صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے 'ذہنی صحت کا عالمی دن 2026' منانے کا فیصلہ، قابل رسائی، مبنی بر شمولیت اور عوام پر مرتکز ذہنی حفظانِ صحت کی عہد بستگی کا اعادہ کیا
ٹیلی مانس ٹول فری ہیلپ لائن 14416 کے ذریعے پورے بھارت میں لوگوں کی آسان پہنچ کے اندر مفت، صیغہ راز میں رہنے والی اور چوبیس گھنٹے ذہنی صحت کی معاونت فراہم کر کے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے
10 اکتوبر 2022 کو آغاز کے بعد سے اب تک 47.75 لاکھ سے زائد کالز موصول ہو چکی ہیں؛ اور تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں 53 ٹیلی مانس سیلز فعال ہیں
ریکارڈ کیے گئے کال کرنے والوں کی پروفائلز میں خواتین کا تناسب تقریباً 44 فیصد ہے، جو ٹیلیفون پر مبنی مشاورت کے ذریعے ذہنی صحت کی معاونت تک بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتا ہے
عوامی بیداری کو مضبوط کرنے، بروقت مدد حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے اور ذہنی صحت سے جڑی بدنامی کو دور کرنے کے لیے 'من جاگرتی' پہل قدمی
ذہنی صحت کی خدمات کو 1.83 لاکھ سے زائد 'آیوشمان آروگیہ مندروں' سے مربوط کر دیا گیا ہے؛ اور 767 اضلاع کے لیے 'ضلعی ذہنی صحت پروگرام' منظور کیا جا چکا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 7:22PM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی وزارت 10 اکتوبر 2026 کو ذہنی صحت کا عالمی دن منائے گی، جس کا مقصد ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو آسان، سستا، جامع اور عوامی مرکزیت پر مبنی بنانے کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ اس سال کا عالمی موضوع "حقیقی تجربات کی سنوائی: سچی آوازیں، حقیقی تبدیلی" ہے، جو ذہنی صحت کے مسائل سے گزرنے والے افراد کے ذاتی تجربات کو سننے کی اہمیت پر زور دیتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ان کی آوازیں بہتر ذہنی صحت کی پالیسیوں اور خدمات کو تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ذہنی حفظانِ صحت تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے بھارت کی کوششوں کے مرکز میں 'ٹیلی مانس' ہے، جو ملک کے ذہنی صحت کی خدمات فراہم کرنے والے نظام کے ایک اہم ستون کے طور پر ابھرا ہے۔ اپنی قومی ٹول فری ہیلپ لائن 14416 کے ذریعے، ٹیلی مانس مفت، صیغہ راز میں رہنے والی اور چوبیس گھنٹے ذہنی صحت کی کونسلنگ اور مدد فراہم کر رہا ہے، جس سے لوگ اپنے جغرافیائی محلِ وقوع یا سماجی و اقتصادی پس منظر سے قطع نظر، آسانی سے پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کے قابل ہو رہے ہیں۔
ٹیلی مانس: ذہنی صحت خدمات کو محض ایک فون کال پر دستیاب کرانا
10 اکتوبر 2022 کو شروع کیے جانے کے بعد سے، ٹیلی مانس نے ایک سادہ ٹیلیفون کال کے ذریعے لوگوں تک براہِ راست بروقت مشاورت، جذباتی مدد اور پیشہ ورانہ رہنمائی پہنچا کر ذہنی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کی خامیوں کو دور کرنے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔
اکتوبر 2026 تک کے اعداد و شمار کے مطابق، اپنے آغاز سے اب تک ٹیلی مانس کو 4,775,644 کالز موصول ہو چکی ہیں، اور تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں 53 سیلز فعال ہیں۔ یہ وسیع رسائی ملک بھر میں ذہنی صحت کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آسان اور ٹیکنالوجی سے لیس ذہنی صحت کی خدمات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔
ہیلپ لائن 14416 کے ذریعے، جذباتی تناؤ، بے چینی ، ذہنی دباؤ، نیند سے متعلق مسائل یا ذہنی صحت کے دیگر چیلنجوں کا سامنا کرنے والے افراد ابتدائی مدد کے لیے کسی طبی مرکز کا سفر کیے بغیر ہی تربیت یافتہ کونسلرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ چوبیس گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن دستیاب اور کثیر اللسانی خدمات سے لیس یہ ہیلپ لائن لوگوں کے لیے اپنی مرضی کے وقت اور آسان جگہ پر مدد حاصل کرنا آسان بناتی ہے۔
