ریاستوں کو منصوبہ بندی میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے 14 اکتوبر 2026 کو ’’ڈیٹا سینٹر جائزہ فریم ورک‘‘ جاری کیا۔ اس موقع پر نیتی آیوگ کے رکن پروفیسر ابھے کرندیکر، نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب انوراگ جین، نیتی آیوگ کی ممتاز فیلو محترمہ دیبجانی گھوش، وزارتِ بجلی ، وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن  ٹیکنالوجی (مائٹی) اور وزارتِ تجارت  کے صنعت و داخلی تجارت کےفروغ کے  محکمہ (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے نمائندوں کے علاوہ صنعت اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

یہ فریم ورک صنعت، الیکٹرانکس و انفارمیشن  ٹیکنالوجی  کی  وزارت، وزارتِ بجلی اور ڈی پی آئی آئی ٹی سے موصولہ تجاویز کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ریاستی حکومتوں کو ڈیٹا سینٹر میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی، جائزے اور سہولت بہم پہنچانے  کے لیے ایک عملی طریقۂ کار فراہم کیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے ریاستیں بنیادی ڈھانچے کی تیاری کا جائزہ لے سکتی ہیں، اہم وسائل کا تحفظ یقینی بنا سکتی ہیں اور طویل مدت میں معاشی و اسٹریٹیجک  فوائد کو زیادہ سے زیادہ بڑھا سکتی ہیں۔

مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، اعلیٰ کارکردگی والی کمپیوٹنگ اور ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کی بڑھتی ہوئی مانگ کے تناظر  میں ہندوستان میں ڈیٹا سینٹروں کی صلاحیت 2020 میں تقریباً 375 میگاواٹ سے بڑھ کر اس وقت تقریباً 1.5 گیگاواٹ ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں تیزی کے ساتھ ڈیٹا سینٹر ملک کے تکنیکی اور معاشی اہداف کی تکمیل کے لیے اہم بنیادی ڈھانچے کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ اگرچہ اس سے بڑے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، تاہم ڈیٹا سینٹروں کے بڑھتے ہوئے حجم کے باعث بجلی، پانی، زمین، کنیکٹویٹی اور مقامی بنیادی ڈھانچے پر بھی خاصا دباؤ پڑ رہا ہے۔ اس لیے توجہ صرف سرمایہ کاری راغب کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے کہ منصوبے ایسی جگہوں پر قائم کیے جائیں جہاں ضروری بنیادی ڈھانچہ اور وسائل طویل مدت تک ان کی ضروریات پوری کر سکیں۔

حکومت ہند نے  ڈیٹا سینٹر میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان میں ہندوستان میں قائم ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے سے فائدہ اٹھانے والے اہل غیر ملکی کلاؤڈ خدمات فراہم کرنے والوں کو 2047 تک ٹیکس سے چھوٹ دینا بھی شامل ہے۔ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کے ساتھ اس شعبے کی پائیدار ترقی یقینی بنانے کے لیے ریاستی سطح پر مؤثر منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے لیے تیاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

اس موقع پر نیتی آیوگ کے رکن پروفیسر ابھے کرندیکر نے ہندوستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ڈیٹا سینٹر میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مقامی تحقیق و ترقی، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون اور ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی کے مکمل ویلیو چین میں ہندوستانی شرکت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید کولنگ نظام،کفایتی توانائی اور وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی کمپیوٹنگ کے شعبوں میں ہندوستان کی جانب سے اختراعی حل تیار کرنے کے امکانات کو بھی اجاگر کیا، تاکہ بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کو طویل مدتی معاشی اور تکنیکی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔

نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب انوراگ جین نے سرمایہ کاری راغب کرنے سے آگے بڑھ کر سرمایہ کاری کے لیے تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سینٹر کے منصوبوں کی حمایت کا فیصلہ کرنے سے پہلے ریاستوں کو بنیادی ڈھانچے کی دستیابی، وسائل کی ضروریات اور معاشی فوائد کا جائزہ لینا چاہیے۔ یہ فریم ورک ریاستوں کو باخبر فیصلے کرنے، ممکنہ رکاوٹوں کا پیشگی اندازہ لگانے اور ضابطوں کی ایک اضافی سطح قائم کیے بغیر منصوبوں پر تیز رفتار اور قابلِ پیش گوئی انداز میں عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے ایک منظم طریقۂ کار فراہم کرتا ہے۔

