ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے امرتسر اور ترن تارن کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فصل کی باقیات جلانے کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا؛ زیادہ متاثرہ دیہاتوں کے فیلڈ دورے کیے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 6:41PM by PIB Delhi
این سی آر اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے انتظام کے کمیشن (سی اے کیو ایم) کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے، ممبر (ٹیکنیکل) سی اے کیو ایم، ڈاکٹر ایس ڈی اتری کی صدارت میں، دھان کی کٹائی کے موجودہ سیزن کے دوران پنجاب کے اضلاع امرتسر اور ترن تارن کا دورہ کیا۔ ان اضلاع کو دھان کی پرالی جلانے کے ازحد متاثرہ مقامات کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ فیلڈ دوروں کے علاوہ، اس وفد نے آج (10 اکتوبر 2026 کو) امرتسر میں امرتسر اور ترن تارن کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ضلع سطح کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ فلائنگ اسکواڈز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ یہ دورہ کمیشن کی اس اولین ترجیح کا حصہ ہے جس کا مقصد دھان کی پرالی جلانے کے واقعات کو کم اور ختم کرنا ہے، جو کہ این سی آر اور ملحقہ علاقوں میں سردیوں کے موسم میں فضائی آلودگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

بات چیت کا بنیادی محور دھان کی فصل کے باقیات کے اندرونِ کھیت اور کھیت کے باہر مؤثر استعمال کے لیے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تیاریوں اور تال میل کا جائزہ لینا تھا۔ کمیشن نے کاشتکاروں کو سی آر ایم مشینوں کی بروقت دستیابی، انہیں حساس بنانے (شعور بیدار کرنے)، معلومات، تعلیم اور مواصلات (آئی ای سی) سرگرمیاں چلانے اور ضروری مدد فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
جائزہ میٹنگ کے ساتھ ساتھ، سی اے کیو ایم نے زمین پر موجودہ صورتحال کا اندازہ لگانے اور پرالی جلانے کی روک تھام کے اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے 9 اکتوبر 2026 اور 10 اکتوبر 2026 کو امرتسر اور ترن تارن کے اضلاع میں منتخب زیادہ متاثرہ دیہاتوں اور تنصیبات کے فیلڈ دورے کیے۔

ضلع امرتسر کے حوالے سے، جائزہ میٹنگ اور فیلڈ دورے کے دوران ہونے والی گفتگو میں فصل کی کٹائی اور خریداری کی صورتحال کے ساتھ ساتھ فصل کی باقیات کی انتظام کاری (سی آر ایم) مشینری کی دستیابی اور تعیناتی کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں مطلع کیا گیا کہ امرتسر اور آس پاس کے اضلاع کے بیلر دھان کے بھوسے کو جمع کرنے اور اس کے انتظام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کھیت کے باہر انتظام کو آسان بنانے کے لیے ان صنعتوں کے ساتھ ایک سپلائی چین قائم کی گئی ہے جن کے پاس بوائلر موجود ہیں، اور کاشتکاروں و سپلائرز کو ان صنعتوں کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔ ضلع نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں ایک کنٹرول روم اور ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا ہے تاکہ ان کسانوں کی نشاندہی کی جا سکے جنہیں سی آر ایم مشینری کی ضرورت ہے اور انہیں یہ مشینیں فراہم کرائی جا سکیں۔ اس کے علاوہ، آگ لگنے اور پرالی جلانے کے واقعات کی اطلاع دینے کے لیے ایک ضلعی سطح کا ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ فوری کارروائی کو ممکن بنایا جا سکے۔
ضلع ترن تارن کے حوالے سے، جائزہ میٹنگ اور فیلڈ دورے کے دوران ہونے والی گفتگو میں کٹائی اور خریداری کی صورتحال اور ضلع میں سی آر ایم مشینری کی دستیابی اور تعیناتی کا جائزہ لیا گیا۔ مطلع کیا گیا کہ ترن تارن اور ملحقہ اضلاع کے بیلر دھان کی پرالی کے مؤثر خارج از کھیت انتظام کے لیے کام کر رہے ہیں اور ضلع نے کسانوں کے لیے سی آر ایم مشینری کی خریداری اور دستیابی کے حوالے سے اپنے اہداف کو کافی حد تک حاصل کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، نوڈل/کلسٹر افسران اور دیگر فیلڈ ملازمین کے ذریعے وسیع پیمانے پر نگرانی اور گشت، اور دھان کی پرالی کے اندرونِ کھیت اور کھیت کے باہر استعمال کو فروغ دینے کے لیے آئی ای سی سرگرمیوں اور نفاذی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

دونوں اضلاع کے افسران نے سی اے کیو ایم کی آئینی/قانونی ہدایات پر عمل درآمد، احتیاطی تدابیر کو مضبوط بنانے اور اپنے اپنے اضلاع میں پرالی جلانے کے واقعات کی مؤثر روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے تئیں اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔
مزید برآں، نگرانی کے نظام (مانیٹرنگ میکانزم) کے ایک حصے کے طور پر، کمیشن کی جانب سے مامور کیے گئے فلائنگ اسکواڈز یکم اکتوبر 2026 سے 30 نومبر 2026 تک کی مدت کے لیے پنجاب کے 18 اضلاع میں تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سنگرور، ترن تارن، فیروزپور، مکتسر، بٹھنڈا، امرتسر، موگا، مانسا، فاضلکا، پٹیالہ، لدھیانہ، کپورٹھلہ، فرید کوٹ، برنالہ، ملیرکوٹلہ، گورداسپور، جالندھر اور فتح گڑھ صاحب شامل ہیں۔

سی اے کیو ایم نے ضلعی، نوڈل اور کلسٹر افسران کے ذریعے مسلسل اور مؤثر فیلڈ نگرانی پر زور دیا ہے، خاص طور پر زیادہ متاثرہ علاقوں میں، یعنی کم لاگت والے سینسرز اور دیگر نگرانی کے نظاموں اور نفاذی سرگرمیوں کو بغیر کسی کوتاہی کے جاری رکھا جانا چاہیے۔ مزید برآں، یہ ہدایت بھی دی گئی کہ کسانوں، سپلائرز، صنعتوں اور دیگر شراکت داروں کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنایا جائے تاکہ خارج از کھیت انتظام کی سپلائی چین کو مضبوط کیا جا سکے اور سی آر ایم مشینری، بیلر، فیلڈ اسٹاف، نگرانی کے نظام اور کنٹرول رومز کا بہترین استعمال ممکن ہو سکے۔
سی اے کیو ایم دھان کی پرالی جلانے کی مؤثر روک تھام کے لیے متعلقہ ریاستی حکومتوں، ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی مسلسل نگرانی، تال میل اور جائزہ لے رہا ہے۔ کمیشن نے دھان کی کٹائی کے موجودہ سیزن کے دوران پرالی جلانے کی مؤثر روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے مشترکہ اور مربوط کوششوں کے ساتھ ساتھ کسانوں اور دیگر شراکت داروں کی فعال معاونت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:4960
(ریلیز آئی ڈی: 2321813)
وزیٹر کاؤنٹر : 16