سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
حوصلے کی پرواز، خود انحصاری کی پہچان
کیرالہ کے الاپّوزھا کی سنیتھامول کا مالی خود مختاری کی جانب سفر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 5:21PM by PIB Delhi
بروقت مالی امداد اور کاروبار شروع کرنے کے مواقع خواتین کو معاشی مشکلات پر قابو پانے اور روزگار کے ذریعے خود کفیل زندگی گزارنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
محترمہ سنیتھامول پی ایس کا تقریباً ایک دہائی تک بے روزگار رہنے کے بعد کامیابی سے بیکری چلانے تک کا سفر، روزگار کے لیے معاونت کی تبدیلی لانے والی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
کیرالہ کے ضلع الاپّوزھا کے علاقے ماراریکولم کی رہنے والی محترمہ سنیتھامول پی ایس نے بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی تھی۔ اپنے دو بچوں کی پرورش اور گھریلو ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وہ تقریباً دس سال تک بے روزگار رہیں۔ ان ذمہ داریوں کے باوجود انہوں نے مالی طور پر خود کفیل بننے اور اپنے خاندان کی خوش حالی میں حصہ ڈالنے کی امید برقرار رکھی۔
2023 میں محترمہ سنیتھامول کو نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی) کی ’مہیلا آجیویکا یوجنا ‘ (ایم اے وائی) کے تحت کیرالہ اسٹیٹ ویمن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (کے ایس ڈبلیو ڈی سی) کے ذریعے 2.85 لاکھ روپے کا قرض ملا۔ انہوں نے اس مالی امداد سے بیکری کے لیے ضروری سامان خریدا اور اپنے قصبے میں ایک دکان کرائے پر لی، اس طرح اپنا کاروبار شروع کرنے کی امنگ کو حقیقت میں بدل دیا۔
لگن اور سخت محنت کے ساتھ محترمہ سنیتھا مول نے اپنی بیکری کو ایک کامیاب کاروبار میں تبدیل کر دیا۔ رفتہ رفتہ یہ کاروبار آمدنی کا ایک قابلِ اعتماد ذریعہ بن گیا، جس سے انہیں خود کفیل بننے کا اپنا مقصد حاصل کرنے کے ساتھ گھریلو ذمہ داریاں نبھانے میں بھی مدد ملی۔
آج قرض کی تمام اقساط ادا کرنے کے بعد محترمہ سنیتھامول اپنی بیکری سے ہر ماہ تقریباً 20,000 روپے کماتی ہیں۔ ان کے کاروبار نے ان کی مالی خود مختاری کو مضبوط بنایا ہے اور انہیں اپنے خاندان کے معاش میں بامعنی تعاون کرنے کے قابل بنایا ہے۔ ان کی کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ قرض کی سہولت، عزم اور کاروباری صلاحیت کے امتزاج سے خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
محترمہ سنیتھامول کا تجربہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں اور معاشی خود مختاری کو فروغ دینے میں ہدف پر مبنی مالی امداد کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ این ایس ایف ڈی سی کی مہیلا آجیویکا یوجنا کے ذریعے انہوں نے بے روزگاری کے طویل دور کو اعتماد، کاروبار اور خود انحصاری کے سفر میں بدل دیا ہے۔
*****
ش ح ۔ا ک۔ ر ب
U: 6080
(ریلیز آئی ڈی: 2323456)
وزیٹر کاؤنٹر : 10