ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ماحولیات اور دہلی کی وزیر اعلیٰ نے آنند وہار کے آلودگی کے مرکز میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور شاستری پارک میں دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے مصنوعی ذہانت سے لیس مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کا دورہ کیا


معزز شخصیات نے برقی گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنوں کا افتتاح کیا، 150برقی بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی اور دہلی میں فضائی معیار کی نگرانی کے 13 نئے مسلسل،خودکار مراکز کا افتتاح کیا

جناب بھوپیندر یادو نے برقی نقل و حرکت کو فروغ دینے، آنند وہار کے آلودگی کے مرکز میں فضائی آلودگی پر قابو پانے، فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کے مراکز کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور بہتر فضائی معیار کی نگرانی کے لیے انہیں مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز سے جوڑنے پر دہلی حکومت کو مبارک باد دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 OCT 2026 1:53PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج قومی راجدھانی خطہ دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کے ساتھ آنند وہار کے اہم آلودگی والے مقام پر دہلی حکومت کی جانب سے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کا موقع پر تفصیلی جائزہ لیا۔ معزز شخصیات نے شاستری پارک میں  واقع دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی)کے مصنوعی ذہانت سے لیس مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز(آئی سی سی سی)کا بھی دورہ کیا۔

جائزے کے دوران معزز شخصیات نے دہلی میں آئی ایس بی ٹی آنند وہار، نند نگری ڈپو، روہنی سیکٹر-37 ڈپو، نانگلوئی ڈپو اور کیشوپور ڈپو میں عوامی استعمال کے لیے برقی گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں کا ورچوئل افتتاح کیا، جبکہ سوامی وویکانند آئی ایس بی ٹی، آنند وہار سے 150نئی برقی بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزراء نے دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی(ڈی پی سی سی)کی جانب سے دہلی بھر میں نصب کیے گئے فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کے 13 نئے مراکز (سی اے اے کیو ایم ایس)کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر موجود دیگر معزز شخصیات میں دہلی حکومت میں ماحولیات، جنگلات اور جنگلی حیات کے وزیر سردار منجندر سنگھ سرسا، دہلی حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ، مشرقی دہلی سے رکن پارلیمنٹ(لوک سبھا)اور مرکزی وزیر مملکت

برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں جناب ہرش ملہوترا، نیز مرکزی حکومت اور قومی راجدھانی خطہ دہلی حکومت کے سینئر افسران شامل تھے۔

آنند وہار آئی ایس بی ٹی کے دورے کے دوران وزراء کو بتایا گیا کہ ٹریفک کی بھیڑ، بس ٹرمینل پر آنے جانے والی بسوں سے پیدا ہونے والی آلودگی، سڑکوں کے کنارے جمع گرد و غبار، کچی سڑکوں اور ان کے کناروں سے اڑنے والی دھول، سڑکوں پر گڑھوں، کچی پارکنگ، ٹرمینل کے فرش کی نامکمل پختگی، تعمیراتی اور انہدام کی سرگرمیوں، کچرے اور پلاسٹک کو غیر مناسب طریقے سے پھینکنے اور کچرے کو کھلے میں جلانے کے باعث آنند وہار فضائی آلودگی کا ایک بڑا مرکز بن گیا تھا۔

اس مقام پر فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ 11 ایجنسیوں کو قلیل مدتی اور طویل مدتی اقدامات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اندرونی سڑکوں کو پختہ کیا گیا، تجاوزات ہٹائی گئیں، تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران سبز جالیوں کے استعمال اور گرد و غبار پر قابو پانے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا، تعمیراتی اور انہدامی ملبے کو غیر قانونی طور پر پھینکنے کے مقامات کو صاف کیا گیا اور ٹریفک کی بھیڑ کو دور کیا گیا۔ اس مقام پر شجرکاری اور سبزہ بڑھانے جیسے طویل مدتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے مختلف محکموں کی مشترکہ کوششوں سے آلودگی کے اس مرکز میں فضائی آلودگی کے مسلسل برقرار رہنے والے مسئلے پر اب قابو پا لیا گیا ہے۔

اس کے بعد معزز شخصیات نے شاستری پارک میں دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی)کے مصنوعی ذہانت سے لیس مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز (آئی سی سی سی)کا دورہ کیا۔ اس مرکز کو ایک متحد ڈجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جو فضائی معیار، گرد و غبار پر قابو پانے کے مقامات، ماحول میں شور کی سطح، صنعتی اخراج، پرالی جلانے کے واقعات، شہریوں کی شکایات اور نفاذِ قانون کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں سے متعلق اعداد و شمار کو یکجا کرتا ہے۔ اس سے حقیقی وقت میں نگرانی، اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلے کرنے اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل کے ساتھ کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس مرکز کو بیرونی اعداد و شمار کے 15نظاموں سے مربوط کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 9کو مربوط کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی 6کو مرحلہ وار منسلک کیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران مرکزی وزیر ماحولیات اور قومی راجدھانی خطہ دہلی کی وزیر اعلیٰ نے دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی(ڈی پی سی سی)کی جانب سے دہلی بھر میں نصب کیے گئے فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کے 13 نئے مراکز(سی اے اے کیو ایم ایس) کا ورچوئل افتتاح کیا۔ یہ مراکز ایس کے وی گھمن ہیڑا، جی بی ایس ایس ایس چاؤلہ، جی بی ایس ایس ایس کرالا، جی جی ایس ایس ایس ہستسال، جی بی ایس ایس ایس جھرودا کلاں، ڈی جے بی گھوگا، ڈی جے بی براری، ڈی ٹی ایل ٹکری کلاں، این آئی ایچ نریلا، ایمس-سی اے پی ایف آئی ایم ایس میدان گڑھی، مہاراجہ سورج مل اسٹیڈیم نانگلوئی، مہاراجہ اگرسین کالج وسندھرا انکلیو اور آئی جی این ٹی پی سی ایکو پارک بدرپور میں واقع ہیں۔ یہ مراکز سائنسی جائزے، ضابطہ جاتی کارروائی اور فضائی معیار کے اشاریے (اے کیو آئی) سے متعلق معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے فضائی معیار اور موسمیاتی حالات سے متعلق مسلسل اور وقت کے لحاظ سے تفصیلی اعداد و شمار فراہم کریں گے۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کو معلومات دیتے ہوئے جناب یادو نے بتایا کہ آبادی کی بنیاد پر مقررہ موجودہ اصولوں کے علاوہ اب دہلی میں ہر 25مربع کلومیٹر کے علاقے میں ایک فضائی معیار کی نگرانی کا مرکز نصب کیا گیا ہے، جو 5کلومیٹر× 5کلومیٹر کے گرڈ کے مطابق ہے۔ اس نیٹ ورک کو قومی راجدھانی خطے کے دیگر شہروں میں بھی مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری حدود سے متصل نیم شہری اور مضافاتی علاقوں میں نگرانی کا دائرہ بڑھانا آلودگی کے داخل ہونے اور باہر نکلنے کا جائزہ لینے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں پہلے ہی مختلف اداروں، یعنی دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی)، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی)، ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) اور وزارت ہاؤسنگ و شہری امور(ایم او ایچ یو اے)کے زیر انتظام فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کے 47مراکز موجود تھے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ 13نئے مراکز کے اضافے کے ساتھ اب اس نیٹ ورک میں مراکز کی تعداد بڑھ کر 60ہو گئی ہے، جہاں سے سی پی سی بی کے سرور اور سمیر موبائل ایپ کے ذریعے فضائی معیار کے اعداد و شمار حقیقی وقت میں دستیاب ہوں گے۔

جناب یادو نے برقی نقل و حرکت کے ذریعے عوامی نقل و حمل کو وسعت دینے، مربوط کوششوں سے آنند وہار کے فضائی آلودگی کے مرکز پر قابو پانے، فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کے نئے مراکز کا افتتاح کرنے اور بہتر نگرانی کے لیے انہیں مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز سے جوڑنے پر وزیر اعلیٰ، دہلی حکومت اور دہلی حکومت کے افسران کو مبارک باد دی۔

*****

ش ح – ظ الف –ن ع

UR No. 5085


(ریلیز آئی ڈی: 2322812) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी