سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
صحت یابی سے خود انحصاری تک – صحت مند زندگی کی جانب سفر
آسام کے ضلع ناگاؤں کے رنجیت داس کا صحت یابی اور مالی خود کفالت کی جانب سفر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 5:20PM by PIB Delhi
بروقت مشاورت، باز آبادکاری اور نفسیاتی امداد تک رسائی کے ذریعہ افراد کو نشے سے متعلق مسائل پر قابو پانے اور اپنی زندگی کو دوبارہ سنوارنے میں مدد پہنچائی جا سکتی ہے۔
آسام کے ضلع ناگاؤں کے باشندہ 31 سالہ رنجیت داس (بدلا ہوا نام) کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نشے کی لت سے چھٹکارا دلانے کی جامع خدمات صحت یابی کو فروغ دینے، خود اعتمادی کو بحال کرنے اور افراد کو خود کفالت اور باوقار زندگی کی جانب بڑھنے کے قابل بنانے میں کتنی اہم ہیں۔
درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے رنجیت داس نے ہائی اسکول تک تعلیم حاصل کی تھی اور انہیں سماجی و معاشی سطح پر متعدد چیلنجوں کا سامنا تھا۔ مالی مشکلات، تعلیمی مواقع کی کمی، بے روزگاری اور پیشہ ورانہ تربیت کے فقدان نے ان کے لیے روزگار کا مستحکم ذریعہ حاصل کرنا مشکل بنا دیا تھا۔ صحت کی نگہداشت اور مشاورت کی خدمات تک محدود رسائی کے ساتھ سماجی بدنامی کا خوف، خود اعتمادی کی کمی اور دستیاب امدادی نظام کے بارے میں ناکافی آگاہی سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔
ان چیلنجوں کے باوجود، ان کی خواہش تھی کہ وہ صحت یاب ہو، خود کفیل بنے، اپنے خاندان کی مالی مدد کرے اور صحت مند و سماجی طور پر بھرپور زندگی گزارے۔ اگرچہ ان کے خاندان نے ان کا ساتھ دیا، لیکن مالی تنگی اور رہنمائی کی کمی کے باعث مناسب مدد حاصل کرنا مشکل تھا۔
مورخہ3 مارچ 2026 کو رنجیت داس کو آسام کے ناگاؤں میں واقع ڈسٹرکٹ ڈی ایڈکشن سینٹر (ڈی ڈی اے سی) سے مدد ملی۔ مرکز نے ان کی صحت یابی، نفسیاتی بہبود اوربازآبادکاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے جامع معاونت فراہم کی۔ اس معاونت میں مشاورت کی خدمات، طبی مراکز سے رجوع کرنے کی سہولت، نفسیاتی مدد، بیداری کے اجلاس اور زندگی گزارنے سے متعلق ہنر کی تعلیم شامل تھی۔ خاندانی مشاورت اور باقاعدہ پیروی کی خدمات سے اس امدادی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملی جو صحت یابی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ جذباتی امداد اور حوصلہ افزائی پر مبنی مشاورت نے بھی انہیں خود اعتمادی بحال کرنے اور صحت مند و زیادہ خود مختار مستقبل کی جانب بڑھنے کی ترغیب دی۔

مسلسل معاونت اور پختہ عزم کے ساتھ رنجیت داس نے کامیابی سے نشے کی لت سے چھٹکارا حاصل کیا اور اپنی خود اعتمادی بحال کی۔ اب وہ خود روزگار سے وابستہ ہے اور ماہانہ کم از کم 10,000 روپے کماتا ہے۔ آمدنی میں اس اضافے سے ان کے خاندان کو زیادہ مالی استحکام حاصل ہوا ہے اور انہیں خود کفالت کے اپنے مقصد کی جانب بڑھنے میں مدد ملی ہے۔ ان کی پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مناسب مشاورت، بازآبادکاری، خاندان کی شمولیت اور مسلسل حوصلہ افزائی کے ذریعے افراد کو مشکلات پر قابو پانے اور اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے میں مدد دی جا سکتی ہے۔
رنجیت داس کا سفر نشے کی لت سے متاثرہ افراد کی صحت یابی میں سہولت فراہم کرنے، ان کی خود اعتمادی مضبوط بنانے اور انہیں سماجی و معاشی طور پر دوبارہ معاشرے کا حصہ بنانے میں ڈسٹرکٹ ڈی ایڈیکشن سینٹر کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ جامع معاونت اور مسلسل پیروی کے ذریعے انہوں نے صحت مند زندگی، روزگار کے مستحکم ذریعے اور زیادہ مالی خود مختاری کی جانب بامعنی پیش رفت کی ہے۔ ان کا تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ ادارہ جاتی مدد تک رسائی، ذاتی عزم اور خاندانی حوصلہ افزائی کے ساتھ مل کر افراد کو باوقار زندگی، بہتر فلاح و بہبود اور زیادہ محفوظ مستقبل کی جانب بڑھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
******
ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا
UR No-6082
(ریلیز آئی ڈی: 2323447)
وزیٹر کاؤنٹر : 8