مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
نوجوان اختراع کاروں نے انڈیا موبائل کانگریس- 2026کے دوران محکمۂ ٹیلی مواصلات اور بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین کے زیراہتمام ’روبوٹکس فار گڈ یوتھ چیلنج انڈیا 2026‘ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا
ٹیم سنگولیرٹی اور فیرم انکیوبیٹرز جونیئر اور سینئر زمرے کے چمپئن قرار، 2027 میں جنیوا میں منعقد ہونے والے عالمی فائنل میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے
یہ تقریب آئی آئی ٹی دہلی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب (ٹی آئی ایچ)، آئی ہب فاؤنڈیشن فار کوبوٹکس (آئی ایچ ایف سی)کے زیرہتمام منعقد ہوئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 11:04PM by PIB Delhi
بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین (آئی ٹی یو) اور حکومت ہند کی وزارت مواصلات کے محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) کے زیراہتمام، آئی آئی ٹی دہلی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب (ٹی آئی ایچ) کے ادارے آئی ہب فاؤنڈیشن فار کوبوٹکس (آئی ایچ ایف سی)کے تعاون سے منعقد ہونے والا ’روبوٹکس فار گڈ یوتھ چیلنج انڈیا 2026–2027‘ آج نئی دہلی کے یشوبھومی میں انڈیا موبائل کانگریس(آئی ایم سی) -2026 کے موقع پر منعقد ہوا۔

یہ چیلنج بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین کے ’اے آئی فار گڈ‘ پروگرام کے تحت ایک اہم پہل ہے۔ اس میں ہندوستان کی 14 ریاستوں سے تقریباً 300 اسٹوڈنٹس اور رہنماؤں کے ساتھ 57 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں جونیئر زمرے کی 28 اور سینئر زمرے کی 29 ٹیمیں شامل تھیں۔ 10 سے 18 سال کی عمر کے اسٹوڈنٹس نے خودکار روبوٹ تیار کیے، انہیں بنایا اور ان کی پروگرامنگ کی، تاکہ صحتِ عامہ کی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اس سال کے مقررہ مشن کو پورا کیا جا سکے۔ یہ مشن اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے ہدف 3، یعنی اچھی صحت اور فلاح و بہبود سے متعلق تھا۔ اس کے تحت نمونوں کو نکالنے اور پہنچانے، قرنطینہ کا علاقہ قائم کرنے، طبی کٹ تقسیم کرنے اور مریضوں کی طبی جانچ و درجہ بندی جیسے کام شامل تھے۔
اس چیلنج کا افتتاح محکمۂ ٹیلی مواصلات کے نیشنل کمیونیکیشنز اکیڈمی-ٹیکنالوجی (این سی اے-ٹی)کے ڈائرکٹر جنرل جناب اتل سنہا نے کیا۔ انہوں نے افتتاحی کلیدی خطاب پیش کیا۔ اس سے قبل بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین کے ٹیلی مواصلاتی معیار بندی بیورو(آئی ٹی یو) کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور شعبۂ مطالعاتی گروپس و پالیسی کے سربراہ ڈاکٹر بلیل جمسّی نے استقبالیہ خطاب کیا۔

دیگر ممتاز مقررین میں آئی آئی ٹی دہلی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب (ٹی آئی ایچ) کے ادارے آئی ہب فاؤنڈیشن فار کوبوٹک(آئی ایچ ایف سی)کے چیف ایگزیکٹیو افسر جناب آشوتوش دت شرما، آئی آئی ٹی دہلی کے شعبۂ میکینیکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر جناب راما کرشنا کے اور سپر سیوٹیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو افسر جناب آٹمین جیڈون شامل تھے۔

اس سفر کا آغاز 10 سے 25 اگست 2026 تک رجسٹریشن کے عمل سے ہوا، جس میں ٹیموں کو اختراع، ڈیزائن اور مسائل کے حل سے متعلق ایک دلچسپ چیلنج میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی۔ 7 سے 16 ستمبر 2026 تک ٹیموں نے مقابلے کو سمجھنے کے لیے بیداری اور تعارفی پروگراموں میں حصہ لیا اور ابتدائی مرحلے کے لیے اپنے ڈیزائن سے متعلق دستاویزات اور ویڈیوز جمع کرائیں۔ مقابلے کے تئیں جوش و خروش بڑھنے کے ساتھ 9 اکتوبر 2026 کو منعقدہ مشق کے دن ٹیموں کو مقابلے کے کھیل کے تختے پر اپنے تیار کردہ حل آزمانے، درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور اہم دن سے پہلے اپنی حکمت عملی کو بہتر بنانے کا موقع ملا۔ اس سفر کا اختتام 10 اکتوبر 2026 کو منعقدہ ہندوستانی قومی مقابلہ کے ساتھ ہوا، جس میں ٹیموں نے دو کوالیفائنگ مرحلوں- ایک ناک آؤٹ مرحلے اور فائنل کے ذریعے مقابلہ کیا۔

یہ چیلنج ٹیم ورک، دباؤ کے حالات میں مسائل حل کرنے، منصوبہ بندی کرنے، مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے اور روبوٹ تیار کرنے میں ذمہ دارانہ اور پائیدار طریقے اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، مفت سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کے استعمال کے ذریعے روبوٹکس تک سبھی کی یکساں رسائی کو فروغ دیا جاتا ہے، تاکہ مہنگی کٹس خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والے اسٹوڈنٹس بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے سے محروم نہ رہیں۔

اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب میں معزز شخصیات نے دونوں زمروں کی فاتح ٹیموں کو انعامات پیش کیے۔ اس کے علاوہ ڈیزائن، اختراع اور تخلیقی سوچ کے لیے خصوصی انعامات بھی دئیے گئے۔
سینئر زمرہ: فاتح – ٹیم فیرم انکیوبیٹرز (کیمبرج اسکول، نوئیڈا، اتر پردیش)؛ پہلی رنر اپ – ٹیم میک مائنڈز(لائنس کلکتہ گریٹر ودیا مندر، مغربی بنگال)؛ دوسری رنر اَپ – ٹیم بوٹکس الفا (ودیا پرتشٹھان کا مگَرپٹّا سٹی پبلک اسکول، مہاراشٹر)۔

جونیئر زمرہ: فاتح – ٹیم سنگولیرٹی(گوپالن انٹرنیشنل اسکول، کرناٹک)؛ پہلی رنر اَپ – ٹیم ویدا ویلاسٹی(ایم ایس بی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ، پونے)؛ دوسری رنر اَپ – ٹیم وجر (اگن آلٹ روبوٹکس ایل ایل پی، اتر پردیش)۔

تقریب سے ڈاکٹر بلیل جمسّی، ڈپٹی ڈائریکٹر اور بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین کے ٹیلی مواصلاتی معیار بندی بیورو کے شعبۂ مطالعاتی گروپس و پالیسی کے سربراہ نے خطاب کیا اور استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ دیگر مقررین میں ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے علاقائی دفتر کے سربراہ جناب آنند راج کھنال، محکمۂ ٹیلی مواصلات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل(بین الاقوامی تعلقات)جناب مکیش کمار اور آئی آئی ٹی دہلی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب کے ادارے آئی ہب فاؤنڈیشن فار کوبوٹکس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر سبیر کمار ساہا شامل تھے۔ اس کے بعد محکمۂ ٹیلی مواصلات کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر(ای آئی ٹی) محترمہ دیکشا دھیمان نے محفوظ سائبر اسپیس کے موضوع پر ایک نشست پیش کی۔ تقسیمِ انعامات کی تقریب میں ہندوستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن کے کونسلر اور تکنیکی ماہر جناب ہیمنْدر کمار شرما نے بھی معزز شخصیات کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کا اختتام آئی آئی ٹی دہلی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب کے ادارے آئی ہب فاؤنڈیشن فار کوبوٹکس کے نائب صدر اور سربراہ جناب پیوش پرساد کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا۔
جونیئر اور سینئر زمرے کی فاتح ٹیمیں جون 2027 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد ہونے والی ’اے آئی فار گڈ گلوبل سمٹ‘ کے دوران عالمی فائنل میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی، جس میں مختلف ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ معزز شخصیات نے فاتحین، فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں اور تمام شریک ٹیموں کو مبارک باد دی اور اسکولوں، تربیت کاروں، رہنماؤں اور اہل خانہ کی خدمات کو سراہا۔
ہندوستان اور بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین کے درمیان ٹیلی مواصلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں طویل عرصہ سے شراکت داری قائم ہے۔ ’روبوٹکس فار گڈ یوتھ چیلنج انڈیا‘ کا آغاز 2024 میں ہوا تھا، جب ہندوستان میں منعقدہ عالمی ٹیلی مواصلاتی معیار بندی اسمبلی(ڈبلیو ٹی ایس اے-24)کے دوران پہلی بار یہ چیلنج منعقد کیا گیا۔ اس کے بعد یہ سلسلہ جاری رہا اور 2025 اور 2026 میں انڈیا موبائل کانگریس کے دوران بھی اس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پہل ایک بین الاقوامی تنظیم، حکومت، تعلیمی اداروں اور اختراعی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد نوجوان اختراع کاروں کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس چیلنج نے اس پیغام کو مزید مضبوط کیا کہ محض شرکت کرنا بھی ایک کامیابی ہے اور طلبہ کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ محفوظ، ذمہ دارانہ اور فلاح و بہبود کے لیے مفید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی چیزیں تیار کرنے، تجربات کرنے اور حقیقی دنیا کے مسائل حل کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
*****
ش ح-ظ الف- ش ب ن
UR No. 4984
(ریلیز آئی ڈی: 2322117)
وزیٹر کاؤنٹر : 6