وزارت دفاع
سی ڈی ایس کی جانب سے انڈین ایئر فورس ڈے پر مبارکباد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 8:48PM by PIB Delhi
انڈین ایئر فورس کے 94 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور سیکریٹری، محکمہ دفاعی امور، جنرل این ایس راجا سبرامنی نے آئی اے ایف کے تمام اہلکاروں، سابق فوجیوں، سویلین ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی۔ بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور بے لوث خدمت کی شاندار روایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، انہوں نے آئی اے ایف کی مسلسل آپریشنل عمدگی اور ٹیکنالوجی پر مبنی، سخت مقابلے والے جنگی ماحول میں فیصلہ کن انداز میں فضائی طاقت کے استعمال کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے ایئر فورس ڈے کا موضوع ’انڈین ایئر فورس: ناقابل شکست، ناقابلِ تسخیر اور درست ہدف ‘ آئی اے ایف کی حقیقی روح اور اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
سی ڈی ایس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تنازعات کے آسمانوں سے لے کر انسانی امداد کی فراہمی تک، آئی اے ایف نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ فضائی طاقت کا مطلب صرف فضائی لڑائی نہیں ہے، بلکہ یہ قومی طاقت، قومی استقامت اور قومی خدمت کا مظہر ہے۔ مختلف آپریشنز میں آئی اے ایف کی کارکردگی بھارت کی اسٹریٹجک مہارت اور ملک کی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے ملک کے اندر اور بیرونِ ملک، انسانی امداد اور آفات میں امدادکے آپریشنز کے دورانفرسٹ ریسپانڈر (سب سے پہلے پہنچنے والے) کے طور پر آئی اے ایف کے قابلِ اعتماد کردار کو بھی سراہا، جس نے سب کا اعتماد اور شکریہ حاصل کیا ہے۔
مشترکہ عسکری تعاون، خود انحصاری اور جدت طرازی یعنیمشترکہ ،آتم نربھر اورجدت کی جانب آئی اے ایف کی مسلسل پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے، انہوں نے مقامی سطح پر تیار کردہ پلیٹ فارمز، جدید ہتھیاروں کے نظام اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی شمولیت کے ساتھ ساتھ آپریشنل تصورات اور اصولوں (ڈاکٹرائنز) میں مسلسل ارتقاء کی تعریف کی۔ انہوں نے دو طرفہ اور کثیر القومی مشقوں میں آئی اے ایف کی شرکت کو بھی سراہا، بشمول جاری مشق ترنگ شکتی جس نے باہمی اشتراک کی صلاحیت آپریشنل تیاری اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے میں مدد کی ہے۔
تمام ایئر واریئرز کے نام اپنے پیغام میں، سی ڈی ایس نے انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے عزم پر ثابت قدم رہیں، مشکلات کے باوجود غیر متزلزل رہیں اور ہر مشن میں بامقصد انداز میں سرگرم عمل رہیں۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 4879
(ریلیز آئی ڈی: 2321116)
وزیٹر کاؤنٹر : 3