مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مواصلات کے مرکزی وزیر جناب جیوتی رادتیہ ایم سندھیا نے تیسری بین الاقوامی بھارت 6جی سمپوزیم 2026 کا افتتاح کیا


بھارت 6جی اتحاد نے 5  مفاہمت ناموں پر دستخط کیے اور 6جی ٹیکنالوجی پر 9 وائٹ پیپر جاری کیے

نئی دہلی 6جی اعلامیے پر پیش رفت سے متعلق مشترکہ رپورٹ بھی جاری کی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 OCT 2026 9:32PM by PIB Delhi

بھارت 6جی اتحاد (بی 6 جی اے) کے زیرِ اہتمام تیسری بین الاقوامی بھارت 6جی سمپوزیم 2026 کا آج نئی دہلی کے دوارکا میں واقع یشوبھومی میں افتتاح کیا گیا۔ اس کا افتتاح حکومتِ ہند کے مواصلات اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوتی رادتیہ ایم سندھیا نے کیا۔

 اس  سمپوزیم میں  دنیا بھر کے پالیسی سازوں، عالمی ٹیکنالوجی اتحادوں، ٹیلی مواصلات کے آپریٹروں، صنعت کے سرکردہ رہنماؤں، تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع  کیا گیا تاکہ اگلے سلسلے  کی مواصلاتی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور ہندوستان کے 6جی سے متعلق عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

اس سمپوزیم کا افتتاح ہندوستان میں عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والا، مقامی طور پر تیار کردہ اور قابلِ اعتماد 6جی نظام قائم کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس موقع پر بھارت 6جی اتحاد کی جانب سے پانچ نئی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا اور ورکنگ گروپوں کے نو وائٹ پیپر جاری کیے گئے۔

عالمی اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پانچ نئی مفاہمت ناموں  پر دستخط

افتتاحی تقریب کے دوران بھارت 6جی اتحاد نے درج ذیل اداروں کے ساتھ مفاہمت ناموں  کا تبادلہ کیا:

  1. جی ایس ایم اے
  2. ون 6جی ایسوسی ایشن
  3. جی ٹی آئی الائنس لمیٹڈ
  4. 6جی انڈسٹری فورم )6جی آئی ایف(
  5. وائس

یہ اشتراک بھارت 6جی اتحاد کے عالمی سطح پر سرکردہ اداروں اور صنعتی شعبے کے اہم فریقوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں اور اگلے سلسلے کے مواصلاتی نیٹ ورکس کے لیے تحقیق، اختراع، معیارات کے تعین، ٹیکنالوجی کی ترقی اور اس کے نفاذ کے سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مستحکم کرتے ہیں۔

ان  نئی شراکت داریوں  کے ساتھ بھارت 6جی اتحاد اپنی موجودہ بین الاقوامی اور ملکی شراکت داریوں کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ اتحاد کے پاس پہلے ہی 10 بین الاقوامی اور 2 ملکی  مفاہمت ناموں (ایم او یو) اور مفاہمت ناموں (ایم او آئی) پر مبنی اشتراک موجود ہیں، جس سے اس کے شراکت داری کے وسیع تر نیٹ ورک میں شامل ہونے والوں  کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261008213356_26255d.jpg

نو نئے وائٹ پیپر جاری کیے گئے

بھارت 6جی اتحاد نے ورکنگ گروپوں کے نو وائٹ پیپر بھی جاری کیے، جو صنعت، تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ اداروں کی مشترکہ تکنیکی کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

  1. ہندوستان میں تحقیق و ترقی، پلیٹ فارموں اور آزمائشوں کے لیے 6جی ٹیکنالوجی کے منظرنامے کا جائزہ اور لائحۂ عمل
  2. 6جی کے لیے مربوط سینسنگ اور مواصلات: ٹیکنالوجیز، ڈھانچے، اطلاقات اور مستقبل کی سمتیں
  3. مقررہ وائرلیس رسائی: 5جی سے 6جی تک ہندوستان کے براڈ بینڈ نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی
  4. 6جی میں مواصلاتی  ٹیکنالوجیز کا کردار
  5. 2030 اور اس کے بعد کے لیے بین الاقوامی موبائل ٹیلی مواصلاتی نظام (آئی ایم ٹی) کے اسپیکٹرم کی تیاری کا جائزہ
  6. پائیدار 6جی: کاربن کے خالص اخراج کو صفر تک پہنچانے والے مستقبل کے لیے نیٹ ورکس کی تشکیل
  7. سیلولر اور وائی فائی میں ہم آہنگی: سب کو رابطے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عالمی راستے
  8. مخصوص غیر عوامی نیٹ ورک (سی این پی این)
  9. 6جی  سے متعلق سیکورٹی

یہ مطبوعہ مواد ہندوستان میں 6جی کی ترقی کے اہم تکنیکی اور پالیسی سے متعلق پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ان میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور تجربہ، اسپیکٹرم کی تیاری، سینسنگ اور مواصلات، براڈ بینڈ رابطے، مواصلاتی  ٹیکنالوجیز، پائیداری، کاروباری اداروں کے نیٹ ورکس، وائی فائی اور سیلولر نیٹ ورکس کے انضمام اور تحفظ جیسے امور شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261008213412_df181d.jpg

نئی دہلی اعلامیے پر ایک سالہ پیش رفت

افتتاحی تقریب کی ایک اہم خصوصیت مشترکہ رپورٹ کا اجرا تھا، جس کا عنوان ہے: ’’نئی دہلی اعلامیے کے 6جی اصولوں کی جانب پیش رفت: اقدامات، نتائج اور مستقبل کے امکانات — پہلا ایڈیشن، اکتوبر 2026‘‘۔

اس رپورٹ کے اجرا کے ساتھ بین الاقوامی بھارت 6جی سمپوزیم 2025 میں نئی دہلی اعلامیے کی توثیق کے ایک سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس میں اعلامیے میں بیان کردہ اصولوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں  مفاہمت ناموں  پر دستخط کرنے والے شریک اداروں کی جانب سے پیش رفت، اقدامات اور نتائج کو یکجا کیا گیا ہے۔

نئی دہلی اعلامیہ 6جی کو ایک محفوظ، مضبوط، کھلے، باہم مطابقت رکھنے والے، جامع اور پائیدار تکنیکی نظام کے طور پر آگے بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔ اس میں تحقیق، اختراع اور معیارات کے تعین کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

پیش رفت سے متعلق یہ رپورٹ  شامل  اداروں کی مشترکہ کوششوں کا جائزہ لینے اور ان اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسلسل تعاون کے مستقبل کے امکانات کی نشاندہی کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

عالمی 6جی نظام میں ہندوستان کا بڑھتا ہوا کردار

سمپوزیم میں اعلان کردہ اقدامات اس پلیٹ فارم کے طور پر بھارت 6جی اتحاد کے کردار کی توثیق کرتے ہیں، جو 6جی کے تکنیکی پہلوؤں، معیارات اور نظام کی تشکیل کے لیے ہندوستانی اور بین الاقوامی فریقوں کو ایک  پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔

یہ اتحاد صنعت، تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور سرکاری فریقوں کے درمیان تعاون کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، یہ عالمی سطح پر معیارات کے تعین، ٹیکنالوجی کی ترقی، آزمائشوں، فکری ملکیت کی تخلیق اور بین الاقوامی شراکت داریوں میں ہندوستان کی شرکت کو بھی تقویت فراہم کر رہا ہے۔

وائٹ پیپرز کا اجرا، مفاہمت ناموں کے دائرۂ کار میں توسیع اور نئی دہلی اعلامیے پر ایک سالہ پیش رفت کی رپورٹ، یہ تمام اقدامات عالمی 6جی نظام کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اشتراک اور وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں۔

تیسرا بین الاقوامی بھارت 6جی سمپوزیم 2026، جو 7 سے 9 اکتوبر 2026 تک نئی دہلی کے دوارکا میں واقع یشوبھومی میں منعقد ہو رہا ہے، میں 6جی کا عالمی تصور، معیارات اور ٹیکنالوجی میں قیادت،ٹرائل  اور تجرباتی مراکز، مصنوعی ذہانت پر مبنی اور پائیدار نیٹ ورکس، اسپیکٹرم، صنعتی اطلاقات اور بین الاقوامی تعاون جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

بھارت 6جی اتحاد اپنے اراکین اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک محفوظ، جامع، پائیدار اور عالمی سطح پر باہم مطابقت رکھنے والا 6جی نظام تشکیل دینے کے لیے کام جاری رکھے گا، جس سے اگلے سلسلے کی ٹیلی مواصلاتی ٹیکنالوجیز کی عالمی ترقی میں ہندوستان کی شراکت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔

مزید تفصیلات کے لیے درج ذیل   ہینڈل  سے رجوع کریں:

 

Follow DoT Handles for more: -

X - https://x.com/DoT_India

Insta- https://www.instagram.com/department_of_telecom?igsh=MXUxbHFjd3llZTU0YQ==

Fb - https://www.facebook.com/DoTIndia

Youtube: https://youtube.com/@departmentoftelecom?si=DALnhYkt89U5jAaa

 

****

ش ح۔ع و   ۔ ش ا

U.No. 4886


(ریلیز آئی ڈی: 2321171) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Malayalam