نیتی آیوگ کی ممتاز فیلو محترمہ دیبجانی گھوش نے کہا کہ ’’جیسے جیسے مصنوعی ذہانت عالمی معیشت کو نئی شکل دے رہی ہے، ڈیٹا سینٹر کلیدی اہمیت کے حامل اہم بنیادی ڈھانچے کی حیثیت اختیار کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے لیے موقع صرف سرمایہ کاری راغب کرنے تک محدود نہیں، بلکہ ایسی پائیدار صلاحیت پیدا کرنا ہے جو ہماری مسابقت کو مضبوط بنائے اور دیرپا معاشی فوائد فراہم کرے۔ یہ فریم ورک ریاستوں کو زیادہ دانش مندانہ فیصلے کرنے میں مدد دے گا، جس کے تحت مناسب مقامات کی نشاندہی، مانگ میں اضافے سے پہلے بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے گا کہ ہر سرمایہ کاری سے عوام کو کافی   فائدہ حاصل ہو۔‘‘

سرمایہ کاری کے لیے تیار اور ڈیٹا سینٹروں کی پائیدار ترقی کا فریم ورک

یہ فریم ورک پانچ ستونوں پر مبنی ہے: بجلی اور توانائی؛ پانی اور ٹھنڈک کا نظام؛ مقام کا انتخاب اور ماحولیاتی پائیداری؛ معاشی اور اسٹریٹیجک  قدر اور پالیسی، حکمرانی اور نفاذ۔

وسائل کی پائیداری یقینی بنانے کے لیے اہم سفارشات میں بجلی کے گرڈ کی تیاری اور گرڈ سے حاصل کی جانے والی خالص بجلی کا جائزہ لینا، قابلِ تجدید توانائی اور ذخیرہ کرنے کے نظام سے لیس بجلی کے استعمال کو فروغ دینا، نیز طاس کی سطح پر پانی کی قلت اور عوامی فراہمی پر اس کے اثرات کا جائزہ لینا شامل ہے۔ اس فریم ورک میں بارش کے پانی کو جمع کرنے، مقام پر ہی پانی کی صفائی اور ذخیرہ کرنے، نیز الیکٹرانک کچرے، بیٹریوں اور دیگر مضر کچرے کے انتظام کے لیے ان کی پوری مدتِ استعمال پر مبنی منصوبے تیار کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

معاشی فوائد کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے اس فریم ورک میں ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے موزوں علاقوں کی نشاندہی، کولیکشن کی سہولت فراہم کرنے والے ڈیٹا سینٹروں اور فعال کمپیوٹنگ خدمات کے درمیان فرق واضح کرنے، ریاستی مراعات کو قابلِ پیمائش نتائج سے جوڑنے اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے ساتھ غیر اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے میں بھی ’میک اِن انڈیا‘ کو فروغ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ان اقدامات کے ساتھ منظوریوں کے لیے مقررہ مدت، واضح جواب دہی اور پروجیکٹوں سے متعلق وعدوں کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اس فریم ورک کا مقصد ریاستی حکومتوں کے لیے فیصلہ سازی میں معاونت کا ذریعہ بننا ہے، تاکہ وہ بنیادی ڈھانچے کی دستیابی، ماحولیاتی پائیداری، معاشی قدر اور نفاذ کی تیاری کی بنیاد پر سرمایہ کاری کی تجاویز کا جائزہ لے سکیں۔ ممکنہ رکاوٹوں کی پیشگی نشاندہی اور پروجیکٹوں کی ضروریات کے بارے میں زیادہ وضاحت فراہم کرکے اس کا مقصد سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں کو بہتر بنانا، نفاذ کے خطرات کو کم کرنا اور ہندوستان میں ڈیٹا سینٹر کے نظام کی پائیدار ترقی کو آسان بنانا ہے۔

اس فریم ورک کا مقصد ریاستوں کو بہتر منصوبہ بندی کرنے، تیزی سے پیش رفت کرنے اور ڈیٹا سینٹر میں سرمایہ کاری کے اگلے سلسلے کو  پائیدار صلاحیت اور دیرپا معاشی فوائد میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

فریم ورک یہاں ملاحظہ کریں: https://www.niti.gov.in/sites/default/files/2026-10/Data-Centre-Evaluation-Framework-to-Help-States-Plan-for-Sustainable-Growth.pdf

****

ش ح۔ م ع۔ خ م

U.NO.6153


(ریلیز آئی ڈی: 2324014) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी