دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دیہی ترقی کی وزارت، حکومتِ آندھرا پردیش کے اشتراک سے، پہلی بار دہلی-این سی آر سے باہر وجے واڑہ میں نیشنل سارس میلہ 2026 کا انعقاد کر رہی ہے


نیشنل سارس میلہ 2026 میں 30 سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 1500 سے زائد خواتین کاروباریوں کی وجے واڑہ میں شرکت

معزز صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو 15 اکتوبر کو وجے واڑہ میں نیشنل سارس میلہ 2026 کا افتتاح کریں گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 7:33PM by PIB Delhi

وجے واڑہ، 12 اکتوبر 2026: وزارت دیہی ترقی، حکومتِ ہند، سوسائٹی فار ایلیمینیشن آف رورل پاورٹی (ایس ای آر پی)، آندھرا پردیش کے اشتراک سے پہلی بار نیشنل سارس میلہ 2026 کا انعقاد وجے واڑہ میں کر رہی ہے۔ اس میلے کے ذریعے وجے واڑہ ہندوستان کے دیہی کاروباری شعبے اور خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کی سرگرمیوں کی ایک متحرک جھلک پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

 

13 سے 31 اکتوبر 2026 تک وجے واڑہ کے پُنمی گھاٹ میں منعقد ہونے والا یہ میلہ 30 سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ 1500 سے زائد خواتین کو ایک جگہ جمع کرے گا۔ یہ میلہ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں دیہی کاروباری ادارے، روایتی دستکاریاں، علاقائی پکوان اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ خواتین کی کہانیاں ایک ساتھ پیش کی جائیں گی۔ اس تقریب کا افتتاح ہندوستان کی معزز صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو کریں گی۔

 

افتتاحی تقریب میں آندھرا پردیش کے معزز گورنر جناب ایس عبدالنذیر اور آندھرا پردیش کے معزز وزیر اعلیٰ جناب نارا چندرابابو نائیڈو شرکت کریں گے۔ ان کے ساتھ زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان اور آندھرا پردیش کے معزز نائب وزیر اعلیٰ جناب کونڈیلا پون کلیان بھی موجود ہوں گے۔ مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جناب کنجاراپو رام موہن نائیڈو بھی ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس موقع پر مرکزی وزرائے مملکت ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی (دیہی ترقی اور مواصلات)، جناب کملیش پاسوان (دیہی ترقی) اور جناب بھوپتی راجو سرینواسا ورما (بھاری صنعتیں اور فولاد) بھی شرکت کریں گے۔ حکومت آندھرا پردیش کی نمائندگی ایم ایس ایم ای، ایس ای آر پی، این آر آئی امپاورمنٹ اینڈ ریلیشنز کے وزیر جناب کونڈاپلی سرینواس اور صحت، خاندانی بہبود اور طبی تعلیم کے وزیر جناب ستیہ کمار یادو کریں گے۔ ان کے علاوہ رکن پارلیمنٹ جناب کیسینینی شیوانادھ اور محکمہ دیہی ترقی کے سکریٹری جناب روہت کنسل، آئی اے ایس بھی موجود ہوں گے۔ ان معزز شخصیات کی شرکت دیہی ذریعۂ معاش کو مستحکم کرنے، خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سیلف ہیلپ گروپ (ایس ایچ جی) سے وابستہ خواتین کے لیے پائیدار منڈی کے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

حکومت ہند کے دین دیال انتودیہ یوجنا قومی دیہی ذریعہ معاش مشن (ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) اور 2029 تک 6 کروڑ لکھ پتی دیدیاں تیار کرنے کے وزیر اعظم کے وژن سے ہم آہنگ یہ میلہ، سارس آجیویکا گیلری اور ای سارس (eSARAS) ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ مل کر، خواتین کاروباریوں کو اپنی روایتی دستکاریوں کی نمائش کرنے، وسیع تر منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور ہندوستان سمیت بیرون ملک صارفین سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ اقدامات دیہی علاقوں کی خواتین کو اپنی مہارتوں کو پائیدار کاروباری اداروں میں تبدیل کرنے، اپنی آمدنی بڑھانے اور مالی خود مختاری حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

نیشنل سارس میلہ 13 اکتوبر سے شروع ہوگا، جبکہ اس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب 15 اکتوبر کو صبح 11:30 بجے منعقد ہوگی۔ یہ میلہ دسہرہ شرد نوراتری اتسو اور وجے واڑہ اتسو 2.0 کے ساتھ ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔

میلے میں زائرین کو مختلف خطوں کے فنون اور دستکاریوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ ان میں پنجاب کی پھلکاری، جموں و کشمیر کی پشمینہ، تلنگانہ کے اکاٹ اور تیلیا کپڑے اور میزورم کی پونچئی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ مینا کاری، ڈوکرا، پیتل کا کام، لکڑی کی دستکاری اور روایتی مصوری جیسی نفیس دستکاریاں بھی پیش کی جائیں گی۔ ملک بھر کے علاقائی پکوان اور گھریلو طرز پر تیار کیے جانے والے کھانے بھی میلے کی رونق بڑھائیں گے۔ یہ میلہ ایک ایسی منڈی کا کردار ادا کرے گا جہاں سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ خواتین براہِ راست صارفین کو اپنی مصنوعات فروخت کریں گی، خریداروں سے روابط قائم کریں گی اور ای سارس پلیٹ فارم سمیت مختلف ذرائع کے ذریعے اپنی مصنوعات کو وسیع تر منڈیوں تک پہنچائیں گی۔

میلے کا ایک اہم مرکز لکھ پتی دیدی پویلین ہوگا، جہاں خواتین کے ہنر اور اجتماعی شرکت سے کاروباری سرگرمیوں، منڈی تک رسائی اور ادارہ جاتی تعاون سے حاصل ہونے والی پائیدار آمدنی تک کے سفر کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ تعاون خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے میں مدد دے گا۔ اس پویلین میں زائرین کو ان خواتین کی زبانی ان کے سفر اور کامیابیوں کی کہانیاں سننے کا موقع بھی ملے گا۔

اس اشتراک کا دائرہ صرف مصنوعات کی نمائش تک محدود نہیں ہے۔ نالج پویلین کے ذریعے شرکت کرنے والی خواتین کو کارپوریٹ اداروں، صنعتی ماہرین اور مختلف تنظیموں کے ساتھ تبادلۂ خیال کا موقع ملے گا۔ اس میں برانڈنگ، مارکیٹنگ، پیکیجنگ، کاروباری ترقی اور منڈیوں کو وسعت دینے جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ کنورجنس پویلین خواتین کو متعلقہ سرکاری محکموں، وزارتوں اور اداروں سے بھی مربوط کرے گا، جو ان کے کاروباری اداروں کی ترقی میں معاونت کرتے ہیں۔

زائرین ڈیمو پویلین میں دستکاری کے براہِ راست مظاہرے بھی دیکھ سکیں گے، جہاں ان کی آنکھوں کے سامنے ہینڈ لوم پر کپڑا بُنا جائے گا اور دستکاریاں تیار کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ وہ مختلف خطوں کے پکوان دریافت کر سکیں گے اور دیہی ہندوستان کی قوت اور کاروباری جذبے کو اجاگر کرنے والے ثقافتی پروگراموں سے لطف اندوز ہوں گے۔

نیشنل سارس میلہ 2026 میں 16 فٹ بلند ایک خصوصی تنصیب بھی نمایاں ہوگی، جس کا نام ”شکتی — لکھ پتی دیدی کی روح“ ہے۔ یہ تنصیب لاکھوں خواتین کی اجتماعی قوت کی علامت ہوگی، جو ہندوستان کے مالامال دستکاری ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی مہارتوں کو ذریعۂ معاش، خود مختاری اور خوشحالی میں تبدیل کر رہی ہیں۔ اس پہلے نیشنل سارس میلے کو نابارڈ (NABARD) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اینڈ پنچایتی راج سمیت مختلف سرکاری اداروں کا تعاون حاصل ہے۔ میلے کے فوڈ کورٹ میں ملک بھر کے لذیذ پکوان پیش کرنے کے لیے 50 فوڈ اسٹال لگائے جائیں گے۔

نیشنل سارس میلے کا بنیادی مقصد ہر مصنوعات، دستکاری اور کاروباری ادارے کے پیچھے موجود خواتین کو نمایاں کرنا اور ہنر سے کاروبار، کاروبار سے منڈی اور منڈی سے پائیدار ذریعۂ معاش تک کے سفر کو فروغ دینا ہے۔

                                               **************

 

ش ح۔ ف ش ع

12-10-2026

                                                                                                                                       U: 5053

 


(ریلیز آئی ڈی: 2322566) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu_Vw