یہ سروس خاص طور پر دیہی، دور دراز اور محروم علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جہاں ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے خصوصی مراکز تک رسائی محدود ہو سکتی ہے۔ ایک صیغہ راز میں رہنے والا اور مددگار پلیٹ فارم مہیا کر کے، ٹیلی مانس ذہنی صحت کی معاونت حاصل کرنے سے جڑی ہچکچاہٹ کو دور کرنے میں بھی مدد کر رہا ہے اور لوگوں کو بروقت رجوع کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
ابتدائی مشاورت سے آگے بڑھ کر، یہ پروگرام جہاں کہیں بھی ضرورت ہو، ذہنی صحت کے خصوصی ماہرین اور مناسب ریفرل خدمات تک رسائی فراہم کرتا ہے، جس سے وسیع تر عوامی نظامِ صحت کے ساتھ روابط کے ذریعے دیکھ بھال کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔
عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، آسان پہنچ پر مبنی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے
ٹیلی مانس کا بڑھتا ہوا استعمال ایک ایسے آسانی سے دستیاب پلیٹ فارم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جہاں لوگ سماجی داغ یا امتیازی سلوک کے خوف کے بغیر مدد حاصل کر سکیں۔
کال کرنے والوں کے 13,35,275 ریکارڈ شدہ پروفائلز کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ کال کرنے والوں میں خواتین کا تناسب 43.78 فیصد (5,84,587) ہے، جبکہ مردوں کا تناسب 54.18 فیصد (7,23,427) ہے۔ خواتین کی یہ بڑی تعداد میں شرکت ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے حصول کے لیے ایک آسان اور مددگار ذریعہ فراہم کرنے میں ٹیلیفون پر مبنی مشاورت کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
اس سروس میں نوجوانوں اور کام کرنے کی عمر کے لوگوں کی جانب سے بھی نمایاں دلچسپی دیکھی گئی ہے، جہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے افراد ریکارڈ کیے گئے کالرز کی پروفائلز کا 73.2 فیصد حصہ بنتے ہیں۔
کال کرنے والوں کی جانب سے بتائے جانے والے مسائل کا دائرہ کار—بشمول جذباتی تناؤ، امتحانات، کام کی جگہوں اور رشتوں سے متعلق ذہنی دباؤ، بے چینی اور نیند کی خرابی—روزمرہ کی زندگی میں آسان پہنچ پر مبنی ذہنی صحت کی معاونت کی اہمیت کو ثابت کرتا ہے۔
ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کر کے جہاں لوگ کھل کر بات کر سکتے ہیں، رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں اور متعلقہ خدمات سے جڑ سکتے ہیں، ٹیلی مانس ذہنی صحت کو مجموعی صحت اور فلاح و بہبود کا ایک لازمی حصہ تسلیم کرنے کی جانب ایک وسیع تر تبدیلی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
من جاگرتی: ذہنی صحت سے متعلق بیداری کو عوام تک پہنچانا
ذہنی صحت کے عالمی دن 2026 کے ایک حصے کے طور پر، وزارتِ صحت 'من جاگرتی' کو بھی آگے بڑھا رہی ہے، جو کہ ایک منظم عوامی بیداری اور شمولیت کا اقدام ہے جس کا مقصد ذہنی صحت سے متعلق معلومات کو مضبوط بنانا، سماجی بدنامی کے ڈر کو کم کرنا اور بروقت مدد حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس پہل قدمی کا مقصد اسکولوں، کالجوں، کام کی جگہوں، طبی مراکز اور دیگر سماجی پلیٹ فارمز کے ذریعے مستقل عوامی شمولیت کو فروغ دے کر، صرف ایک بار کی جانے والی بیداری کی سرگرمیوں سے آگے بڑھنا ہے۔
مقامی طور پر موزوں سرگرمیوں کے ذریعے، ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے ذہنی صحت کے موضوع پر کھلی گفتگو کی حوصلہ افزائی کریں گے، ذہنی صحت کے مسائل کی بروقت نشاندہی کو فروغ دیں گے اور ٹیلی مانس سمیت دستیاب خدمات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں گے۔
