وزارت دفاع
بھارتی ساحلی محافظ نے اڈیشہ کے پارادیپ ساحل کے قریب تلاش و بچاؤ سے متعلق 12ویں قومی سمندری مشق (ساریکس-2026) کا انعقادکیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 4:16PM by PIB Delhi
بھارتی ساحلی محافظ نے 8 اکتوبر 2026 کو اوڈیشہ کے پارادیپ کے ساحل کے قریب قومی سمندری تلاش و بچاؤ بورڈ (این ایم ایس اے آر بی) کی سرپرستی میں 12ویں قومی سمندری تلاش و بچاؤ مشق (ساریکس-2026) کا انعقاد کیا۔ ’’تلاش و بچاؤ کی تیاری اور بحری تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا‘‘ کے موضوع کے تحت منعقدہ اس مشق میں بحری اور ہوابازی سے متعلق مختلف اداروں نے شرکت کی اور سمندر میں بڑے پیمانے پر بچاؤ کارروائیوں کے لیے آپریشنل تیاری، باہمی تعاون اور مربوط ردعمل کا مظاہرہ کیا۔
اس مشق کا جائزہ کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل پرمیش شیوامنی نے لیا۔ اس میں کوسٹ گارڈ، بحریہ، فضائیہ، شپنگ کارپوریشن آف انڈیا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ، ماہی پروری، کسٹمز، میرین پولیس، پارادیپ پورٹ اتھارٹی اور اڈیشہ کی ریاستی انتظامیہ نے شرکت کی۔ 30 ممالک کے 32 مبصرین نے بھی اس مشق میں حصہ لیا، جو بحری تلاش و بچاؤ کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کی شرکت سے بہترین طریقۂ کار کے تبادلے، عالمی سطح پر باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور خطے میں ایک قابل اعتماد بحری تلاش و بچاؤ شراکت دار کے طور پر ہندوستان کے کردار کی توثیق میں مدد ملی۔
تعینات کیے گئے وسائل میں ساحلی محافظ( کوسٹ گارڈ )کے 15 جہاز، تین ڈورنیئر طیارے، تین ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر، ایک چیتک ہیلی کاپٹر، بھارتی فضائیہ کے سی-130 جے اور ایم آئی-17 طیارے، بھارتی بحریہ کے دو جہاز، نیز شہری اور ریاستی وسائل اور ساحل پر موجود معاونتی یونٹس شامل تھے۔ سمندری مشق میں بیک وقت ہوابازی اور بحری ہنگامی صورتحال کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش و بچاؤ کی کارروائی کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔مشق کے منظرنامے کے تحت 228 افراد کو لے جانے والا ایک مسافر طیارہ پارادیپ بندرگاہ کے قریب سمندر میں گر گیا، جبکہ اس کے ڈھانچے سے مال بردار جہاز ایم وی زومبا ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو ساختی نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔ اس مشق میں واقعے کے کمانڈ مرکز کو فعال کرنا، آگ بجھانے کی کارروائیاں، ہیلی کاپٹروں کے ذریعے انخلا، لائف رافٹس اور ہوا کے ذریعے گرائے جانے والے لائف رافٹس کی تعیناتی، جیسن کریڈل اور جیمنی کے ذریعے بچاؤ، ریسکیو باسکٹ کے ذریعے بچاؤ کی کارروائیاں اور اسکریمبل نیٹ کے طریقۂ کار شامل تھے۔ مشق کے دوران دور سے چلنے والی گاڑی (آر او وی) کی صلاحیت کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
ساریکس-2026 نے ساگر کے وژن اور مہاساگر کے جذبے کے مطابق، ہندوستان اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے اس اجتماعی عزم کو مزید مضبوط کیا کہ تیز رفتار، ٹیکنالوجی سے لیس اور باہمی تال میل پر مبنی تلاش اور بچاؤ کا ایک مربوط نظام قائم کیا جائے۔ اس مشق نے اس اصول کو مزید تقویت دی کہ ہنگامی مدد کے ہر پیغام پر مربوط انداز میں کارروائی کی جائے اور سمندر میں انسانی جانیں بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
*************
( ش ح ۔ ش آ ۔ن ع )
U.No. 4844
(ریلیز آئی ڈی: 2320851)
وزیٹر کاؤنٹر : 6