ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری نے چنئی کے این ایس ٹی آئی میں اسکلز فار فیوچر ای وی اور گرین اسکلز لیب کا افتتاح کیا، تمل ناڈو میں پی ایم سیتو کی پیش رفت کا جائزہ لیا


 شیل کے اسکلز فار فیوچر پروگرام کے تحت قائم ای وی اور گرین اسکلز لیب الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی اور ماحول دوست ہنرمندی کے شعبوں میں صنعت کی ضروریات کے مطابق تربیت کو فروغ دیتی ہے

یہ پہل شیل انڈیا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) اور ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کی مشترکہ کوشش ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ابھرتے ہوئےماحول دوست معیشت میں روزگار کے نئے مواقع کے لیے مستقبل سے ہم آہنگ ہنر سے آراستہ کرنا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 OCT 2026 5:35PM by PIB Delhi

تمل ناڈو کے دو روزہ دورے کے دوران ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری آئی اے ایس جناب نرنجن کمار سدھانشونے چنئی کے نیشنل اسکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (این ایس ٹی آئی) میں اسکلز فار فیوچر ای وی اور گرین اسکلز لیب کا افتتاح کیا۔ یہ لیب شیل انڈیا کے اسکلز فار فیوچر پروگرام کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے۔ اس دورے میں تمل ناڈو میں پی ایم-سیتو کے نفاذ اور پیش رفت کا جامع جائزہ بھی لیا گیا۔

ای وی اور گرین اسکلز لیب کو الیکٹرک گاڑیوں کے نظام، بیٹری ٹیکنالوجی، خرابیوں کی تشخیص، حفاظتی طریقوں اور دیگر ابھرتی ہوئی ماحول دوست ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس مرکز کا مقصد عملی تعلیم کو مضبوط بنانا اور پائیدار نقل و حمل اور صاف توانائی کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبوں میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔

دورے کے دوران ایڈیشنل سکریٹری نے تربیت حاصل کرنے والوں، تربیت کاروں، صنعت کے نمائندوں اور ہنرمندی کے فروغ سے وابستہ مختلف اداروں کے افسران سے بات چیت کی۔ انہوں نے تمل ناڈو میں پی ایم-سیتو کے اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے روزگار کے مواقع کے مطابق اعلیٰ معیار کی اور بہتر نتائج پر مبنی ہنرمندی کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے صنعت کے ساتھ مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔ انہوں نے بہت چھوٹی، چھوٹی اوراوسط درجے کی صنعتوں کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کو مضبوط بنانے میں اپرنٹس شپ کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261012145230_9470d5.jpg

چنئی کے این ایس ٹی آئی میں اسکلز فار فیوچر ای وی اور گرین اسکلز لیب کا افتتاح

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261012145237_ca3b45.jpg

دورے کے دوران صنعت اور ہنرمندی کے شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال

اس موقع پر ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری نے کہا،‘‘ہندوستان کو ماحول دوست معیشت کی جانب گامزن کرنے کے لیے ایسے افرادی قوت کی ضرورت ہے جو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سے آراستہ ہو۔ اسکلز فار فیوچر جیسے صنعت اور حکومت کے باہمی اشتراک پر مبنی اقدامات نوجوانوں کو الیکٹرک  نقل و حرکت، صاف توانائی اور ان سے وابستہ شعبوں میں روزگار کے ابھرتے ہوئے مواقع تک رسائی کے راستے فراہم کر رہے ہیں، ساتھ ہی ملک کے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔’’

اسکلز فار فیوچر پروگرام حکومت اور صنعت کے باہمی اشتراک سے الیکٹرک گاڑیوں اور ماحول دوست ہنرمندی کی تربیت کو وسعت دینے میں معاون ہے۔ اس پہل کے تحت عملی تربیت، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب اور سیکھنے کے لیے مخصوص بنیادی ڈھانچے کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ الیکٹرک  نقل و حرکت اور ماحول دوست معیشت کے ابھرتے ہوئے مواقع کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

افتتاحی تقریب میں موجود شیل انڈیا کے نائب صدر برائے مالیات، جناب گوپیندر بہادر نے کہا، ’’شیل میں ہمارا ماننا ہے کہ ہر نوجوان کو کامیاب پیشہ ورانہ زندگی بنانے کا موقع ملنا چاہیے۔ الیکٹرک  گاڑیوں اور ماحول دوست ہنرمندی کی تربیت، صنعت کے ساتھ شراکت داری اور عملی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سے آراستہ کرنے میں مدد کر رہے ہیں، جس سے ان کے لیے روزگار کے امکانات بہتر ہوتے ہیں اور نئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں پیشہ ورانہ مواقع کے راستے کھلتے ہیں۔‘‘

چنئی کے این ایس ٹی آئی میں الیکٹرک  گاڑیوں اور ماحول دوست ہنرمندی کی لیب کا افتتاح ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارتِ ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ اور شیل انڈیا کے درمیان جاری تعاون میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ اس سے ہنرمندی کے فروغ کے نظام کو مضبوط بنانے اور ہندوستان کے نوجوانوں کو ماحول دوست معیشت میں دستیاب مواقع کے لیے تیار کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق ہوتی ہے۔

پی ایم-سیتو کے بارے میں

پردھان منتری اسکلنگ اینڈ ایمپلائبلٹی ٹرانسفارمیشن تھرو اپ گریڈیڈ آئی ٹی آئیز (پی ایم-سیتو) حکومتِ ہند کی ایک پہل ہے، جس کا مقصد صنعت سے مربوط انداز میں ایک ہزار سرکاری صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) کو جدید بنانا اور پانچ قومی ہنرمندی تربیتی اداروں (این ایس ٹی آئیز) کی صلاحیت میں اضافہ کرکے انہیں قومی سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ترقی دینا ہے۔ اس کا مقصد صنعت کی وسیع تر شراکت داری کے ذریعے تربیت کے معیار، تربیت کاروں کی ترقی، جدید بنیادی ڈھانچے اور روزگار سے متعلق تربیت کو مضبوط بنانا ہے۔

این ایس ٹی آئی چنئی کے بارے میں

این ایس ٹی آئی چنئی، ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ کے ماتحت کام کرتا ہے اور تربیت کاروں کی تربیت، ہنرمند کاریگروں کی تربیت اور قلیل مدتی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرتا ہے۔ گنڈی انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع اس ادارے کو پی ایم-سیتو کے جزو دوم کے تحت پانچ قومی سینٹر آف ایکسیلنس میں سے ایک کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے، جس میں صنعت کے ساتھ شراکت داری، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور تربیت کاروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

MSDE: https://www.msde.gov.in/

PM-SETU / NSTI Chennai NCoE & RFP: https://nstichennai.dgt.gov.in/what-s-new

NSTI Chennai: https://nstichennai.dgt.gov.in/

X (Twitter): @MSDESkillIndia

***

ش ح۔ع ح۔ ف ر

U-5074


(ریلیز آئی ڈی: 2322698) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी