شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) کے تخمینوں کی تیاری کے لیے بنیادی سال 2022-23 پر مبنی مسودۂ رہنما اصول جاری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 OCT 2026 4:48PM by PIB Delhi

ہندوستان کی حکومت کی شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) کے تحت قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) نے بنیادی سال 2022-23 کے ساتھ اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) کے تخمینے تیار کرنے کے لیے رہنما اصولوں کا مسودہ تیار کیا ہے۔ یہ رہنما اصول جاری کیے جا رہے ہیں اور وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں (لنک ذیل میں منسلک ہے)۔

رہنما اصولوں کا یہ مسودہ، اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار کے تخمینے تیار کرنے کے لیے ایک یکساں اور جامع لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔ اس کا مقصد نظرثانی شدہ بنیادی سال کے نظام کے تحت تخمینوں میں یکسانیت، تقابل کی صلاحیت اور طریقۂ کار میں معیاری ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔

رہنما اصولوں کے مسودے میں اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار کے تخمینے تیار کرنے کے تصورات، دائرۂ کار، اعداد و شمار کے ذرائع، تخمینے لگانے کے طریقۂ کار اور طریقہ ہائے کار کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس میں اخراجات کے اہم اجزا شامل ہیں، جن میں نجی حتمی صرفی اخراجات (پی ایف سی ای)، سرکاری حتمی صرفی اخراجات (جی ایف سی ای)، مجموعی مستقل سرمایہ تشکیل (جی ایف سی ایف)، ذخیرے میں تبدیلیاں، قیمتی اشیا اور خالص برآمدات شامل ہیں۔ فی الحال، بعض ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے مجموعی مستقل سرمایہ تشکیل اور سرکاری حتمی صرفی اخراجات کے تخمینے تیار کر رہے ہیں، تاہم کوئی بھی ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقہ نجی حتمی صرفی اخراجات کے تخمینے تیار نہیں کر رہا ہے۔ لہٰذا، اس دستاویز میں ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقائی سطح پر ان اخراجاتی اجزا کے تخمینے تیار کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل اور طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی پیش کی گئی ہے۔

رہنما اصولوں میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اخراجات کے مختلف اجزا کے تخمینے لگانے کے لیے، جہاں تک ممکن ہو، ریاست کے مخصوص اعداد و شمار کے ذرائع اور مناسب تقسیم کے اشاریوں کا استعمال کیا جائے۔ جہاں ریاستی سطح پر براہِ راست اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں، وہاں ریاست وار تخمینے یکساں اور قابلِ تقابل انداز میں تیار کرنے کے لیے مناسب تقسیم کے طریقۂ کار اور متعلقہ اشاریوں کی سفارش کی گئی ہے۔

اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) کے تخمینے تیار کرنا، پیداوار اور آمدنی کی بنیاد پر جی ایس ڈی پی کے تخمینے لگانے کے طریقے کا ایک اہم تکمیلی متبادل ہے۔ اس سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں کا جامع جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ ان تخمینوں سے ریاستی سطح پر قومی حسابات کے نظام کو مضبوط بنانے اور ریاستی تخمینوں کو قومی سطح پر اختیار کیے جانے والے طریقۂ کار سے مزید ہم آہنگ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

رہنما اصولوں کا مسودہ جاری کرنا، تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تخمینے لگانے کے طریقوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور اخراجاتی طریقۂ کار کے تحت مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار کے تخمینے تیار کرنے کے لیے ریاستی اقتصادیات و شماریات کے ڈائریکٹوریٹ (ڈی ای ایس) کی شماریاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

رہنما اصولوں کا مسودہ وسیع پیمانے پر تشہیر اور متعلقہ فریقوں سے 28 اکتوبر 2026 تک آرا و تجاویز حاصل کرنے کے لیے شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے: https://www.mospi.gov.in/product/more/6-Documents

****

 

ش ح ۔ ش ت۔ ر ب

U. No.4918


(ریلیز آئی ڈی: 2321482) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati