صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزارتِ صحت نے خوردہ فروشوں اور تھوک فروشوں کی جانب سے نسخے پر ملنے والی ادویات کے اشتہارات پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کی
ترمیم کے مسودے کے تحت شیڈول ایچ، ایچ ون اور ایکس میں شامل ادویات کے اشتہارات پر موجودہ پابندیوں کا دائرہ ادویات کے خوردہ فروشوں، تھوک فروشوں اور تقسیم کاروں تک بڑھانے کی تجویز
اس اقدام کا مقصد نسخے پر ملنے والی ادویات کی غیر مجاز تشہیر پر روک لگانا اور صحتِ عامہ کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 11:10AM by PIB Delhi
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے نسخے پر ملنے والی ادویات کے اشتہارات کے ضابطے کو مزید سخت بنانے کے لیے ادویات کے ضوابط، 1945 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ مجوزہ ترمیم کے تحت شیڈول ایچ، شیڈول ایچ ون اور شیڈول ایکس میں درج ادویات کے اشتہارات کے لیے مرکزی حکومت کی پیشگی منظوری کی موجودہ شرط کا دائرہ ان اداروں تک توسیع دینے کی تجویز ہے جن کے پاس ادویات کی فروخت اور تقسیم کے لائسنس ہیں۔
ترمیم کے مسودے سےمتعلق گزٹ نوٹیفکیشن نمبر جی ایس آر 861 (ای) مورخہ 28 ستمبر 2026 کو ادویات سے متعلق تکنیکی مشاورتی بورڈ (ڈی ٹی اے بی) سے مشاورت کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
موجودہ ضابطہ جاتی نظام کے تحت ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کو شیڈول ایچ، شیڈول ایچ ون اور شیڈول ایکس میں شامل ادویات کے اشتہارات مرکزی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر دینے کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم، ان ادویات کی خوردہ اور تھوک فروخت اور تقسیم سے وابستہ اداروں پر متعلقہ پابندیاں واضح طور پر عائد نہیں ہوتی ہیں۔
اس ضابطہ جاتی خلاء کو دور کرنے کے لیے وزارت نے ادویات کے ضوابط، 1945 کے ضابطہ 65 میں ذیلی ضابطہ (22) شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ مجوزہ ترمیم کےتحت ادویات کو فروخت کرنے، ذخیرہ کرنے، نمائش کے لیے رکھنے، فروخت کے لیے پیش کرنے یا تقسیم کرنے کے لائسنس ہولڈرز پر بھی اشتہارات سے متعلق پابندی عائد ہوگی۔ اس میں ادویات کے خوردہ اور تھوک فروخت کے لائسنس یافتہ ادارےبھی شامل ہوں گے۔
مجوزہ ضابطے کے تحت شیڈول ایچ، شیڈول ایچ ون یا شیڈول ایکس میں درج ادویات کا کوئی بھی اشتہار مرکزی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر نہیں دیا جا سکے گا۔
اس مجوزہ ترمیم کا مقصد ادویات کی فراہمی کے پورے سلسلے (سپلائی چین)میں ضابطہ جاتی نگرانی کو مضبوط بنانا، نسخے پر ملنے والی ادویات کی غیر مجاز تشہیر کی حوصلہ شکنی کرنا اور طبی مشورے کے بغیر نامناسب طریقے سے ادویات کے استعمال سے وابستہ خطرات کو کم کرنا ہے۔
توقع ہے کہ اس پہل سے ایسی ادویات کے استعمال سے متعلق حفاظتی اقدامات مزید مضبوط ہوں گے جن کے لیے مناسب طبی نگرانی ضروری ہے۔ ان میں بعض اینٹی بایوٹک ادویات، نفسیاتی امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات اور دیگر ایسی دوائیں شامل ہیں جو صرف طبی نسخے پر فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ تجویز ادویات سے متعلق تکنیکی مشاورتی بورڈ کے 93ویں اجلاس کی سفارشات کے بعد پیش کی گئی ہے۔ یہ اجلاس 16 فروری2026 کو منعقد ہوا تھا، جس میں ادویات کی فروخت اور تقسیم کے لائسنس یافتگان کی جانب سے اشتہارات کے ضابطے کے لیے مناسب دفعات وضع کرنے کی ضرورت پر غور کیا گیا تھا۔
وزارت نے متعلقہ شراکت داروں اور لوگوں سے مجوزہ ضوابط پر اعتراضات اور تجاویز طلب کی ہیں۔ یہ اعتراضات اور تجاویز اس تاریخ سے 30 دن کے اندر پیش کی جا سکتی ہیں جس دن مجوزہ ضوابط پر مشتمل گزٹ کی کاپی لوگوں کے لیے دستیاب کرائی جائیں گی۔ مقررہ مدت کے اندر موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات پر ترمیم کو حتمی شکل دینے سے پہلے مرکزی حکومت غور کرے گی۔
سرکاری گزٹ کا لنک: https://egazette.gov.in/WriteReadData/2026/276941.pdf
***
ش ح۔ م ش۔ش ت
4892U-No.
(ریلیز آئی ڈی: 2321196)
وزیٹر کاؤنٹر : 9