یہ پہل قدمی طبی ماہرین، ماہرینِ تعلیم، سماجی کارکنوں، نوجوانوں، خاندانوں، دیکھ بھال کرنے والوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور ذہنی صحت کے مسائل سے گزرنے والے افراد کی شمولیت کی بھی حوصلہ افزائی کرے گا۔
ذہنی صحت سے متعلق گفتگو کو روزمرہ کے سماجی ماحول کا حصہ بنا کر، 'من جاگرتی' کا مقصد ایک ایسے مددگار ماحول کو فروغ دینا ہے جہاں ذہنی صحت کی معاونت حاصل کرنے کو فلاح و بہبود کی طرف ایک مثبت اور اہم قدم تسلیم کیا جائے۔
ذہنی حفظانِ صحت کو برادری سے لے کر ضلعی سطح تک مضبوط بنانا
ٹیلی مانس کی وسیع رسائی کو مزید تقویت دیتے ہوئے، حکومتِ ہند 'نیشنل مینٹل ہیلتھ پروگرام' (این ایم ایچ پی) اور 'ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام' (ڈی ایم ایچ پی) کے ذریعے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔
ضلعی ذہنی صحت پروگرام کو 767 اضلاع میں نافذ کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے، جس کے تحت 'نیشنل ہیلتھ مشن' کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام ضلع کی سطح پر داخل مریضوں کی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کے ساتھ ساتھ، بیرونی مریضوں کی دیکھ بھال، کونسلنگ، نفسیاتی و سماجی مداخلت، ادویات، فالو اپ دیکھ بھال، عوامی رسائی کی سرگرمیوں اور ریفرل خدمات کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ذہنی صحت کی خدمات کو ملک بھر میں 1.83 لاکھ سے زائد 'آیوشمان آروگیہ مندروں' کے ذریعے فراہم کیے جانے والے جامع بنیادی ہیلتھ کیئر پیکیج میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
ان مراکز کے ذریعے، بنیادی ہیلتھ کیئر کی ٹیمیں ذہنی صحت کے مسائل کی جانچ اور ابتدائی نشاندہی کرتی ہیں، نفسیاتی و سماجی مدد اور فالو اپ دیکھ بھال فراہم کرتی ہیں، اور جہاں کہیں بھی ضروری ہو، اعلیٰ طبی مراکز کے لیے ریفرل کی سہولت مہیا کرتی ہیں۔
یہ تمام اقدامات مل کر ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے ایک ایسے مربوط سلسلے کو مضبوط بنا رہے ہیں جو عوامی بیداری، بنیادی ہیلتھ کیئر، ضلعی سطح کی خدمات اور ڈیجیٹل کونسلنگ پلیٹ فارمز کو آپس میں جوڑتا ہے۔
مزید مبنی برشمولیت اور معاون ذہنی حفظانِ صحت ماحولیاتی نظام کی جانب
ذہنی صحت کے عالمی دن 2026 کے موقع پر، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ ذہنی صحت کی دیکھ بھال ہر ایک کی پہنچ میں ہونی چاہیے اور مدد حاصل کرنا کبھی بھی ہچکچاہٹ یا سماجی داغ (شرمندگی) کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
کمیونٹی پر مبنی اور بنیادی ذہنی صحت کی خدمات کی توسیع کے ساتھ ساتھ، ٹیلی مانس کی بڑھتی ہوئی رسائی ایک ایسے فعال نظامِ صحت کی تعمیر کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے جو افراد کی ضروریات، وقار اور فلاح و بہبود کو اپنے مرکز میں رکھتا ہے۔
ٹیلی مانس کے ذریعے، وزارتِ صحت ایک سادہ لیکن اہم پیغام کو تقویت دے رہی ہے: ذہنی صحت کی معاونت کا دور، مشکل یا ناقابلِ رسائی ہونا ضروری نہیں ہے۔ مدد دستیاب ہے، اور رجوع کرنے کی شروعات ایک فون کال سے کی جا سکتی ہے۔
وزارتِ صحت ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کے ساتھ ساتھ رہنمائی کے خواہشمند خاندانوں اور تیمارداروں کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ پورے ملک میں چوبیس گھنٹے دستیاب ٹول فری نمبر 14416 پر ٹیلی مانس کے ذریعے فراہم کی جانے والی مفت اور صیغہ راز میں رہنے والی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ہر گفتگو اہمیت رکھتی ہے۔ ہر آواز سنے جانے کی حقدار ہے۔ اور ذہنی صحت کی معاونت تک سب کی رسائی ہونی چاہیے۔
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:4936
(ریلیز آئی ڈی: 2321607)
وزیٹر کاؤنٹر : 4