عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای-گورننس اصلاحات  سے متعلق قومی کانفرنس 16 اور 17 اکتوبر 2026 کو دھرم شالہ میں منعقد ہوگی


کانفرنس میں ہماچل پردیش کے بہترین طور طریقوں اور ملک بھر کے ای-گورننس کے شعبے میں اعزاز یافتہ اقدامات کو پیش کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 OCT 2026 2:48PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت کے تحت انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کامحکمہ(ڈی اے آر پی جی)، حکومتِ ہماچل پردیش کے تعاون سے 16 اور 17 اکتوبر 2026 کو ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں ای-گورننس اصلاحات سے متعلق دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے۔ اس کانفرنس میں ملک بھر کے سینئر سرکاری افسران اور عملی میدان میں کام کرنے والے ماہرین شرکت کریں گے، جہاں ای-گورننس اصلاحات، ڈیجیٹل تبدیلی، جدت طرازی اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے طریقوں کو اپنانے جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس وژن کے تحت کہ حکمرانی میں اصلاحات ملک کے ہر حصے تک پہنچیں، انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کامحکمہ(ڈی اے آر پی جی)نے ان قومی کانفرنسوں کا انعقاد نئی دہلی سے باہر بھی شروع کیا ہے۔ عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی قیادت میں یہ کانفرنسیں ملک کے مختلف حصوں میں منعقد کی گئی ہیں، جن میں متنوع جغرافیائی خطوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس طرح حکمرانی میں اصلاحات کو ریاستوں اور شہریوں کے مزید قریب لانے کی کوشش کی گئی ہے۔

افتتاحی اجلاس سے ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب سکھوندر سنگھ سکھو، حکومت ہند کے محکمۂ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی) کی سکریٹری محترمہ نویدیتا شکلا ورما اور حکومت ہماچل پردیش کے چیف سکریٹری جناب کملیش کمار پنت خطاب کریں گے۔

کانفرنس میں ہماچل پردیش  کی حکومت کے ذریعے اپنائے گئے بہترین طریقوں اور ای-گورننس کے قومی ایوارڈز کے تحت اعزاز یافتہ کامیاب اقدامات پر پیش کشیں کی جائیں گی۔ ان مباحثوں میں عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، انتظامی کارکردگی کو مضبوط کرنے اور حکمرانی کو شہریوں کی ضروریات سے زیادہ ہم آہنگ بنانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

کانفرنس کے پہلے دن ہماچل پردیش کے بہترین  طورطریقوں پر ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں ہم پریوار، سکھ آشرے، ودیا سمیکشا کیندر، گرین ہماچل اور راجیو گاندھی ون سموَردھن یوجنا جیسے اقدامات کا احاطہ کیا جائے گا۔

کانفرنس میں قومی سطح کے ای-گورننس اقدامات بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں ایگری اسٹیک، ای-جاگرتی، ای سنجیونی ٹیلی میڈیسن سروس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی طبی فیصلہ سازی میں معاون نظام، کثیر خطرات کے لیے ابتدائی انتباہ اور فیصلہ سازی میں معاون نظام اور آئی گوٹ کرم یوگی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ صحت کی دیکھ بھال، عدالتی انتظامیہ، ڈیجیٹل سفری خدمات اور ریاستی، ضلع و زمینی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر بھی پیش کشیں کی جائیں گی۔

دوسرے دن کے اجلاسوں میں سائبر تحفظ، ای-گورننس کے بہترین طریقوں، کامیاب اقدامات کو دوسری جگہوں پر اپنانے، اعداد و شمار کے تجزیے اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹل حل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ان اجلاسوں میں سائبر تحفظ کے نظام، ڈیجیٹل بینکاری، جانوروں کی بیماریوں کے انتظام، خون کی تھیلیوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے، تعلیم و تربیت، شہری حکمرانی اور ڈیجیٹل تجارت کے لیے اوپن نیٹ ورک (او این ڈی سی) سے متعلق اقدامات پیش کیے جائیں گے۔

یہ کانفرنس شرکت کرنے والی ریاستوں، اضلاع اور سرکاری اداروں کو اپنے تجربات اور خیالات کے تبادلے اور کامیاب اقدامات کو دوسری جگہوں پر اپنانے کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس سے جوابدہی، شفافیت، مؤثر اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

اس کانفرنس کا ایک اختتامی اجلاس ہوگا، جس سے ہماچل پردیش  حکومت کے چیف سکریٹری اور محکمۂ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کی سکریٹری محترمہ نویدیتا شکلا ورما خطاب کریں گی۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261015144919_b60132.jpg

******

) ش ح –  م   م  ع  -  ف ر )

U.No. 6147


(ریلیز آئی ڈی: 2323845) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी