نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
نوجوانوں کے امور سے متعلق محکمہ کی خصوصی مہم 6.0 کی تیاریاں تیز، الیکٹرانک کچرے کو جمع کرنے اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے پر زور
تیاری کا مرحلہ 15 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ مہم پر عمل درآمد کا مرحلہ 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک انجام دیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 SEP 2026 5:15PM by PIB Delhi
محکمۂ امورِ نوجوانان، وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل، 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی مہم 6.0 چلانے کی تیاری کر رہا ہے۔ زیرِ التوا معاملات کو نمٹانے کی یہ خصوصی مہم 2021 سے ہر سال منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی معمول بنانا، زیر التواء معاملات میں کمی لانا، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا، الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے کے عمل کو فروغ دینا اور سرکاری دفاتر میں دستیاب جگہ کا بہترین استعمال یقینی بنانا ہے۔
خصوصی مہم 6.0 میں ‘‘الیکٹرانک کچرے کو مؤثر انداز میں جمع کرنے، الگ الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے’’ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ مہم دو مرحلوں میں چلائی جائے گی۔ اس کا ابتدائی تیاری کا مرحلہ 15 سے 30 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ عملی نفاذ کا مرحلہ 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک انجام دیا جائے گا۔
تیاری کے مرحلے کے دوران محکمہ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او)، اہم شخصیات(وی آئی پیز) اور ریاستی حکومتوں سے موصول ہونے والےزیر التواء حوالہ جات اور پارلیمنٹ میں دی گئی یقین دہانیوں سے متعلق زیر التواء معاملات کی نشاندہی کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، تلف کیے جانے والے غیر ضروری اور ناکارہ سامان کی مقدار کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسے ٹھکانے لگانے کے طریقۂ کار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
مہم کے بنیادی مقصد کے مطابق، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت (ایم او ای ایف سی سی) کے رہنما خطوط کے تحت الیکٹرانک کچرے کو مؤثر طریقے سے جمع کرنے اور الگ الگ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عملی نفاذ کے مرحلے کے لیے ان سرگرمیوں سے متعلق اہداف بھی طے کیے جا رہے ہیں۔
تیاری کے مرحلے میں وزارت اور اس کے ماتحت اداروں میں ریکارڈ کے نظم و نسق اور دفتری جگہ کے مؤثر استعمال کے طریقۂ کار کو مزید مستحکم بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری اور ناکارہ مواد کو منظم انداز میں تلف کرنا، دستیاب دفتری جگہ کا مؤثر استعمال یقینی بنانا اور صفائی ستھرائی اور وسائل کے بہتر انتظام سے متعلق ادارہ جاتی طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
محکمہ پہلے ہی الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کے مؤثر انتظام اور ریکارڈ کو ڈجیٹل شکل میں محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کر چکا ہے۔ شاستری بھون سے حاصل ہونے والے الیکٹرانک کچرے کی دسمبر 2025 میں نیلامی کی گئی، جس سے 2,35,100 روپے کی آمدنی ہوئی۔ مزید برآں، کاغذی فائلوں اور ریکارڈ کی اسکیننگ اور ڈجیٹلائزیشن کا کام جنوری 2026 میں مکمل کر لیا گیا۔
گزشتہ برسوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، محکمہ امورِ نوجوانان اپنے منسلک دفتر، ماتحت دفاتر بشمول فیلڈ دفاتر، اور خود مختار ادارے کے ساتھ مل کر خصوصی مہم 6.0 کے آغاز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ محکمہ صفائی ستھرائی کے مؤثر طریقوں کو فروغ دینے، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانے، ریکارڈ اور دفتری جگہ کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے، اور الیکٹرانک کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام اور مناسب تلفی کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
***
ش ح۔ س ک۔ ج ا
U.No. 6125
(ریلیز آئی ڈی: 2323725)
وزیٹر کاؤنٹر : 7