سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
متعلقہ فریقوں نے ہائیڈروجن ویلیو چین میں حالیہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 2:36PM by PIB Delhi
معروف سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم، صنعت کے ماہرین، تکنیکی ماہرین، محققین اور طلبہ نے قومی ہائیڈروجن اور ایندھن سیل کے دن کے موقع پر منعقدہ ایک ورکشاپ میں ہائیڈروجن ویلیو چین کے مختلف شعبوں میں حالیہ پیش رفت، ابھرتے ہوئے مواقع اور چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
چنئی کے آئی آئی ٹی مدراس ریسرچ پارک میں منعقدہ اس ورکشاپ میں اے آر سی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آر وجے نے کہا کہ ’’ہندوستان میں دیسی ہائیڈروجن اور فیول سیل ٹیکنالوجیز کے لیے جدید مواد کی تحقیق و ترقی پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان میں الیکٹروکیٹالسٹ، بائی پولر پلیٹس، میمبرین الیکٹروڈ اسمبلیاں، فیول سیل اسٹیکس اور ہائیڈروجن تیار کرنے کے لیے الکلائن الیکٹرولائزر شامل ہیں۔‘‘
حکومت ہند کے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک خود مختار تحقیقی و ترقیاتی مرکز، انٹرنیشنل ایڈوانسڈ ریسرچ سینٹر فار پاؤڈر میٹالرجی اینڈ نیو میٹیریلز (اے آر سی آئی) کے زیرِ اہتمام 13 اکتوبر 2026 کو منعقدہ اس ورکشاپ میں ہائیڈروجن کی تیاری، ذخیرہ اندوزی ، صاف کرنے اور استعمال سے متعلق امور پر غور و خوض کیا گیا۔ اس دوران فیول سیل ٹیکنالوجیز، گاڑیوں میں ان کے استعمال، تحفظ، معیارات اور صنعتی سطح پر ان کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی آئی ٹی دہلی- ابوظہبی کے پروفیسر آر آر سوندے نے پانچ اہم قومی عزائم کی وضاحت کی، جن میں توانائی کے شعبے میں خود کفالت، معاشی ترقی، صفر کاربن اخراج اور صنعتوں سے کاربن کے اخراج میں کمی، سبھی کے لیے توانائی کی دستیابی اور صاف ستھرا ماحول شامل ہیں۔ انہوں نے مقامی طور پر دستیاب اور ماحولیات سے ہائیڈروجن تیار کرنے کے مختلف طریقوں سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا، تاکہ ملک میں ہائیڈروجن کے گھریلو نظام کے قیام کو تیز کیا جا سکے،نیز ایک مضبوط ہائیڈروجن معیشت کو فروغ دیا جا سکے اور قومی توانائی خود کفالت کو مستحکم بنایا جا سکے۔

شکل 1: معزز شخصیات، مدعو مقررین اور شرکاء کی گروپ تصویر
اے آر سی آئی کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر آر سوباسری نے ماحول کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے کرۂ ارض کو محفوظ بنانے کی غرض سے صاف ستھری اور زیادہ پائیدار توانائی ٹیکنالوجیز کی جانب منتقلی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔
’’ہائیڈروجن ویلیو چین میں حالیہ پیش رفت‘‘ کے موضوع پر منعقدہ نویں ورکشاپ میں تقریباً 150 مندوبین نے شرکت کی۔ ان میں تعلیمی اداروں، تحقیق و ترقی کے اداروں اور صنعت سے وابستہ ماہرین شامل تھے، جنہوں نے تکنیکی سیشن کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
ورکشاپ میں ہونے والے تبادلۂ خیال اور غور و خوض سے مجموعی طور پر ہائیڈروجن ٹیکنالوجی کی ترقی کی کثیرجہتی نوعیت اجاگر ہوئی۔ اس میں بنیادی مواد پر تحقیق اور جدید اجزا کی تیاری سے لے کر ہائیڈروجن کی پیداوار، ذخیرہ، نظام کے انضمام اور صنعتی سطح پر استعمال تک کے مختلف پہلو شامل تھے۔

شکل 2: ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کے دوران مہمانِ اعزازی پروفیسر آر آر سوندے کو اے آر سی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آر وجے اعزاز سے نوازتے ہوئے۔
****
ش ح۔ م ع۔ خ م
U.NO.6146
(ریلیز آئی ڈی: 2323885)
وزیٹر کاؤنٹر : 9